Inquilab Logo

جموں کشمیر سے اس مرتبہ ۱۱؍ اُمیدوار یوپی ایس سی کامیاب

Updated: April 18, 2024, 8:37 AM IST | Srinagar

ڈوڈا ضلع کی انمول راٹھوڑ نے ۷؍ واں رینک حاصل کیا جبکہ منان بھٹ نے ۸۸؍ واں رینک حاصل کیا ہے

Kashmiri Candidates Successful in UPSC
یوپی ایس سی میں کامیابی حاصل کرنے والے کشمیری امیدوار

یوپی ایس سی (یونین پبلک سروس کمیشن) نے گزشتہ روز ہی ۲۰۲۳ء میں منعقد کئے گئے امتحان اور انٹر ویو کے نتائج جاری کئے ہیں جس میں کئی اہم باتیں سامنے  آئی ہیں۔ ان نتائج کے مطابق جموں کشمیر کے ۱۱؍ امیدواروں نے سول سروسیز کے امتحان میں کامیابی حاصل کی ہے۔ یو پی ایس سی کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن  کے مطابق اس سال ایک ہزار ۱۶؍ امیدوار کامیاب ہوئے ہیں جن میں اتر پردیش کے لکھنؤ شہر کے آدتیہ شریواستو سرفہرست  رہے جبکہ اسی فہرست میں کشمیر کے ڈوڈا ضلع کی ۲۴؍سالہ انمول راٹھوڑ نے ساتواں آل انڈیا رینک حاصل کیا ہے۔ انہوں نے جموں کشمیر سول سروسیز ایگزام۲۰۲۲ء  میں  ٹاپ کیا تھا ۔ وہ  فی الحال جموں کے ریوینیو ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ میں زیر تربیت ہیں۔ انمول نے اس کامیابی پر کہا کہ انہوں نے یو پی ایس سی مین ٹیسٹ سیریز اور کچھ ضروری ٹیسٹ کو چھوڑ کر اپنی تعلیم گھر سے ہی مکمل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے آن لائن دستیاب مواد کو استعمال کرتے ہوئے خود تیاری کی ۔ میں کہوں گی کہ اس خطے کے نوجوانوں میں بہت زیادہ صلاحیتیں ہیں، بشرطیکہ ان کی توانائی صحیح سمت میں استعمال کی جائے۔
 کٹھوعہ ضلع سے تعلق رکھنے والے ایک اور امیدوار ارجن گپتا نے  ۳۲؍ واں رینک حاصل کیا ہے جبکہ سری نگر ضلع کے منان بھٹ نے ۸۸؍ واں رینک حاصل کیا۔ اس سے قبل انہوں نے ۲۳۱؍ رینک حاصل کیاتھا۔ اس وقت بھٹ تلنگانہ کیڈر میں آئی پی ایس افسر ہیں۔ جموں کے ہرنیت سنگھ سو دن نے۱۷۷؍، محمد حارث میر نے۳۴۵؍، محمد فرحان نے۳۶۹؍، اپراجیتا آرین نے۳۸۱؍، غلام محی الدین نے ۳۸۸؍، سوون شرما نے ۴۱۲؍، سیرت باجی نے ۵۱۶؍ اور دنیش کمار نے۱۰۰۳؍ واں رینک حاصل کیا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز جاری ہونے والے یو پی ایس سی کے نتائج میں مسلم امیدواروں کی کامیابی کے فیصد میں اضافہ ہوا ہے جو خوش آئند قرار دیا جارہا ہے۔ ملک کی کئی ریاستوں سے مسلم نوجوان کامیاب ہوئے ہیں۔  

education Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK