Inquilab Logo Happiest Places to Work

جینت پاٹل کا فی الحال بی جے پی میں شامل ہونے کا کوئی امکان نہیں ہے !

Updated: August 01, 2025, 7:25 AM IST | Mumbai

دیویندر فرنویس نے میڈیا کے سوال پر اشارتاً اطلاع دی، جینت پاٹل کے قریبی سینئر لیڈر انا صاحب ڈانگے بی جے پی میں شامل

Jayant Patil
جینت پاٹل

این سی پی ( شرد) کے سابق ریاستی صدر جینت پاٹل نے جب سے اپنے عہدے سے استعفیٰ دیا ہے ، یہ خبریں گردش کرنے لگی ہیں کہ  وہ جلد ہی بی جے پی میں شامل ہوں گے۔  ایک روز قبل جب پاٹل کے انتہائی قریبی انا صاحب ڈانگے نے پارٹی چھوڑ کر وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس کی موجودی میں بی جے پی میں شمولیت اختیار کی تو اس خبر کو اور بھی تقویت پہنچی لیکن  دیویندر فرنویس نے میڈیا کے سامنے اشاروں کنایوں میں اس بات سے انکار کیا کہ جینت پاٹل بی جے پی میں شامل ہونے والے ہیں۔ 
  سانگلی سے تعلق رکھنے والے  این سی پی ( شرد) کے اہم لیڈر انا صاحب ڈانگے نے ایک روز قبل ممبئی میں دیویندر فرنویس، چندر شیکھر باونکولے اور بی جے پی کے ریاستی صدر   رویندر چوہان کی موجودگی میں  بی جے پی میں شمولیت اختیار کی۔ اس موقع پر منعقد کی گئی تقریب کے بعد دیویندر فرنویس نے پریس کانفرنس سے خطاب کیا جس میں انہوں نے کئی اہم سوالات  کا جواب دیا۔  اس دوران کسی فرنویس سے پوچھا ’’ کیا سانگلی سے کسی اور کی بھی بی جے پی میں شمولیت ہونے والی ہے؟‘‘  رپورٹر نے اپنے سوال میں کسی کا نام نہیں لیا ۔ فرنویس نے بھی کسی کا نام لئے بغیر جواب دیا ’’ آپ سانگلی سے جس ( لیڈر کی) شمولیت کی طرف اشارہ کر رہے ہیں ، وہ شمولیت اس وقت ہمارے دل میں نہیں ہے۔ ‘‘  اس پر سب ہنس پڑے۔ یاد رہے کہ  جینت پاٹل کا تعلق سانگلی سے اور انا صاحب ڈانگے بھی سانگلی ہی سے تعلق رکھتے ہیں اور جینت پاٹل کے قریبی سمجھے جاتے ہیں۔ اس لئے ڈانگے کے  بی جے پی میں جانے سے پاٹل کے تعلق سے بھی سوال کیا جانے لگا۔ 
  یاد رہے کہ مہایوتی کے لیڈران نئی حکومت کی تشکیل کے بعد سے دعویٰ کر رہے ہیں کہ جینت پاٹل جلد بی جے پی میں شامل ہوں گے۔ ان کیلئے کابینہ میں ایک جگہ خالی رکھی گئی ہے۔ حالانکہ خود جینت پاٹل مسلسل اس بات سے انکار کر رہے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK