Inquilab Logo Happiest Places to Work

نتن گڈکری کو دھمکی دینے والوں کو ۵؍ سال قید کی سزا اور جرمانہ

Updated: May 17, 2026, 10:34 AM IST | Ali Imran | Nagpur

۲۰۲۳ء میں کرناٹک کی ایک جیل میں قید ۲؍ لوگوں نے مرکزی وزیر کے دفتر فون لگاکر تاوان مانگا تھا۔

Union Minister Nitin Gadkari. Photo: INN
مرکزی وزیر نتن گڈکری۔ تصویر: آئی این این

ناگپور کی خصوصی عدالت نے مرکزی وزیر نتن گڈکری کے ناگپور میں واقع  دفتر فون لگا کر سو کروڑ روپے تاوان مانگنے کے معاملے میں فیصلہ سنایا ہے۔ اس معاملے دونوں  کلیدی  ملزمین جیش کانت شہیر پجاری اور افسر پاشا کو مجرم قرار دیتے ہوئے ایڈیشنل سیشن جج انل کمار شرما نے ۵؍سال کی قید با مشقت اور ۲۰؍ ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی ہے۔

معلوم ہو کہ یہ معاملہ ۲۰۲۳ ءمیں اس وقت سامنے آیا تھا، جب ملزم نے کرناٹک کے بیلگام میں ہندلگا سینٹرل جیل سے مختلف موبائل نمبروں کا استعمال کرتے ہوئے نتن گڈکری کے ناگپور میں واقع دفتر کے لینڈ لائن فون پر دھمکی آمیز کال کیا تھا۔ پہلے سو کروڑ روپے اور بعد میں دس کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ کرتے ہوئے یہ دھمکی دی گئی تھی کہ اگر یہ رقم ادا نہیں کی گئی تو گڈکری کو جان سے ماردیا جائے گا اور دفتر کو بم سے اڑا دیا جائے گا۔ دھمکی ملنے کے بعد اس معاملے میں دھنتولی پولیس اسٹیشن میں معاملہ درج کیا گیا تھا۔ 

یہ بھی پڑھئے: امتحانی ادارہ یہ ضمانت کب دیگا کہ اب پرچہ لیک نہیں ہوگا؟

تفتیش کے دوران، ناگپور پولیس نے تکنیکی شواہد کی بنیاد پر تیزی سے کارروائی کی۔ پتہ چلا کہ ملزم جیش پجاری کے پاس جیل میں رہتے ہوئے بھی سم کارڈ اور ایک موبائل فون ہے۔ موبائل فون میں طالبان زندہ باد، ٹی ٹی پی زندہ باد جیسےانتہا پسندانہ نعرے لکھے ہوئے ملے۔ اس سے یہ بات سامنے آئی کہ ملزم کا تعلق تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے ہے جبکہ دائود ابراہیم  گینگ سے ان کا لنک ہونے کی بات بھی سامنے آئی۔ پولیس نے اس سازش کو عدالت میں موبائل سی ڈی آر، بینک ٹرانزیکشن اور گواہوں کے بیانات کے ذریعے ثابت کیا۔ استغاثہ نے اس مقدمے میں انتہائی موثر دلیل پیش کی۔ اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر ویدیکا پاٹل نے صرف ڈیڑھ ماہ کے وقت میں ۶۴؍ گواہوں کی جانچ مکمل کی۔  عدالت نے انڈین پینل کوڈ (آئی پی سی) کی دفعہ ۳۸۵، ۳۸۷، ۵۰۶ (۲)، ۵۰۷ اور غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ (یو اے پی اے) کی دفعہ ۱۰، ۱۳ (۱) اور ۱۸ کے تحت ملزم کو مجرم قرار دیا۔ یہ تمام سزائیں بیک وقت سنائی جائیں گی۔ ناگپور پولیس فورس کے اے سی پی نیلیش پالوے، پی آئی پربھاوتی ایکورکے، پی آئی ڈاکٹر ابھیجیت پاٹل، پی آئی رتیش آہیر اور پی آئی کوپرے نے اس پوری تفتیش میں حصہ لیا تھا۔صرف ۳؍ سال کی تفتیش اور سماعت کے بعد ان دونوں کو سزا سنادی گئی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK