میڈیا میں جاری تبصروں کے بعد سنیل تٹکرے کی پریس کانفرنس، جینت پاٹل سے ملاقات اور سونیترا پوار سے اختلاف کی تردید کی۔
EPAPER
Updated: July 17, 2026, 9:16 AM IST | Mumbai
میڈیا میں جاری تبصروں کے بعد سنیل تٹکرے کی پریس کانفرنس، جینت پاٹل سے ملاقات اور سونیترا پوار سے اختلاف کی تردید کی۔
جہاں ایک طرف سیاسی حلقوں میں این سی پی (شرد) کے این ڈی اے میں شامل ہونے کی قیاس آرائیاں جاری ہیں وہیں میڈیا میں این سی پی (اجیت) میں داخلی انتشار کے تعلق سے بھی خبریں آ رہی ہیں۔ گزشتہ دنوں وزیر اعلیٰ فرنویس کے سرکاری بنگلے پر جینت پاٹل کی وزیر اعلیٰ کی موجودگی میں سنیل تٹکرے اور پرفل پٹیل سےجو ملاقات ہوئی اس نے سیاسی حلقوں میں اور بھی کھلبلی مچادی ۔ اب کہا جا رہا ہے کہ اس ملاقات کے تعلق سے این سی پی ( اجیت) کی سربراہ سونیترا پوار کو کوئی عمل نہیں تھا۔ اس پر سوال پوچھا جا رہا ہے کہ کیا واقعی این سی پی ( اجیت ) میں کوئی انتشار ہے ؟ کیا سونیترا پوار کو کنارے کیا جا رہا ہے؟ میڈیا میں ان خبروں کے آتے ہی پارٹی کے ریاستی صدرسنیل تٹکرے نے ممبئی میں ایک پریس کانفرنس منعقد کرکے ان خبروںکو بے بنیاد بتایا۔ انہوں نے جینت پاٹل سے کسی ملاقات کی بھی تردید کی۔
تٹکرے نے کہا جینت پاٹل خود وزیراعلیٰ دیویندر فرنویس سے اپنی ملاقات کا مقصد واضح کر چکے ہیں۔ وہ ایک تجربہ کار لیڈر ہیں اور اپنی پارٹی کے ریاستی صدر بھی رہ چکے ہیں۔ میں پہلے ہی بتا چکا ہوں کہ میری وزیراعلیٰ سے ملاقات کیوں ہوئی تھی۔ پرفل پٹیل بھی وہاں آئے تھے کیونکہ انہیں رات گئے بیرونِ ملک روانہ ہونا تھا اور انہوں نے اپنے بعض معاملات وزیراعلیٰ کے سامنے رکھے۔ یہ محض اتفاق تھا۔‘‘ انہوں نے کہا کہ رکن پارلیمان ہونے کی حیثیت سے وزیراعلیٰ سے ہونے والی ہر ملاقات کو سیاسی نظر سے نہیں دیکھا جانا چاہئے۔ میرے حلقۂ انتخاب کی ترقی سے متعلق کئی منصوبے ہیں جنہیں ریاستی حکومت کی سطح پر آگے بڑھانا ضروری ہے، اسلئے ہر ملاقات کو سیاسی رنگ دینا درست نہیں۔ یہ پوچھنے پر کہ کیا جینت پاٹل کو این ڈی اے میں شامل ہونے کی صورت میں وزارت مالیات دینے کی پیش کش کی گئی ہے؟تٹکرے نے کہا کہ’’ جب وزارت مالیات کے تعلق سے کوئی بات ہی نہیں ہوئی تویہ سوال کہاں سے پیدا ہو گیا؟ ہماری جینت پاٹل سے کوئی ملاقات ہوئی ہی نہیں۔ ‘‘
فرنویس سے ہوئی ملاقات کو سونیترا پوار سے پوشیدہ رکھے جانے کے معاملے پر تٹکرے نے کہا’’ اگر سیاسی یا تنظیمی امور پر گفتگو کرنی ہو تو پہلے قومی صدر سے مشاورت کی جاتی ہے، لیکن حلقے کی ترقی کے کاموں کیلئے الگ سے اجازت لینے کی ضرورت نہیں ہوتی۔ میں طویل عرصے سے سیاست میں ہوں اور سیاسی آداب سے بخوبی واقف ہوں۔‘‘ انہوں نے کہا ’’پارٹی کے اندر اختلافات کی جو خبریں ہیں وہ بے بنیاد ہیں۔ بطور پارٹی صدراجیت پوار سے ہمارا جو تعلق تھا وہی تعلق اب سونیترا پوار سے ہے۔ہم ان سے رابطہ کرتے ہیں اور پاٹی امور سے متعلق ہر بات کی اطلاع دیتے ہیں۔ اسلئے ہمارے درمیان کسی غلط فہمی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔‘‘ دونوں این سی پی کے ایک ہونے کے تعلق سے انہوں نے کہا’’ اجیت دادا کی حیات میں دونوں پارٹیوں کے انضمام پر بات ہوئی تھی اور معاملہ آخری مرحلے تک پہنچ گیا تھا، لیکن ان کے انتقال کے بعد یہ عمل ختم ہو گیا۔‘‘ انہوں نے کہا’’ دوسرے (شرد پوار) گروپ کے لیڈران بھی عوامی طور پر کہہ چکے ہیں کہ انضمام کا معاملہ اب ختم ہو چکا ہے، اسلئے کسی فرضی صورتِ حال پر تبصرہ کرنے کا کوئی جواز نہیں بنتا۔‘‘