Inquilab Logo

سمردھی ہائی وے کیلئے جن کسانوں کی زمین چھینی گئی تھی یہ انہی کی بددعا ہے

Updated: August 02, 2023, 10:52 AM IST | Mumbai

نے سے قریب شاہ پور میں سمردھی ہائی وے پر پیش آئے حادثے میں ۱۸؍ افراد کی موت کے بعد مہاراشٹر میں غم وغصے کی لہر ہے۔ شیوسینا ترجمان سنجے رائوت نےا سے کسانوں کی بددعاقرار دیا ہے۔

Rescue team carrying a dead body
ریسکیو ٹیم ایک مہلوک کو لے جاتے ہوئے

نے سے قریب شاہ پور میں سمردھی ہائی وے پر پیش آئے حادثے میں ۱۸؍ افراد کی موت  کے بعد مہاراشٹر  میں غم وغصے کی لہر ہے۔ شیوسینا ترجمان سنجے رائوت نےا سے  کسانوں کی بددعاقرار دیا ہے۔  انہوں نے کہا ’’حکومت نے سمردھی ہائی وے کی تعمیر کیلئے کسانوں کی زمین ہتھیا لی تھی یہ انہی کسانوں کی بددعا ہے۔‘‘ رائوت نے کہا ’’ آپ اسے عقیدت سمجھیں یا اندھی عقیدت لیکن یہ حقیقت ہے کہ حکومت نے ا پنے مفاد کیلئے اور ٹھیکیداروں کے فائدے کیلئے غریب کسانوں کی زمینیں چھینی تھیں یہ اسی کی بد دعا ہے۔‘‘ انہوں نے کہا ’’ اس راستے (سمردھی ہائی وے ) پر اتنی جانیں گئی ہیں کہ آئندہ لوگ اس پر سفر کرنا ہی بند کر دیں گے۔ ‘‘ 
  این سی پی کی کارگزار صدر سپریہ سلے نے کہا ہے کہ سیاستداں اس معاملے کو کبھی سنجیدگی سے نہیں لیں گے۔ سپریہ سلے کے مطابق  ’’حکومت نے مہلوکین کے اہل خانہ کو معائوضہ دینے کا اعلان کیا ہے لیکن معائوضہ سے گزرا ہوا آدمی واپس نہیں آجاتا۔ حکومت کو اس معاملے پر پارلیمنٹ یا اسمبلی میں تفصلی بحث کرنی چاہئے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ اس معاملے کی باریکی سے جانچ ہونی چاہئے۔ آخر اتنی جدید مشینیں ہونے کے باوجود یہ حادثہ کیسے پیش آیا؟ 
  نائب وزیراعلیٰ دیویندر فرنویس نے  حادثے پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور پورے معاملے کی جانچ کا حکم دیا ہے۔ فرنویس نے کہا ’’یہ حادثہ انتہائی غمناک ہے اور دل کو تکلیف پہنچانے والا ہے۔  میں مہلوکین کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔ ہم سبھی ان کے اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔‘‘  نائب وزیر اعلیٰ نے کہا ’’زخمیوں کا علاج جاری ہے میں ان کے جلد صحتیاب ہونے کی دعا کرتا ہوں ساتھ ہی اس پورے معاملے کی تفصیلی جانچ کا حکم دیتا ہوں۔‘‘  
  وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے  نے ٹویٹ کے ذریعے  بتایا کہ انہوں نے معاملے کی جانچ کا حکم دیا ہے اور مہلوکین کے ورثا کو ۵؍لاکھ روپے دینے کا حکم دیا  ہے۔ انہوں نے بتایا ’’ میں آج وزیراعظم کے پروگرام( ایوارڈ فنکشن)  کیلئے پونے میں تھا جہاں مجھے بتایا گیا کہ شاہ پور میں کرین گرنے سے ۱۷؍ ( جو بعد میں ۲۰؍ ہو گئے) افراد ہلاک ہو گئے۔  میں نے اس تعلق سے پی ڈی بلیو ڈی کے وزیر دادا بھسے سے معلومات حاصل کی ہے وہ خود شاہ پور گئے تھے۔‘‘ شندے نے بتایا کہ ’’  یہ حادثہ انتہائی افسوسناک ہے، میں نے اس کی فوری جانچ کا حکم دیا ہے۔‘‘ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK