امراوتی اسپتال سانحے پر اپوزیشن کی جانب سے حکومت پر تنقیدیں۔
EPAPER
Updated: August 25, 2026, 3:20 PM IST | Ali Imran | Amravati
امراوتی اسپتال سانحے پر اپوزیشن کی جانب سے حکومت پر تنقیدیں۔
بھیانک آتشزدگی کے سبب امراوتی کے ایک اسپتال میں ۳؍ بچوں کی موت کے بعد اپوزیشن کی جانب سے حکومت پر سخت تنقیدیں کی جا رہی ہیں۔ ساتھ ہی اس حادثے کیلئے قصو ر وار افراد پر کاررائی کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔
سابق وزیر اور کانگریس لیڈر یشومتی ٹھاکر نے اسپتال کا دورہ کیا۔ اس وقت انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا’’ اس حادثے کیلئے ریاستی حکومت ذمہ دار ہے۔ یہ حکومت ۵۶ فیصد کمیشن والی حکومت ہے۔ ضلع کے سرکاری اسپتال میں عام اور غریب گھرانوں کی خواتین اور بچے علاج کیلئے آتے ہیں۔ وینٹی لیٹر میں آگ کیسے لگی، اس کی مکمل تحقیقات کی جائے!‘‘ انہوں نے سوال کیا’’ کیا ناقص وینٹی لیٹر فراہم کیا گیا تھا؟ اس کا سپلائر کون ہے؟ یہ سب باتیں سامنے آنی چاہئےاور قصورواروں کے خلاف سخت کارروائی کی جانی چا ہئے۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: بچوں کے اسپتال میں آگ، ۳؍ نوزائیدہ کی موت
اس معاملے میں کانگریس کے ریاستی صدر ہرش وردھن سپکال نے بی جے پی حکومت کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف اسقاط حمل روکنے کیلئےمہم چلائی جاتی ہے، دوسری طرف نوزائیدہ بچوں کی جل کر موت ہو جاتی ہے۔ یہ انتہائی بدقسمتی کی بات ہے۔ ریاست میں حکومت ، انتظامیہ اور قانون کا کوئی خوف ہی باقی نہیں رہا ہے۔ صرف داداگیری اور اقتدار کا غرور چل رہا ہے۔ مہاراشٹر کا وزیر صحت کون ہے، یہ بھی ریاست کے عوام کو معلوم نہیں ہے۔‘‘ انہوں نے بھی خاطیوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: اس کے شواہد نہیں ہیں کہ حجاب مسلمانوں کیلئے لازمی ہے: الہ آباد ہائی کورٹ
این سی پی ( شرد)کے رکن اسمبلی روہت پوار نے اس واقعے پر افسوس کا اظہار کرتےہوئےکہاکہ اسپتال میں آگ لگنے سے معصوم بچوں کی موت ایک انتہائی افسوسناک معاملہ ہے اور صرف ایک افسر کو معطل کرنے یا سرسری تحقیقات کرنے سے مسئلہ حل نہیں ہوگا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس واقعہ کی مکمل تحقیقات کی جائے اور قصوروار ٹھیکیداروں کے خلاف قتل کا معاملہ درج کیا جائے۔ ساتھ ہی انہوں نے مہاراشٹر کے ہر اسپتال میں فوراً فائر اینڈ سیفٹی آڈٹ کروانے کا مطالبہ کیا۔سینئر لیڈر وجے وڈیٹیوار نے بھی اس پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔