دھرمیندر پردھان کے استعفے کے بعد ابھیجیت دپکے کی ماں نے خوشی کا اظہار کیا، کہا ’’ میرا بیٹا ڈھائی ماہ سے ٹھیک سے سو نہیں سکا ہے۔‘‘
ابھیجیت دپکے کی والدہ اور والد ان کیلئے فکر مند تھے- تصویر:آئی این این
جنتر منتر پر گزشتہ ۳۶؍ روز سے جاری ‘کاکروچ جنتا پارٹی’ کے احتجاج کو بالآخر کامیابی حاصل ہوئی ۔ مرکزی وزیر ِ تعلیم دھرمیندر پردھان نےاپنے عہدے سے استعفیٰ دیدیا جس کے بعد مظاہرین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ کاکروچ جنتا پارٹی کے بانی ابھیجیت د پکے کے اہلِ خانہ نے بھی اس موقع پر اپنے جذبات کا اظہار کیا۔
خاص طور پر ابھیجیت دپکے کی والدہ انیتا دپکے نے میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے اپنے بیٹے کی جدوجہد کی ستائش کی اور اس کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ کئی دنوں سے جاری اس مسلسل جدوجہد کو بالآخر کامیابی نصیب ہوئی ہے۔میرے بیٹے کی محنت رنگ لے آئی۔گزشتہ ڈھائی ماہ سے پورا خاندان شدید ذہنی دباؤ کا شکار تھا۔‘‘ انہوں نے کہا’’ ابھیجیت راتوں کو سکون سے سو بھی نہیں پاتا تھا، گھر کے دیگر افراد بھی مسلسل فکرمند رہتے تھے۔ دن رات احتجاج اور دیگر جدوجہد نے پورے خاندان کو ذہنی تناؤ میں مبتلا رکھا، تاہم آج اپنے بیٹے کی محنت کا صلہ ملنے پر بے حد خوشی محسوس ہو رہی ہے۔
انہوں نے اپنے بیٹے کے مؤقف اور اس کی جدوجہد پر فخر کا اظہار بھی کیا۔ انیتا دپکےنے کہا کہ’’ میرے بیٹے کے عزم، جدوجہد اور انتھک محنت کی بدولت آج کا دن میرے لئے باعثِ اطمینان ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ڈھائی ماہ سے جاری پریشانی، فکر اور مسلسل جدوجہد آج خوشی اور اطمینان میں تبدیل ہو گئی ہے۔
یاد رہے کہ ابھیجیت دپکے کا تعلق مہاراشٹر کے اورنگ آباد ضلع سے ہے ۔ وہ خود امریکہ کی بوسٹن یونیورسٹی میں پڑھتے ہیں لیکن ان کے والدین اورنگ آباد ہی میں رہتے ہیں۔ اس سے قبل طلبہ پر ہوئے لاٹھی چارج کے پس منظرمیں بیان دیتے ہوئے ان کے والد نے کہا تھا ’’ اوپر والا نریندر مودی کو عقل دے اور وہ طلبہ کی بات سننے پر آمادہ ہوں۔‘‘ بالآخر مودی حکومت نے طلبہ کی بات مان لی ہے اور مرکزی وزیر تعلیم کو اپنے عہدے سے استعفیٰ دینا پڑا ہے۔