جلگاؤں میں شردپوار نے ساگر پارک میدان میں منعقدہ ’سوابھیمان سبھا‘ میں حکومت اور بی جے پی کو جم کر تنقید کا نشانہ بنایا ، ایوت محل میں کسانوں کی خودکشی کی جانب بھی توجہ دلائی۔ جالنہ لاٹھی چارج معاملہ پر کہا : وزیرداخلہ کی معافی اعتراف ِ جرم ہے
EPAPER
Updated: September 06, 2023, 9:14 AM IST | Qureshi Sarjil | jalgaon
جلگاؤں میں شردپوار نے ساگر پارک میدان میں منعقدہ ’سوابھیمان سبھا‘ میں حکومت اور بی جے پی کو جم کر تنقید کا نشانہ بنایا ، ایوت محل میں کسانوں کی خودکشی کی جانب بھی توجہ دلائی۔ جالنہ لاٹھی چارج معاملہ پر کہا : وزیرداخلہ کی معافی اعتراف ِ جرم ہے
این سی پی سربراہ شردپوار منگل کو جلگاؤں پہنچے جہاں انہوں نے ساگر پارک میدان پر منعقدہ ’سوابھیمان سبھا‘ سے خطاب کیا۔ اس موقع پر انہوں نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’’اب ملک پر مودی صاحب کی حکومت ہے۔ انہوں نے ۹؍ سال میں کیا کیا؟ دیگر پارٹیوںمیں پھوٹ ڈالی۔شیوسینا ،این سی پی میں پھوٹ ڈالی ۔بس یہی کام کیا۔ دوسری طرف طاقت کا استعمال عوام کی بھلائی کیلئے کرنے کے بجائے ای ڈی، سی بی آئی، ان تفتیشی ایجنسیوں کے ذریعے جھوٹے مقدمات درج کرکے مخالفین کو جیلوں میں ڈال دیا گیا۔‘‘
اس جلسہ میں شردپوار نے بی جے پی اور وزیراعظم مودی کوتنقید کا نشانہ بنایا۔ ا نہوں نے کہا کہ ’’آج بی جے پی کے ہاتھوں میں ملک اور ریاست کی باگ ڈور ہے۔ انہیں کسانوں کی حالت زار کی بھی کوئی پروا نہیں، قحط زدگان سے محبت نہیں، ڈیموں میں پانی نہیں اس کی کوئی فکر نہیں۔ ہر طرف ٹینکروں سے پینے کا پانی سپلائی ہورہا ہے، یہ تشویش کی بات نہیں۔ اس کا مطلب ہے کہ اقتدار غلط لوگوں کے پاس چلا گیا ہے۔ مہاراشٹر ہو یا کوئی اور ریاست عام لوگوں کے ساتھ ناانصافی ہو رہی ہے ۔‘‘ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پڑوسی ایوت محل ضلع میں پندرہ دنوں میں۲۰؍ کسانوں نے خودکشی کی ہے۔ اس لئے کسانوں کی حمایت میں اجتماعی طاقت بنانے کی ضرورت ہے۔
’’عوامی کی توجہ ہٹانے کیلئے ون نیشن ون الیکشن‘‘
اس سے قبل پریس کانفرنس میں شر د پوار نے کہا کہ ’’وزیر اعظم نریندر مودی نے پارلیمنٹ کا خصوصی اجلاس بلایا۔ تاہم اس سیشن کا کوئی ایجنڈا ہم اراکین پارلیمنٹ کو نہیں دیا گیا ،اس لئے ہمیں اس سیشن کے بارے میں کچھ معلوم نہیں۔ مرکزی حکومت کے خلاف لوگوں میں سخت ناراضگی ہےجسےدور کرنے اور عوام کی توجہ ہٹانے کیلئے بی جے پی نے ’ون نیشن ون الیکشن‘ کے موضوع کو آگےبڑھایا ہے ۔‘‘
این سی پی میں تقسیم کے بعد این سی پی کے قومی صدر شرد پوار نے مہاراشٹر کے مختلف اضلاع میں’ سوابھیمان سبھا‘ کا اعلان کیا ہے۔ اسی کے تحت ایولہ ،بیڑ کے بعد جلگاؤں کے وسط میں واقع ساگر پارک میدان پر’سوابھیمان سبھا‘ کا انعقاد ہوا ۔اس سے قبل روڈ شو اور اجنٹا سرکاری ریسٹ ہاؤس میں پریس کا نفرنس منعقد کی گئی ۔جلگائوں پہنچنے کے بعد شرد پوار نے مقامی میئر جے شری مہاجن کے مکان واقعہ مہرون میں حاضری دی اور محض ۹ ؍ منٹ رُک کر پریس کانفرنس اور روڈ شو میں شرکت کی ۔پریس کانفرنس میںپارٹی کے ریاستی صدر جینت پاٹل، جتیندر اوہاڑ، ایکناتھ کھڑسے، گلاب راؤ دیوکر، ستیش پاٹل اورپارٹی کےضلع صدر رویندر بھیا پاٹل وغیرہ موجود تھے۔
جالنہ لاٹھی چارج پر وزیر داخلہ دیوریندر فرنویس کے معافی مانگنے پر شرد پوار نے کہاکہ ’’ یہ واضح ہے کہ وہاں پولیس نے حملہ کیا ہے۔ حکومت اس کی تحقیقات کرے۔ نائب وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس کی معافی ایک طرح کا اعترافِ جرم ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ گواری برادری کی بھگدڑ کے بعد مدھوکر پچڈ نے استعفیٰ دے دیا تھا۔ ممبئی بم دھماکوں کے بعد ذمہ داری لیتے ہوئے اس وقت کے وزیر داخلہ آر آر پاٹل نے استعفیٰ دے دیا تھا۔ اسی سے تحریک لیتے ہوئے ریاست کے وزراء کو استعفیٰ دے دینا چاہئے۔‘‘
مراٹھاریزرویشن میں اضافہ کا مطالبہ
مراٹھا برادری کو او بی سی کوٹہ کے تحت ریزرویشن دینےکے مطالبہ پر شرد پوار نے اپنا موقف واضح کرتے ہوئے کہا کہ’’ کچھ لوگ کہتے ہیں کہ او بی سی کوٹے سے مراٹھا برادری کو ریزرویشن دینا ، او بی سی کے غریب طبقہ کے ساتھ ناانصافی ہوگی۔ اس کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ مراٹھا ریزرویشن کی آج کی حد۵۰ ؍فیصد ہے، اسے۱۵؍تا۱۶؍فیصد بڑھانے سے یہ مسئلہ حل ہو جائے گا۔ اس کیلئے او بی سی اور دیگر لوگوں میں تنازع نہیں ہو نا چاہئے ۔اس پر کوئی تنازع پیدا کرنے کی کوشش کر رہا ہے تو اسے ہماری حمایت حاصل نہیں ہے۔ریاست میں خشک سالی کی صورتحال پر شردپوار نے کہا کہ حکومت اس تعلق سے فوری اقدامات کرے۔