وزیرداخلہ امیت شاہ کے بیان پر کانگریس کا اعتراض، کہا: حکومت نے اس معاملے کو اور مشکوک کردیا ہے اور یہ ظاہر کردیا ہے کہ ’جی۲‘ کیسے کام کرتا ہے
EPAPER
Updated: August 25, 2025, 11:00 PM IST | New Delhi
وزیرداخلہ امیت شاہ کے بیان پر کانگریس کا اعتراض، کہا: حکومت نے اس معاملے کو اور مشکوک کردیا ہے اور یہ ظاہر کردیا ہے کہ ’جی۲‘ کیسے کام کرتا ہے
سابق نائب صدر جمہوریہ جگدیپ دھنکر کے استعفے کے بعد وہ تو خاموش اور ایک طرح سے غائب ہیں لیکن وقفے وقفے سے وہ موضوع بحث بنتے رہتے ہیں۔ حکومت نے ابھی تک اس تعلق سے کوئی بات نہیں کی تھی لیکن پیر کو امیت شاہ نے ایک بیان دے کر اس معاملے کومزید الجھا دیا۔ کانگریس نے ان کے بیان پر سخت اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ وزیرداخلہ نے اس معاملے کو اور زیادہ مشکوک کردیا ہے۔
واضح رہے کہ وزیرداخلہ امیت شاہ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ اپوزیشن کو نائب صدر جمہوریہ کے استعفیٰ پر ہنگامہ نہیں کرنا چاہئے، اس کہانی میں اور بھی کچھ ہو سکتا ہے۔ اس پر کانگریس لیڈر جے رام رمیش نے اپنے رد عمل کااظہار کیا ہے۔ انہوں نے ایکس پر اپنے ایک پوسٹ میں کہا کہ ’’آج وزیر داخلہ نے نائب صدر جمہوریہ کے معاملے میںکچھ کہنے کی کوشش کی ہے، لیکن انہوں نے معاملے کی وضاحت اور ان کے استعفے پر ملک کو اطمینان دلانے کے بجائے اس راز کو اور گہرا کر دیا ہے۔ ان کے بیان میں اس بات کی کوئی وضاحت نہیں ہے کہ کسانوں کے مفاد کی وکالت کرنے والےپُرجوش جگدیپ دھنکر جی ایک ماہ سے بھی زیادہ وقت سے پوری طرح سے رابطے سے باہر کیوں ہیں؟‘‘
کانگریس لیڈر نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ جگدیپ دھنکر نے ۲۱؍ جولائی کی رات کو اچانک اور غیر متوقع طور پر ملک کے نائب صدر جمہوریہ کے عہدہ سے استعفیٰ دے دیا۔ یہ غیرمعمولی واقعہ تھا کیونکہ اس کی کوئی ٹھوس وجہ نظر نہیں آرہی تھی۔ ایک دن بعد وزیر اعظم نے صرف ان کی اچھی صحت کی تمنا کی۔ وزیراعظم مودی اور وزیرداخلہ امیت شاہ پر براہ راست حملہ کرتے ہوئے جے رام رمیش نے لکھا کہ ’’استعفیٰ کا یہ پورا معاملہ واقعی عجیب و غریب ہے اور یہ ظاہر کرتا ہے کہ ’جی۲‘ کیسے کام کرتا ہے۔‘‘ خیال رہے کہ وزیر داخلہ امیت شاہ نے جگدیپ دھنکر کے استعفیٰ کو زیادہ طول نہ دینے کا انتباہ کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اس بات کا بتنگڑ نہیں بنانا چاہئے۔ انہوں نے لوگوں سے دھنکر کے آئینی کردار اور ان کے عہدہ چھوڑنے کے فیصلے کا احترام کرنے کی گزارش کی۔ انہوںنے کہا کہ دھنکرصاحب کا استعفیٰ نامہ اپنے آپ میں واضح ہے۔ انہوں نے اپنے استعفیٰ کیلئے صحت کی وجوہات کا حوالہ دیا ہے۔ انہوں نے اپنی مدت کار کیلئے وزیر اعظم، دیگر وزرا اور حکومت کے اراکین کا تہہ دل سے شکریہ بھی ادا کیا ہے،اسلئے کسی کو بھی اس بات کو آگے بڑھانے کی ضرورت نہیں ہے۔ امیت شاہ نے یہ ساری باتیں انہوں نے ایک انٹرویو میں کہی ہیں ۔