Inquilab Logo

بھیونڈی : معروف نعت خواں احمد رضا قادری کی جے ای ای میں نمایاں کامیابی

Updated: April 29, 2024, 12:00 PM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi

صوم و صلوٰۃ کی پابندی کیساتھ پڑھائی جاری رکھی اور امتحان میں۷۲ء۹۸؍ فیصد نمبرات حاصل کئے، امسال ۱۲؍ویں کا امتحان بھی دیا ہے۔

Ahmed Raza Qadri, a gifted student of Bhiwandi. Photo: INN
بھیونڈی کے ہونہار طالب علم احمد رضا قادری۔ تصویر : آئی این این

شہر بھیونڈی کے ہونہار طالب علم اور معروف نعت خواں احمد رضا قادری نے پہلی ہی کوشش میں جوائنٹ انٹرنس ایگزام (جے ای ای) میں نمایاں نمبرات سے کامیابی حاصل کرلی ہے۔ احمد رضا کی کامیابی اس لئے خاص ہے کہ انہوں نے دینی تعلیم اور دینی ماحول میں رہ کر بارگاہ رسالت مآب ﷺ کی شان میں نعت پڑھتے ہوئے اس امتحان میں نمایاں کامیابی حاصل کی ہےنیز اس سال ہی انہوں نے بارہویں کاامتحان بھی دیا ہے۔ 
 احمد رضا، معروف نعت خواں، مقرر اوررضا اکیڈمی (بھیونڈی) کے جنرل سیکریٹری محمد شرجیل رضا قادری کے صاحبزادے ہیں۔ اس ذہین طالب علم نے داخلہ امتحان میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر کے ملک کے باوقار آئی آئی ٹی اداروں (جے ای ای ایڈوانس) میں خود کو داخلے کا اہل ثابت کروالیا۔ احمد رضا کی کامیابی ثابت کرتی ہے کہ ہمارے طلبہ آئی آئی ٹی جیسے اداروں میں داخلہ کی مسابقت میں کسی سے بھی کم نہیں ہیں۔ 

یہ بھی پڑھئے: صرف الیکشن کارڈ کے بجائے تمام سرکاری دستاویزات بنوانے اور غلطیاں درست کروانے کیلئے جدوجہد

خیال رہے کہ احمد رضا قادری کے ایم ای ایس ہائی اسکول سے دسویں جماعت میں ۹۰؍ فیصد نمبرات سے کامیاب ہوئے تھے جبکہ بارہویں کا نتیجہ ابھی ظاہر نہیں ہوا ہے۔ انہوں نے اپنا ہدف انجینئرنگ کا میدان بنایا ہے۔ اپنے مقصد کی کامیابی کیلئے پوری منصوبہ بندی، انہاک اور صوم و صلوٰۃ کی پابندی کے ساتھ پڑھائی میں مصروف ہو گئے۔ آخر ان کی محنت رنگ لائی اور جے ای ای میں ۹۸ء۷۲؍ فیصدنمبرات حاصل کرکے نمایاں کامیابی حاصل کی۔ ان کوجے ای ای کی قومی سطح پر۱۴؍ہزار اور او بی سی کٹیگری میں ۳؍ہزار۸۰۷؍واں رینک حاصل ہوا۔ 
 احمد رضا قادری کے والد شرجیل رضا قادری نے بتایا کہ ان کا بیٹا دن میں ۱۶۔ ۱۶؍گھنٹے پڑھائی کرتا تھا۔ گھر کے حالات کو دیکھتے ہوئے میرے بیٹے نے کسی کوچنگ کلاس جوائن کرنے کے بجائے آن لائن کلاسیس جوائن کیا۔ وہاں اساتذہ سے ملنے والے نوٹس اور لیکچر کو بغور سن کرپھر ان کی روشنی میں خوب محنت کرکے اس نے یہ شاندار کارنامہ انجام دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ رب تبارک و تعالیٰ کا بے پناہ شکر ہے کہ اس نے میرے صاحبزادے کو نمایاں کامیابی عطا فرمائی۔ دنیاوی تعلیم کے ساتھ ہی ساتھ وہ رضا اکیڈمی کی نوری محفل میں پابندی سے شریک رہتا تھا، اللہ کی حمد و ثناء کرنا، نبیﷺ کی شان میں نعت پڑھنا اس کا پسندیدہ مشغلہ ہے۔ رب تبارک و تعالیٰ نے اسے حمد و نعت اور قرآن کی برکت سے نمایاں کامیابی عطا فرمائی۔ رضا برادران، بچپن سے ہی تقریباً ڈھائی تین سال کی عمر سے ہی بارگاہ رسالت مآب ﷺ میں نعت مبارکہ پڑھ رہے ہیں۔ ان کی اس شاندار کامیابی پر رضا اکیڈمی کے بانی و سربراہ الحاج سعید نوری صاحب نے مبارکباد دی اور دعاؤں سے نوازا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK