• Mon, 26 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’میں آخر تک کھیلنا چاہتا تھا‘‘

Updated: October 26, 2026, 1:43 PM IST | Agency | Christchurch

ٹیم انڈیا کے بلے باز تلک ورما نےنیوزی لینڈ کیخلاف شاندار فتح دلانے میں اہم رول ادا کیا۔

Tilak Varma. Picture: INN
تلک ورما۔ تصویر: آئی این این

نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹی ۔۲۰؍ میں ۱۸۱؍ رنوں کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے ہندوستانی ٹیم ایک وقت ۷۰؍رن پر ۵؍وکٹ گنوا کر بحران میں تھی۔ ایسی مشکل صورت حال میں تلک ورما نے شاندار نصف سنچری بنائی اور نمن دھیر اور نتیش کمار ریڈی کیساتھ مل کر ہندوستان کو میچ میں برقرار رکھا۔ تلک اور ریڈی نے ساتویں وکٹ کیلئے محض ۳۱؍گیندوں پر۶۹؍رنوں کی ناقابل شکست شراکت داری کرکے ہندوستان کو۴؍وکٹوں سے جیت دلائی۔ یہ مردوں کے ٹی ۲۰؍ میں ہندوستان کی جانب سے ساتویں یا اس سے نچلی وکٹ کیلئے سب سے بڑی شراکت داری ہے۔ اس کے ساتھ ہی ہندوستان نے پانچویں وکٹ گرنے کے بعد ۱۱۱؍ رن بنائے، جو ٹی ۲۰؍ میں اس صورت حال سے اس کا سب سے بڑا کامیاب رنوں کا تعاقب ہے۔

میچ کے ہیرو رہے تلک ورما نے ۲۶؍ گیندوں پر ناٹ آؤٹ۵۱؍ رن بنائے۔ میچ کا بہترین کھلاڑی منتخب ہونے کے بعد تلک نے کہا کہ ’’جب میں بلے بازی کیلئے اترا تو میری توجہ صرف آخری گیند تک ٹکے رہنے پر تھی۔ آج کے میچ سے پہلے میری گوتم  سر اور (سدھانشو) کوٹک سر سے بات ہوئی تھی۔ انہوں نے کہا تھا کہ پورے ملک کو تم پر بھروسہ ہے اور اگر تم آخر تک کریز پر جمے رہے تو ہم یہ میچ جیت سکتے ہیں۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: یُوکی بھامبری اور ریان سیگرمین نے ڈبلز خطاب جیت لیا

پچ پہلے میچ جیسی نہیں تھی جہاں ہندوستان نے ۲۲۵؍ رنوں کا ہدف۲؍ گیندیں باقی رہتے حاصل کر لیا تھا۔ اس پچ پر گیند رک کر آ رہی تھی اور مچل سینٹنر کی قیادت میں نیوزی لینڈ کے اسپن گیند بازوں نے ہندوستانی درمیانی بلے بازی کو جکڑ لیا تھا۔ سینٹنر نے ۲۱؍ رن دے کر۴؍ وکٹ حاصل کئے۔ 

تلک نے اسپن گیند بازوں کے خلاف اپنی حکمت عملی اور ریڈی کے ساتھ تال میل کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہاکہ’’میں نمن سے بھی کہہ رہا تھا کہ ہمیں آخر تک ٹکے رہنا ہوگا۔ وکٹ سست تھی۔ منصوبہ یہ تھا کہ اسپن گیند بازوں کے خلاف سنبھل کر کھیلیں اور ۲۔۲؍ رن حاصل کریں۔ ہم نے اسپن کیخلاف ۴؍سے ۵؍ مرتبہ بار ۲؍ رن لئے، جو بے حد اہم ثابت ہوئے۔ بدقسمتی سے مچل کے آخری اوور میں نمن آؤٹ ہو گئے ورنہ ہم یہ میچ ۱۸؍ویں اوور میں ہی جیت جاتے۔ اس کے بعد ہم ۲؍حیدرآبادی لڑکے (میں اور ریڈی) ساتھ آئے اور مجھے خوشی ہے کہ ہم میچ ختم کرکے واپس لوٹے۔ ہم نے کافی اچھے انداز میں میچ ختم کیا۔‘‘ آخری ۵؍ اوور ہندوستان کیلئے فیصلہ کن ثابت ہوئے۔ ٹیم نے ۱۶؍ویں اوور سے لے کر ۵ء۱۹؍ اوور تک بغیر کوئی وکٹ گنوائے ۶۸؍رن بنائے۔ تلک نے اس دوران جارحانہ بلے بازی کی اور ریڈی نے دوسرے سرے سے ان کا بھرپور ساتھ دیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK