Inquilab Logo

ایمیزون کی ذیلی کمپنی ٹویچ میں ۳۵؍ فی صد ملازمین کی برطرفی کا خدشہ

Updated: January 11, 2024, 10:41 AM IST | New Delhi

سال کی شروعات ہی میں جیف بیزوس کی کمپنی کے ملازمین مایوسی کا شکار ، کئی اہم عہدیدار پہلے ہی کمپنی سے استعفیٰ دے چکے ہیں

Jeff Bezos bought Twitch 9 years ago (file photo)
جیف بیزوس نے ۹؍ سال قبل ٹویچ کمپنی خریدی تھی( فائل فوٹو)

کورونا کے بعد  عالمی سطح پر ملازمین کی چھٹنی کی رفتار ۲۰۲۴ء میں کم ہوتی ہوئی نظر نہیں آ رہی ہے۔  اس سال بھی دنیا بھر میں کمپنیاں اپنے ملازمین کو بڑے پیمانے پر نوکری سے نکال رہی ہیں۔  اس فہرست میں دنیا کے امیر ترین افراد میں سے ایک جیف بیزوس کی ملکیت والی کمپنی کا نام بھی شامل ہونے جا رہا ہے۔ایک رپورٹ کے مطابق جیف بیزوس کی کمپنی ایمیزون نے کچھ عرصہ قبل لائیو اسٹریمنگ پلیٹ فارم چلانے والی فرم’ ٹویچ ‘کو حاصل کیا تھا۔
  اب خبریں ہیں کہ ٹویچ میں بڑے پیمانے پر چھٹنی ہونے والی ہے۔ بلومبرگ کی ایک رپورٹ میں خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ ٹویچ اپنے تقریباً ۳۵؍فیصد ملازمین کو باہر  کا راستہ دکھا سکتا ہے۔ تاہم کمپنی کی جانب سے ابھی تک اس معاملے میں  کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا ہے۔  بلومبرگ نے اس معاملے سے وابستہ لوگوں کے حوالے سے کہا ہے کہ ٹویچ کے کم از کم ۵۰۰؍ ملازمین کو برطرف کرنے کی تیاری ہو رہی ہے۔ یہ ٹویچ کے کل ملازمین کے تقریباً ۳۵؍فیصد کے برابر ہے۔ ایمیزون نے یہ کمپنی ۹؍ سال پہلے خریدی تھی۔ کمپنی نے آمدنی بڑھانے کیلئے حالیہ برسوں میں اشتہارات پر اپنی توجہ بڑھا دی ہے لیکن اس کے باوجود کمپنی منافع بخش نہیں بن سکی۔
 رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ٹویچ ۱۰؍جنوری بروز بدھ کو برطرفی کے بارے میں باضابطہ اعلان کر سکتا ہے۔ ٹویچ میں چھٹنی کی یہ رپورٹ ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب کمپنی کے کئی اعلیٰ افسران گزشتہ چند ماہ میں اپنی ملازمتیں چھوڑ چکے ہیں۔ کمپنی چھوڑنے والے سینئر اہلکاروں میں چیف پروڈکٹ آفیسر، چیف کسٹمر آفیسر اور چیف کنٹینٹ آفیسر وغیرہ شامل ہیں۔ کمپنی نے دسمبر میں اعلان کیا تھا کہ وہ جنوبی کوریا کی مارکیٹ سے باہر نکلنے جا رہی ہے۔ اس کے لیے ٹویچ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈین کلینسی نے مہنگے اخراجات کا حوالہ دیا تھا۔

amazon Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK