Updated: November 25, 2026, 5:04 PM IST
| New York
دنیا کے معروف میوزک اسٹریمنگ پلیٹ فارمز میں شامل ٹائیڈل نے مصنوعی ذہانت (اے آئی ) کے ذریعے مکمل طور پر تیار کیے گئے گانوں کے خلاف بڑا قدم اٹھانے کا اعلان کیا ہے۔ کمپنی نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ اپنے پلیٹ فارم سے ایسے تمام گانوں کو ہٹا دے گی جو مکمل طور پر مصنوعی ذہانت کی مدد سے تیار کیے گئے ہیں۔
ٹائیڈل۔ تصویر:آئی این این
دنیا کے معروف میوزک اسٹریمنگ پلیٹ فارمز میں شامل ٹائیڈل نے مصنوعی ذہانت (اے آئی ) کے ذریعے مکمل طور پر تیار کیے گئے گانوں کے خلاف بڑا قدم اٹھانے کا اعلان کیا ہے۔ کمپنی نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ اپنے پلیٹ فارم سے ایسے تمام گانوں کو ہٹا دے گی جو مکمل طور پر مصنوعی ذہانت کی مدد سے تیار کیے گئے ہیں۔ اس فیصلے کے تحت تقریباً ۲ ؍کروڑ ۷۰ ؍لاکھ سے زائد گانے پلیٹ فارم سے حذف کیے جا سکتے ہیں۔ نئے ضابطے کا اطلاق ۹ ؍دسمبر ۲۰۲۶ ءسے ہوگا اور کمپنی کو امید ہے کہ موجودہ گانوں کو ہٹانے کا عمل آئندہ سال کے آغاز تک مکمل کرلیا جائے گا۔ٹائیڈل کا یہ فیصلہ موسیقی کی صنعت میں مصنوعی ذہانت کے بڑھتے ہوئے استعمال اور اس کے نتیجے میں سامنے آنے والے چیلنجز کے درمیان سامنے آیا ہے۔
گزشتہ چند مہینوں کے دوران اے آئی کی مدد سے تیار کیے جانے والے گانوں کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔ کمپنی کے مطابق گزشتہ ۹۰ ؍دنوں کے دوران اس کے پلیٹ فارم پر اپ لوڈ کیے گئے مجموعی گانوں میں سے تقریباً ۴۳ فیصد ایسے تھے جو مکمل طور پر مصنوعی ذہانت کے ذریعے تیار کیے گئے تھے۔ یہ صورت حال موسیقی کے حقیقی فنکاروں، گلوکاروں اور موسیقاروں کے لیے تشویش کا باعث بن رہی ہے۔ٹائیڈل کے مطابق اس کے میوزک کلیکشن میں تقریباً ۲ ؍کروڑ ۷۰؍ لاکھ ایسے گانے موجود ہیں جنہیں مکمل طور پر مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ قرار دے کر نشان زد کیا گیا ہے۔ یہ تعداد پلیٹ فارم پر موجود موسیقی کے مجموعی ذخیرے کا تقریباً ۶ء۳ ؍فیصد ہے۔کمپنی کے اعداد و شمار کا ایک اہم پہلو یہ بھی ہے کہ اے آئی سے تیار کردہ نشان زدہ گانوں میں سے تقریباً ۹۶ ؍فیصد کو گزشتہ تین ماہ کے دوران ایک مرتبہ بھی نہیں سنا گیا۔ اس کے باوجود ایسے گانوں کی مسلسل بڑھتی ہوئی تعداد پلیٹ فارم پر موجود حقیقی موسیقی اور فنکاروں کے کام کو نمایاں ہونے سے روک سکتی ہے۔ٹائیڈل کے مطابق ۶ نومبر کو پلیٹ فارم کو موصول ہونے والے نئے گانوں میں ۶۰ فیصد سے زیادہ مکمل طور پر مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ تھے۔ اس صورت حال نے کمپنی کو اپنی پالیسی مزید سخت کرنے پر مجبور کیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے:’’ایران کے خلاف فوری کارروائی کی ضرورت نہیں‘‘
نئے ضابطے کے تحت ۹ ؍دسمبر سے ٹائیڈل نہ صرف پہلے سے موجود مکمل اے آئی گانوں کو ہٹانا شروع کرے گا بلکہ ایسے نئے گانوں کو بھی قبول نہیں کرے گا۔ کمپنی موسیقی تقسیم کرنے والی ایجنسیوں اور ڈسٹری بیوٹرز کو بھی ہدایت دے گی کہ وہ مکمل طور پر مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ موسیقی پلیٹ فارم پر بھیجنا بند کردیں۔اس کے علاوہ اگر کسی گانے کے جمع کرائے گئے کوائف (Metadata) سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ اسے مکمل طور پر اے آئی کے ذریعے تیار کیا گیا ہے تو اسے خودکار طریقے سے مسترد کردیا جائے گا۔ اندازہ ہے کہ نئے ضابطے کے بعد روزانہ تقریباً ۸۰ ؍ہزار سے ۸۵ ؍ہزار ایسے گانوں کو پلیٹ فارم پر آنے سے روکا جاسکے گا۔
ٹائیڈل نے واضح کیا ہے کہ اس فیصلے کا مقصد موسیقی کی تخلیق میں مصنوعی ذہانت کے ہر قسم کے استعمال کو روکنا نہیں ہے۔ کمپنی صرف ان گانوں کو نشانہ بنائے گی جو مکمل طور پر جنریٹو اے آئی کے ذریعے تیار کیے گئے ہوں۔اگر کوئی گلوکار، موسیقار یا پروڈیوسر اپنی موسیقی تیار کرنے، آواز کو بہتر بنانے، ریکارڈنگ یا دیگر تخلیقی مراحل میں مصنوعی ذہانت سے مدد لیتا ہے تو ایسے گانوں کو پلیٹ فارم پر جگہ ملتی رہے گی، بشرطیکہ وہ مکمل طور پر اے آئی سے تیار کردہ نہ ہوں۔اس طرح ٹائیڈل نے انسانی تخلیقی صلاحیتوں اور مصنوعی ذہانت کے معاون استعمال کے درمیان فرق واضح کرنے کی کوشش کی ہے۔
واضح رہے کہ ٹائیڈل نے اس سے قبل جون ۲۰۲۶ء میں اپنی اے آئی پالیسی متعارف کرائی تھی، جس کے تحت مکمل طور پر مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ گانوں کی شناخت کرکے ان پر اے آئی کا نشان لگانے اور ان کی رائلٹی کی ادائیگی روکنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔کمپنی کا کہنا تھا کہ موسیقی کی صنعت میں اصل تخلیق کاروں کے حقوق کا تحفظ ضروری ہے اور رائلٹی کی رقم ان فنکاروں تک پہنچنی چاہیے جنہوں نے اپنی محنت، صلاحیت اور تخلیقی مہارت سے موسیقی تیار کی ہے۔تاہم اس اقدام کے باوجود اے آئی سے تیار ہونے والے گانوں کی آمد میں خاطر خواہ کمی نہیں آئی، جس کے بعد کمپنی نے انہیں مکمل طور پر پلیٹ فارم سے ہٹانے کا فیصلہ کیا۔
یہ بھی پڑھئے:فواد اور ماہرہ نیٹ فلکس کی پہلی پاکستانی اوریجنل سیریز میں مرکزی کردار ادا کریں گے
ٹائیڈل کی پالیسی کا ایک اہم مقصد معروف گلوکاروں اور موسیقاروں کی آوازوں اور شناخت کا غیر مجاز استعمال روکنا بھی ہے۔ مصنوعی ذہانت کی مدد سے بعض افراد مشہور فنکاروں کی آواز سے ملتے جلتے گانے تیار کرکے انہیں اصل فنکاروں کے نام سے پیش کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔کمپنی کے مطابق اس نے اب تک تقریباً ۶۵؍ہزار ایسے گانے بھی ہٹائے ہیں جن کے بارے میں شبہ تھا کہ وہ حقیقی فنکاروں کی نقل یا ان کی شناخت کے غیر مجاز استعمال پر مبنی تھے۔اے آئی سے تیار کردہ موسیقی کی شناخت کے لیے ٹائیڈل فرانسیسی آڈیو ٹیکنالوجی کمپنی آئی آر سی اے ایم ایمپلیفائی کی ٹیکنالوجی سے بھی مدد لے رہا ہے۔ اس کے ساتھ گانوں کے میٹا ڈیٹا کی جانچ بھی کی جائے گی تاکہ مکمل طور پر مصنوعی موسیقی کی شناخت اور روک تھام ممکن ہوسکے۔
ٹائیڈل کے اس فیصلے سے عالمی میوزک اسٹریمنگ انڈسٹری میں مصنوعی ذہانت کے استعمال پر نئی بحث شروع ہونے کا امکان ہے۔ بعض پلیٹ فارمز اے آئی سے تیار کردہ موسیقی کو صرف نشان زد کرنے یا صارفین کو اسے فلٹر کرنے کی سہولت دینے کی پالیسی اختیار کررہے ہیں، جبکہ ٹائیڈل نے ایسے گانوں کو مکمل طور پر ہٹانے کا راستہ منتخب کیا ہے۔موسیقی کی صنعت سے وابستہ حلقوں کا ماننا ہے کہ مصنوعی ذہانت موسیقی کی تخلیق کو آسان بنانے کے ساتھ نئے امکانات بھی پیدا کررہی ہے، لیکن اس کے بے تحاشا استعمال سے حقیقی فنکاروں کی محنت، تخلیقی حقوق اور آمدنی متاثر ہونے کا خدشہ بھی موجود ہے۔ٹائیڈل کا یہ اقدام اس بات کی جانب اشارہ کرتا ہے کہ مستقبل میں میوزک اسٹریمنگ پلیٹ فارمز پر انسانی تخلیق اور مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ مواد کے درمیان فرق مزید اہمیت اختیار کرسکتا ہے۔ اب دیکھنا یہ ہوگا کہ ٹائیڈل کے اس فیصلے کے بعد دیگر بڑے میوزک پلیٹ فارمز بھی اسی طرح کی سخت پالیسی اختیار کرتے ہیں یا نہیں۔