Inquilab Logo

ممبئی- احمدآباد ہائی وے پر تصادم کے بعد ۳؍ گاڑیوں میں آگ لگ گئی

Updated: January 07, 2021, 10:07 AM IST | Divakar Sharma | Virar

ایک ڈرائیور زخمی ۔ شاہراہ پر دونوں جانب گاڑیوں کی آمدورفت بری طرح متاثر۔ کافی کوششوں کے بعد ممبئی کی طرف کے راستے کو صاف کیا گیا

Road Accident - Pic : Hanif Patel
علی الصباح ایک کنٹینر بے قابو ہوکر پلٹ گیا تھا ۔ حنیف پٹیل

یہاں ممبئی -احمدآبادہائی وے پر بدھ کی علی الصباح سامان سے لدی ۳؍ گاڑیوں میں تصادم ہوگیا جس کے بعد کارڈبورڈ سے لدے ٹرک میں اچانک آگ لگ گئی جس کی زد میں دیگر ۲؍ گاڑیاں بھی آگئیں۔ اس حادثہ کے سبب شاہراہ کے دونوں جانب گاڑیوں کی آمدورفت بری طرح متاثر ہوئی اور کافی جدوجہد کے بعد ممبئی کی طرف کے راستے کو صاف کیا گیا۔ تاہم گجرات کی طرف جانے والی گاڑیاں رک گئیں۔  یہ اطلاع میرابھائندر وسئی ویرار کے ترجمان تیکارام ٹھکر نے دی ہے ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’’جلد ہی ٹریفک کیلئے راستے کو صاف کردیا جائے گا۔‘‘
 اس بارے میں ویرار پولیس اسٹیشن کے ایک افسر نے اس نمائندے کو بتایا کہ علی الصباح ساڑھے ۳؍ بجے سامان سے لدے ایک کنٹینر کے ڈرائیور نے گاڑی پر قابو کھو دیااورکنٹینرپلٹ گیا جس کے بعد ممبئی کی جانب سے آنے والے ایک کنٹینرسے اس کا تصادم ہوگیا۔ اسی دوران گجرات سے آنے والا ٹرک جو کنٹینر کےساتھ ہی دوڑ رہا تھا ، کو بھی اس کی زوردار ٹکر لگ گئی۔ 
 اس تعلق سے پولیس افسر نے بتایا کہ ’’تصادم کے بعد ٹرک میں آگ لگ گئی  جس نے دیگر ۲؍ گاڑیوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ ایک گاڑی کا ڈرائیور اس حادثہ میں معمولی طورپر زخمی ہوگیا جسے طبی امداد کیلئے قریبی اسپتال لے جایا گیا۔ گجرات سے آنے والے کنٹینر کے ڈرائیور دیارام تنوجیا(۴۰) کو ویرار پولیس نے لاپروائی سے گاڑی چلانے کے الزام میں گرفتار کرلیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK