Inquilab Logo

’’جن لوگوں نے آئین کو بدلنے کی بات کہی تھی انہیں اس بار ٹکٹ نہیں دیا گیا‘‘

Updated: April 25, 2024, 9:17 AM IST | Nanded

انقلاب کے سوال پر اشوک چوان کی صفائی، سابق وزیر اعلیٰ نے کہا’’ آئین کی تبدیلی کے تعلق سے درست وہ ہے جو اعلیٰ قیادت نے کہا‘‘

Ashok Chavan found it difficult to defend Narendra Modi`s statements
اشوک چوان کو نریندر مودی کے بیانات کا دفاع کرنے میں دقت پیش آئی

کانگریس چھوڑ کر بی جے پی میں جانے والے سابق وزیر اعلیٰ اشوک چوان  نے کہا ہے کہ   یہ بات سراسر جھوٹ ہے کہ بی جے پی اقتدار میںآنے کے بعد آئین کو تبدیل کر دے گی۔ ان کی توجہ اس جانب دلائی گئی کہ بی جے پی کے کئی لیڈران سرعام یہ کہہ چکے ہیں کہ آئین کو تبدیل کرنے کیلئے بی جے پی کو ۴۰۰؍ سیٹیں درکار ہیں تو اشوک چوان نے جواب دیا  جن لوگوں نے ایسا کہا تھا انہیں پارٹی  نے اس بار ٹکٹ نہیں دیا ہے ۔ آئین کی تبدیلی کے تعلق سے  درست وہی ہے جو پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے کہا ہے۔  اشوک چوان ناندیڑ میں منعقد ہ بی جے پی کی پریس کانفرنس  سے خطاب کر رہے تھے۔ 
  اس دوران ان کی توجہ  نانا پٹولے کے اس الزام کی جانب   دلائی گئی کہ آدرش گھوٹالے کی جانچ سے ڈر کر اشوک چوان بی جے پی میں شامل ہوئے ہیں۔   اشوک چوان نے کہا ’’ نانا پٹولے کے اس الزام میں کوئی دم نہیں ہے کہ آدرش گھوٹالے کی جانچ کے سبب میں نے بی جے پی میں شمولیت اختیار کی ہے۔ اس معاملے میں مجھے بہت پہلے کلین چٹ مل چکی ہے۔ اور یہ معاملہ اب ماضی کی داستان بن چکا ہے۔‘‘ انہوں نے کہا ’’ کانگریس ترقی کی بات کرنے کے بجائے جھوٹے الزامات لگا کر الیکشن جیتنے کی کوشش کر رہی ہے۔‘‘  اشوک چوان نے آئین میں تبدیلی کی بات کو بھی بے بنیاد قرار دیا۔  انہوں نے کہا ’’ وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنی کئی تقریروں میں یہ بات واضح کی ہے کہ بی جے پی اقتدار میں آنے کے بعد ملک کا آئین تبدیل نہیں کرے گی ۔‘‘اس سلسلہ میں نمائندہ انقلاب کی جانب سے یہ سوال پوچھا گیا کہ آئین بدلنے کے بارے میں بی جے پی کے کئی اعلیٰ لیڈران  کھلے عام میڈیا میں بیان دے چکے ہیں اور دہلی میں باضابطہ آئین کی کاپیاں جلانے کا بھی معاملہ پیش آچکاہے ۔ لہٰذا اس بات پر کیسے یقین کیا جائے کہ بی جے پی اقتدار میں آنے کے بعد آئین کو نہیں بدلے گی ؟اس پر اشوک چوان نے صفائی دی کہ ’’ جن لوگوں نے آئین کو بدلنے کی باتیں کی تھی ان کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔  انہیں اس مرتبہ لوک سبھا کا امیدوار نہیں بنایا گیا ہے ۔اور پارٹی اعلیٰ کمان کی بات اس معاملے میں سب سے اہم مانی جائے گی انہوں نے کہہ دیا ہے کہ بی جے پی ملک کا آئین نہیں بد لے گی ۔اس پر لوگوں کو بھروسہ کرنا چاہئے ۔‘‘
 اشوک چوان نے کانگریس پر الزام لگایا کہ وہ ترقی کے موضوع پر الیکشن لڑنے کے بجائے ذاتی بنیادوں پر الزامات لگاکر لوگوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہی ہے اس  پس منظر میں  نمائندہ انقلاب نے اشوک چوان سے  پوچھا کہ ترقی کے نام پر تو وزیراعظم مودی بھی ووٹ نہیں مانگ رہے ہیں بلکہ ہندو مسلم کے موضوع کو اچھال رہے ہیں مسلمانوں کے خلاف حال ہی میں راجستھان میں وزیرعظم نے متنازع بیان دیا ہے۔  اشوک چوان  کچھ دیر کیلئے پس و پیش کا شکار ہوگئے۔ لیکن  انہوں نے نریندر مودی کا دفاع کرنے کیلئے ’’ سب کا ساتھ ، سب کا وکاس ‘ والے نعرے کا حوالہ دیا۔ انہوں نے کہا بی جے پی  ملک کے تمام لوگوں کی بھلائی کیلئے کام کرنے کی پابند ہے۔پریس کانفرنس میں بی جے پی شہر صدر دلیپ کندکرتے اور پروین سالے سمیت دیگر کئی  پارٹی کارکنان  موجود تھے ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK