Inquilab Logo

کشمیر میں جی ٹوئنٹی کی ’ٹورزم ورکنگ گروپ‘ کی سہ روزہ میٹنگ کا آغاز

Updated: May 23, 2023, 9:21 AM IST | srinagar

کشمیر میں ۲۰؍ ممالک کی تنظیم جی ٹوئنٹی کی سیر و سیاحت سے متعلق ’ٹورزم ورکنگ گروپ‘ کی سہ روزہ میٹنگ کا آغاز ہوچکا ہے۔ ۲۲؍ سے ۲۴؍ مئی تک جاری رہنے والی اس میٹنگ میں شرکت کیلئے آنے والے مندوبین کا سری نگر کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر روایتی انداز میں والہانہ استقبال کیا گیا۔

The delegates were accorded a lavish welcome in Srinagar (Photo: PTI)
سری نگر میں مندوبین کا ان کے شایان شان استقبال کیا گیا (تصویر: پی ٹی آئی)

کشمیر میں  ۲۰؍ ممالک کی تنظیم جی ٹوئنٹی کی سیر و سیاحت سے متعلق  ’ٹورزم ورکنگ گروپ‘ کی سہ روزہ میٹنگ کا آغاز ہوچکا ہے۔ ۲۲؍ سے ۲۴؍ مئی تک جاری رہنے والی اس میٹنگ میں شرکت کیلئے آنے والے مندوبین کا سری نگر کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر روایتی انداز میں والہانہ استقبال کیا گیا۔ یہ اراکین پیر کی صبح یہاں پہنچے ہیں۔   اس میٹنگ میں جی ٹوئنٹی کے چین سمیت ۵؍ اہم ممالک نے شرکت سے انکار کیا ہے۔
 بعد ازاں مندوبین کا یہ قافلہ سخت سیکوریٹی بندوبست کے درمیان شہرہ آفاق جھیل ڈل کے کناروں اور زبرون پہاڑی سلسلے کے دامن میں واقع شیر کشمیر انٹرنیشنل کنوکیشن سینٹر (ایس کے آئی سی سی) پہنچا جہاں جی ٹوئنٹی سربراہی اجلاس منعقد ہونے والا ہے۔جموںکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا اس اجلاس کا افتتاح کریں گے جبکہ مرکزی وزیر سیاحت جی کے ریڈی اور وزیر اعظم کے دفتر میں تعینات مرکزی وزیر ڈاکٹر جتندر سنگھ اس اجلاس میں مہمانان خصوصی کے طور پر شرکت کریں گے۔وادی میں منعقد ہونے والے اس سہ روزہ اجلاس کی نگرانی کیلئے تین درجے کی سیکوریٹی گرڈ کا بندوبست کیا گیا ہے اور مقام اجلاس کے گرد وپیش نیشنل سیکورٹی گارڈز (این ایس جی) اور مارکوس کمانڈوز کو تعینات کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ پورے خطے میں فضائی نگرانی کیلئے ڈرون نصب کئے گئے ہیں۔مندوبین کے استقبال کیلئے سری نگر کی سڑکوں اور دیواروں کو سجایا گیا ہے۔
 خیال رہے کہ ۲۰۱۹ء میں دفعہ۳۷۰ء کی تنسیخ کے بعد جموں کشمیر میں منعقد ہونے والے اپنی نوعیت کے اس پہلے اجلاس میں ۶۰؍  بین الاقوامی مندوبین شرکت کر رہے ہیں۔اجلاس میں پانچ اہم ترجیحی شعبوں یعنی گرین ٹورزم، ڈجیٹلائزیشن، ہنر، این ایس ایم ایز اور ڈسٹی نیشن مینجمنٹ پر بات چیت اور تبادلہ خیال کرنے کے علاوہ مندوبین جھیل ڈل کے کناروں پر واقع مشہور مغل باغات کا بھی دورہ کریں گے۔بی جے پی کشمیر میں جی ٹوئنٹی کے انعقاد کی کریڈٹ بھی لینے کی کوشش کررہی ہے۔جموںکشمیر یونٹ کے بی جے پی صدر رویندر رینہ نے اس امید کا اظہار کیا کہ اجلاس سے متعلق پھیلایا گیا منفی پروپیگنڈا ناکام ہوگا۔انہوں نے کہا کہ یونین ٹریٹری کے لوگ وزیر اعظم مودی کے شکر گزار ہیں جنہوں نے ہمیں اس اجلاس میں شرکت کرنے والے مندوبین کے استقبال کا موقع فراہم کیا۔ 
  اس دورے میں دیگر مصروفیات کے علاوہ مندوبین سری نگر میں گورنمنٹ آرٹ امپوریم کا بھی دورہ کریں گے جہاں وہ دستکاروں کے ساتھ بات چیت کریں گے اور اس موقع دستکار اپنے ہنر کا مظاہرہ بھی کریں گے۔ مندوبین کا قافلہ پولو ویو مارکیٹ کا بھی دورہ کرے گا جہاں وہ مقامی تاجروں کے ساتھ گفت و شنید کریں گے۔دوسری طرف محکمہ ٹریفک نے ایک ایڈوائزری جاری کی ہے اور ایس کے آئی سی سی کی طرف جانے والے روڈ پر تین دنوں کیلئے ٹریفک کی نقل و حمل پر پابندی عائد کر دی ہے تاکہ تمام ممکنہ خدشات پر قابو پایا جاسکے۔

kashmir Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK