Inquilab Logo

اردو پڑھنے والے کم ہوئے مگر اس سے محبت کرنے والے بڑھے ہیں

Updated: March 11, 2023, 9:54 AM IST | saadat khan | Mumbai

فلم اداکار ستیندر سرتاج کی اردو نظموں کےالبم ’شاعرانہ سرتاج‘ کے اجراءپر معروف شاعر جاوید اختر کا اظہار خیا ل

From right to right, Lalit Pandit, Javed Akhtar, Satinder Sartaj, Shabana Azmi, Irshad Kamil and Ramesh Talwar can be seen in the picture.
تصویر میں دائیں سے للت پنڈت ، جاوید اختر ،ستیندر سرتاج ، شبانہ اعظمی، ارشاد کامل اور رمیش تلوار کو دیکھاجاسکتاہے۔

پنجاب کے معروف فلم اداکار، شاعر ، گلوکار اورنغمہ نگار ڈاکٹر ستیندر سرتاج کی اُردو شاعری اور نظموں کاالبم ’’شاعرانہ سرتاج‘‘ کا جمعہ کو جوہو کے سن اینڈسینڈ ہوٹل میں معروف شاعر ،ادیب اور نغمہ نگار جاوید اختر اور فلم اداکارہ شبانہ اعظمی کے ہاتھوں اجرا ء کیا گیا۔ اس موقع پر فلمساز رمیش تلوار،راجوسنگھ ، موسیقار  للت پنڈت اور معروف شاعر ارشاد کامل بھی موجودتھے۔
  اس موقع پر جاوید اختر نےمذکورہ البم کی ستائش کرتےہوئے کہاکہ ’’ میں نے یہ پہلا ویڈیو دیکھا ہے جس میںسرتاج نےاپنی شاعری کو اچھوتےانداز میں پیش کیاہے۔ یہ ایک اچھا قدم ہے ۔ مجھے اُمید ہےکہ بہت سے لوگ اس کی نقل کریں گے۔سرتا ج کا تلفظ بھی عمدہ ہے۔ شبانہ اعظمی نے سرتا ج کی صلاحیتوں کا اعتراف کیا اور نیک خواہشات پیش کیں۔ ارشاد کامل نے کہا کہ سرتاج پنجاب کے سرتاج توہیں ہی، ساتھ ہی وہ پنجاب میں محبت کےمرشد سےبھی مقبول ہیں ۔ للت پنڈت اور رمیشن تلوار نےبھی سرتاج کی ستائش کی ۔ ان سبھی شخصیات کی طرف سےکی جانےوالی حوصلہ افزائی کاستیندر سرتاج نے شکریہ ادا کیا ۔ ساتھ ہی کہاکہ مذکورہ البم اُردو زبان سے محبت کا ایک معمولی تحفہ ہے۔اُردو زبان میں البم جاری کئے جانے پر  خود کو خوش قسمت سمجھتاہوں۔ 
  ایک سوال کے جواب میں جاوید اختر نے کہا کہ’’ اُردو ہندوستان کی زبان ہےاور ہندوستان ہی میںبولی جاتی ہے۔ ۱۹؍ویں صدی میں اس زبان کی ترقی اورکامیابی میں لکھنؤ اور دہلی کااہم  رول رہا ہے لیکن ۲۰؍و یں صدی میں پنجاب نے اُردو کیلئے جو خدمات پیش کی ہیں انہیں فراموش نہیں کیا جا سکتا ہے۔ اس لئے اُردو زبان کا پنجاب سے گہراہ تعلق ہے۔ ہندوستان میں اُردو کا مستقبل بہت حد تک پنجاب کے ہاتھ میں ہے۔ اس زبان کو سنبھال کر رکھنے اور سنوارنے کی، ہم سب کی ذمہ داری ہے۔‘‘
  انہوںنے یہ بھی کہاکہ ’’ ایسا نہیں ہےکہ صرف اُردو زبان کا استعمال کم ہورہاہے۔ ہندوستان میں ان دنوں بشمول ہندی سبھی علاقائی زبانوںکا استعمال کم ہواہے۔ اُردو پڑھنےوالے ضرور کم ہوئے ہیںمگراُردو بولنے،سننے، سمجھنے اور محبت کرنےوالے کم نہیںبلکہ بڑھےہیں۔ اگر لوگ یہ سمجھتے ہیںکہ اُردو زبان کا استعمال کم ہواہے تو مجھے بتائیے کہ کس زبان کا استعمال بڑھاہے۔ یہ ضرور ہےکہ سماج میں زبانیں سمٹ رہی ہیں ۔ اس پر توجہ دینےکی ضرورت ہے۔اپنی زبان کے تحفظ کیلئے ضروری ہےکہ بچوںکواپنی زبان پڑھائیں لیکن مایوس ہونےکی ضرورت نہیں ہے۔ ‘‘

urdu Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK