اس راستے سے روزانہ گزرنے والوں کے مطابق بریج مزید طویل ہونا چاہئے تھا،۳؍لین کا راستہ ۲؍لین کا کرنے پر شہری انتظامیہ پر تنقید۔
EPAPER
Updated: December 23, 2023, 7:48 AM IST | Shahab Ansari | Mumbai
اس راستے سے روزانہ گزرنے والوں کے مطابق بریج مزید طویل ہونا چاہئے تھا،۳؍لین کا راستہ ۲؍لین کا کرنے پر شہری انتظامیہ پر تنقید۔
ضلع تھانے کے کلوا علاقے میں عوام کیلئے نیا تعمیر شدہ بریج مارچ میں شروع کردیا گیا ہے اور تھانے میونسپل کارپوریشن کا دعویٰ تھا کہ اس بریج کے شروع ہونے سے عوام کو کلوا جنکشن اور آس پاس کی سڑکوں پر ٹریفک جام سے راحت مل جائے گی تاہم اس بریج پر روزانہ گزرنے والوں کو شکایت ہے کہ اس بریج کو مزید طویل بنانا چاہیے تھا کیونکہ فی الحال یہ بریج جس جگہ ختم ہوتا ہے اس سے ٹریفک کا مسئلہ اب بھی برقرار ہے۔
سماجی رضاکار اسنیہا سنگھ نے سوشل میڈیا پر نئے تعمیر شدہ بریج پر گاڑیوں کے ٹریفک میں پھنسے ہونے کی تصویر شیئر کرتے ہوئے طنزاً تحریر کیا ہے کہ ’تھانے میونسپل کارپوریشن‘ (ٹی ایم سی) نے کہا تھا کہ کلوا کے نئے بریج کے تعمیر ہونے سے تھانے اور کلوا کے درمیان ٹریفک جام کا مسئلہ ختم ہوجائے گا۔ اس دوران کلوا بریج پر سے روزانہ سفر کرنے والے کہہ رہے ہیں کہ ’’کمال کا ٹریفک کم ہوا ہے!‘‘
تھانے کے ایک مکین سنکیت کامبلی نے لکھا ہے کہ ’’میں سمجھ نہیں سکا کہ نیو کلوا بریج کو ’وٹاوا ٹنل‘ (وٹاوا سرنگ) سے پہلے ختم کرنے میں کیا دور اندیشی اور کیا مصلحت تھی۔ مزید یہ کہ ۳؍ لین کا راستہ ۲؍ لین کا کردیا گیا ہے۔ بہتر ہوتا کہ اس بریج کو ’دیگھا‘ کے قریب گرین ورلڈ کے پاس تک بڑھایا جاتا جو ۴؍ لین کا راستہ ہے۔ جس طرح سے یہ بریج تعمیر کیا گیا ہے اس سے پتہ چلتا ہے کہ ایسے افراد نے اس کا ڈیزائن تیار کیا ہے جنہوں نے کبھی یہ راستہ استعمال نہیں کیا ہے۔‘‘
انہوں نے مزید کہا ہے کہ ’’کلوا میں رہنے والوں کی پریشانی ختم ہونے کا نام نہیں لے رہی کیونکہ نوی ممبئی جانے والی گاڑیاں نئے بریج سے آنے والوں کا راستہ روک دیتی ہیں اور یہ گاڑیاں بریج سے کلوا ناکہ پر نہیں نکل پاتیں۔ نوکر شاہ اور شہری منصوبہ بندی کے افسران ڈیزائن تیار کرتے وقت اتنے زیادہ بے خبر کیسے ہوسکتے ہیں؟‘‘
اسی طرح پریتم آشیش کا کہنا ہے کہ اس بریج کو تھانے۔ بیلاپور روڈ پر واقع ’روڈ اوور بریج‘ (آر او بی) سے آگے نہ لے جانا منصوبہ بندی کی بہت بڑی خامی ہے۔
ڈاکٹر دھننجے پرب نے سوشل میڈیا پر تحریر کیا ہے، ’’کلوا بریج تو بنا دیا۔۔ آگے پیچھے سب ’بوٹل نیک‘ (سڑکوں کے تنگ سرے) ہیں۔ تین ہاتھ ناکہ سے ویویانا۔۔۔ میٹرو کے کام کی وجہ سے تنگ بریج، تنگ سڑکیں ۔ دوسری طرف ہمارا مشہور ملنڈ ’لوٹ لو‘ ٹول ناکہ۔‘‘ انہوں نے آگے طنزاً کہا ہے کہ ’’ٹریفک کا مسئلہ تو حل ہونا ہی ہے۔‘‘
واضح رہے کہ کلوا بریج تھانے کھاڑی کے اوپر تعمیر کیا گیا ہے جو تھانے اور کلوا کو جوڑتا ہے۔