Inquilab Logo

کانگریس کی پہلی فہرست میں۳۹؍ امیدوار، راہل گاندھی وائناڈ سے دوبارہ میدان میں

Updated: March 09, 2024, 8:42 AM IST | Agency | New Delhi

پہلے مرحلہمیں کیرالا، کرناٹک ، تلنگانہ اور چھتیس گڑھ کے امیدواروں کا اعلان کیا گیا۔

Ajay Maken, KC Venugopal and Pawan Kheda during the press conference. Photo: PTI
اجے ماکن، کے سی وینو گوپال اور پون کھیڑا پریس کانفرنس کے دوران ۔ تصویر: پی ٹی آئی

کانگریس پارٹی نے  جمعہ کو ۲۰۲۴ء کے لوک سبھا انتخابات کیلئے ۳۹؍ امیدواروں کی اپنی پہلی فہرست جاری کردی جس میں راہل گاندھی کو کیرالا کے وائناڈ سے دوبارہ ٹکٹ دیا گیا ہے جبکہ ششی تھرورکو ترو اننت پورم سے، تنظیم کے جنرل سیکریٹری کے سی وینوگوپال کو کیرالا کے ہی الاپوزا سے اور چھتیس گڑھ کے سابق وزیر اعلی بھوپیش بگھیل کو راج نندگاؤں سے ٹکٹ دیا گیا ہے۔ ان کے علاوہ پارٹی کی فہرست میں اقلیتی طبقے سے تعلق رکھنے والے ۴؍ امیدوار بھی ہیں۔ 
کے سی وینوگوپال، اجے ماکن اورپون کھیڑا نے یہاں مشترکہ پریس کانفرنس میں یہ فہرست جاری کی اور کہا کہ  پارٹی نے پہلی فہرست میں ذاتوںاور برادریوں کی مساوات کا پورا خیال رکھا ہے۔  پارٹی کی سینٹرل الیکشن کمیٹی کی آئندہ میٹنگ ۱۱؍ مارچ کو ہوگی جس میں اتر پردیش سمیت دیگر ریاستوں میں پارٹی امیدواروں کے ناموں پر غور کیا جائے گا۔ اس فہرست میں فی الحال کیرالا، کرناٹک، تلنگانہ اور چھتیس گڑھ کے امیدواروں کے نام شامل ہیں۔ 
پارٹی کی سینٹرل الیکشن کمیٹی نے یہ فہرست تیار کی ہے ۔ اس کمیٹی کے ممبران میں امبیکا سونی ، ٹی ایس سنگھ دیو ، ادھیر رنجن چودھری اور محمد جاوید شامل ہیں۔ یہ سبھی ممبران پریس کانفرنس میں بھی موجود تھے۔ اطلاعات ہیں کہ راہل گاندھی امیٹھی سے بھی الیکشن لڑسکتے ہیں جبکہ پرینکا گاندھی رائے بریلی سے لیکن اس کی تصدیق فی الحال پارٹی نے نہیں کی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK