Inquilab Logo Happiest Places to Work

امسال مونوریل کی تعداد دگنی کی جائے گی، خدمات میں بہتری کاکام شروع

Updated: January 02, 2025, 10:11 AM IST | Mumbai

۱۸؍ٹرینوں کے سبب اگست سے مونوریل کے انتظار کا دورانیہ موجودہ وقت سے نصف ہوجائے گا، مسافروں کی تعداد میں اضافہ کی امید۔

The monorail passes through Parel area. Photo: INN.
مونوریل پریل علاقے سے گزررہی ہے۔ تصویر: آئی این این۔

اگست۲۰۲۵ء کے بعد سے، ملک کی پہلی مونوریل کے ذریعے سفر کرنے والے مسافروں کے انتظار کادورانیہ نصف ہوجائے گا کیونکہ ٹرینوں کی تعداد دوگنی ہو جائے گی۔ مونو ریل خدمات میں بہتری لانے کا کام اپریل سے شروع ہوگا۔ فی الحال ۸؍ مونو ریل دستیاب ہیں جن میں سے روزانہ ۶؍ ٹرینوں کو چلایا جاتا ہے اور چمبور- وڈالا-جیکب سرکل کے درمیان تقریباً ۱۶؍ ہزار ۵۰۰؍ افرادسفر کرتے ہیں۔ ایم ایم آر ڈی اے کی شاخ ’مہا ممبئی میٹرو آپریشن کارپوریشن لمیٹڈ (ایم ایم ایم او سی ایل)‘ ان ۸؍ ٹرینوں کے بیڑے کو چلاتی اور دیکھ ریکھ کرتی ہے، نئے سال کے اگست مہینے میں مونو ریل ٹرینوں کی تعداد ۱۸؍ کردی جائے گی۔ 
ایم ایم آر ڈی اے کے ایک ترجمان نے کہا کہ ’’خدمات میں بہتری کیلئے ایک جامع منصوبے پر عمل درآمد شروع ہو گیا ہے۔ اس کے حصے کے طور پر ایم ایم آر ڈی اے موجودہ ۸؍ ٹرینوں کا استعمال کرے گا اور نئی ۱۰؍ جدید ٹرین متعارف کرائے گا۔ اس طرح ۱۲؍ ٹرینیں چلیں گی جن میں ۲؍ ٹرینیں اسٹینڈ بائی (ضرورت پڑنے پر استعمال کیلئے) ہوں گی اور بقیہ ۴؍ شیڈول مینٹیننس کیلئے ہوں گی۔ 
مونوریل کا موجودہ بیڑہ ایک دہائی سے زیادہ عرصے سے کام کر رہا ہے۔ اس دوران متعدد چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا جیسے رولنگ اسٹاک (ٹرینوں ) کی دیکھ ریکھ کا فقدان، بار بار بریک ڈاؤن، مسافروں کی کم تعداد، جیکب سرکل تک بقیہ کوریڈور کی تعمیر میں تاخیر اور ایم ایم آر ڈی اے کے ساتھ تنازعات کے بعد لارسن اینڈ ٹوربو-سکومی انجینئرنگ کا ۱۵؍ ٹرینیں دینے کا وعدہ کرکے ۵؍ ٹرینیں نہ دینا۔ واضح رہے کہ مونوریل کا جیکب سرکل تک کا پورا ۱۹ء۴۸؍ کلومیٹر کا راستہ مارچ ۲۰۱۹ء میں شروع ہوا تھا۔ بیڑے کے محدود سائز نے سروس فریکوئنسی کو متاثر کیا ہے کیونکہ ۸؍ میں سے صرف ۶؍ ٹرینیں روزانہ چلائی جا سکتی ہیں۔ ہفتے کے دنوں میں ٹرینوں کے درمیان کا وقفہ ۱۵؍ منٹ رہتا ہے اور ہفتہ کے اختتام پر۱۸؍منٹ ہوجاتا ہے۔ 
مونوریل خدمات میں بہتری کے بڑے منصوبے کے ایک حصے کے طور پر پورے رولنگ اسٹاک کا مکمل جائزہ لیا جائے گا جس کیلئے ایم ایم آر ڈی اے گزشتہ چند مہینوں سے اسپیئر پارٹس کا ذخیرہ منگوا رہا ہے۔ ٹیم کے ایک رکن نے بتایا کہ تمام موجودہ ٹرینوں کی ضروریات کے مطابق ان کے حصوں کو تبدیل کرنے سے لے کر اندرونی کام کرنے تک کی تزئین کاری کی جائے گی۔ اہم اقدامات میں سے ایک یہ رہے گا کہ پرانے رولنگ اسٹاک میں کمیونیکیشن بیسڈ ٹرین کنٹرول سسٹم کو انسٹال کیا جائے گا تاکہ وہ نئے بیڑے کی اپ گریڈ کی گئی ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ ہو سکے۔ دیگر میں نئے ٹائر کے ساتھ ساتھ دو کوچ (ڈبوں ) کے درمیان جوڑ بھی شامل ہیں۔ 
اب تک حیدرآباد میں مقیم میدھا سروو ڈرائیوز سے دو ٹرینیں ملی ہیں۔ توقع ہے کہ تیسری ۱۰؍جنوری تک ممبئی پہنچ جائے گی اس کے بعد چوتھی اور پانچویں فروری میں اور چھٹی مارچ میں پہنچے گی۔ بقیہ ۴؍ ٹرینیں جون ۲۰۲۵ء تک پہنچا دی جائیں گی۔ 
ایم ایم آر ڈی اے کے ترجمان نےکہا کہ ’’اپریل۲۰۲۵ء کے آخر تک ۸؍ اپ گریڈ کئے گئے پرانے ریک اور بھیجے گئے ۴؍ نئے ریک آٹومیٹک ٹرین پروٹیکشن (اے ٹی پی) موڈ میں کمرشیل سروس کیلئے تیار ہوں گے۔ 
اے ٹی پی موڈ ٹرین کی نقل و حرکت کی خود بخود نگرانی کرنے اور کنٹرول کرنے میں مدد کرتا ہے تاکہ انسانی غلطی، سگنل کی خلاف ورزی، تصادم یا تیز رفتاری کی وجہ سے ہونے والے کسی بھی حادثے کو روکا جا سکے۔ جولائی ۲۰۲۵ء میں زیر زمین ممبئی میٹرو-۳؍ کو مکمل کرنے اور اسے شروع کرنے کا منصوبہ ہے۔ میٹرو۳؍ اور مونوریل دونوں جیکب سرکل (مہالکشمی) پر جڑجائیں گی۔ مونوریل کے انتظار کے وقفے میں کمی سے مسافروں کی تعداد میں اضافے کی توقع ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK