کمزور دیوار کے تعلق سے شکایت ملنے کے باوجود اسکول انتظامیہ نے کوئی توجہ نہیں دی
EPAPER
Updated: May 30, 2025, 11:25 PM IST | Ejaz Abdul Ghani | Mumbai
کمزور دیوار کے تعلق سے شکایت ملنے کے باوجود اسکول انتظامیہ نے کوئی توجہ نہیں دی
یہاں کے بینلی گاؤں میں کے بی کے انٹرنیشنل اسکول کی خستہ حال حفاظتی دیوار اچانک منہدم ہوگئی۔اس حادثہ میں ایک ۱۱؍ سال کے بچے کی دردناک موت واقع ہوگئی جبکہ ۲؍ بچے شدید طور پر زخمی ہوگئے جنہیں علاج کیلئے ممبئی روانہ کیا گیا ہے۔اس سانحہ سے ایک مرتبہ پھر پرائیویٹ اسکولوں کی تعمیر پر سوال اٹھنے لگے ہیں۔عیاں رہے کہ بنیلی میں متعدد اسکول غیرقانونی طور پر جاری ہیں۔کے ڈی ایم سی کے محکمہ ایجوکشن نے حال ہی میں ایسی اسکولوں کو بند کرنے کا فرمان جاری کیا تھا۔
جمعہ کی دوپہر تقریبا ۳ ؍بجے اسکول کی حفاظتی دیوار کے پیچھے تعمیر ایک چال کے پاس ۳؍ بچے کھیل رہے تھے۔اچانک حفاظتی دیوار منہدم ہوگئی جس میں ۳؍بچے دب گئے۔مقامی نوجوانوں نے فوراً جائے وقوعہ پر پہنچ کر امدادی کام شروع کیا۔تینوں زخمی بچوں کو کلیان کے ایک نجی اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے انش راجکمار سنگھ(۱۱) کو مردہ قرار دیا جبکہ شدید طور پر زخمی شعیب شیخ اور ابھیشیک کو علاج کیلئے ممبئی کے سرکاری اسپتال روانہ کردیا گیا۔اس حادثہ سے پورے علاقے کا ماحول سوگوار ہوگیا ہے۔
انش راجکمار سنگھ کی والدہ کے آنسو رکنے کا نام نہیں لے رہے ہیں۔والدین نے الزام عائد کیا کہ یہ حادثہ اسکول انتظامیہ کی لاپروائی کی وجہ سے پیش آیا ہے۔ متعدد مرتبہ اسکول انتظامیہ سے خستہ حال دیوار کو نئے سرے سے تعمیر کرنے کا مطالبہ کیا گیا لیکن اس جانب کوئی توجہ نہیں دی گئی۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی کے ڈی ایم سی کے اسسٹنٹ میونسپل کمشنر پرمود پاٹل اورٹٹوالا پولیس اسٹیشن کے اہلکاروں نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا اور یقین دہانی کروائی کے قصورواروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔