• Sun, 02 November, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

۱۴۲؍ سال بعد گاؤدی کا خواب حقیقت کے قریب، سگرادا فیمیلیا دنیا کا بلند ترین چرچ

Updated: November 01, 2025, 10:03 PM IST | Barcelona

بارسلونا (اسپین) میں واقع مشہور چرچ سگرادا فیمیلیا (Sagrada Família) نے ۱۴۲؍ سال بعد ایک تاریخی سنگ میل عبور کر لیا ہے۔ افسانوی معمار انتونی گاؤدی کے اس عظیم الشان شاہکار نے اپنے مرکزی ٹاور پر صلیب کا پہلا حصہ نصب ہونے کے بعد دنیا کے سب سے اونچے چرچ کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔

Photo: X
تصویر: ایکس

اسپین کے شہر بارسلونا میں واقع مشہور سگرادا فیمیلیا (Sagrada Família) نے جمعرات کو ایک تاریخی سنگ میل عبور کر لیا ہے۔ افسانوی معمار انتونی گاؤدی (Antoni Gaudí) کے اس عظیم الشان شاہکار نے اپنے مرکزی ٹاور پر صلیب کا پہلا حصہ نصب ہونے کے بعد باضابطہ طور پر دنیا کے سب سے اونچے چرچ کا درجہ حاصل کر لیا ہے۔ یہ اعزاز اس کی تعمیر کے آغاز کے ۱۴۲؍ سال بعد حاصل ہوا، جس نے اسے فنِ تعمیر کی تاریخ میں ایک نیا ریکارڈ ہولڈر بنا دیا۔

تعمیر کا سنگ میل
تازہ ترین پیش رفت کے بعد بیسیلیکا کی اونچائی ۹۱ء۱۶۲؍ میٹر تک پہنچ گئی ہے۔ جب ایک کرین نے ’’ٹاور آف جیسس کرائسٹ‘‘ کے پہلے حصے کو مرکزی گنبد کی چوٹی پر نصب کیا تو یہ تاریخی لمحہ وہاں موجود ہزاروں افراد کے اسمارٹ فون میں قید ہوگیا۔ منصوبے کے مطابق، آنے والے مہینوں میں ٹاور میں صلیب کے باقی حصے شامل ہونے کے بعد اس کی حتمی بلندی ۱۷۲؍ میٹر تک پہنچ جائے گی۔ اس کے ساتھ ہی سگرادا فیمیلیا نے جرمنی کے الم منسٹر (Ulm Minster) کو پیچھے چھوڑ دیا ہے جو ۱۸۹۰ء سے دنیا کا سب سے اونچا چرچ مانا جاتا تھا۔

گاؤدی کا وژن اور تاریخی پس منظر
انتونی گاؤدی نے ۱۸۸۳ء میں اس عظیم منصوبے پر اس وقت کام شروع کیا، جب انہوں نے معمار فرانسسکو ڈی پاؤلا ڈیل ولر کے گوتھک ریویول طرز کے ابتدائی ڈیزائن کو سنبھالا اور اسے دنیا کے سب سے منفرد اور علامتی تعمیراتی منصوبے میں بدل دیا۔ ابتدائی طور پر اس منصوبے کو عقیدت مند کیتھولک عوام کے عطیات سے مالی مدد حاصل ہوئی۔ گاؤدی کا مقصد ایک ایسی عبادت گاہ تعمیر کرنا تھا جو ایمان، فن، اور صبر کی علامت بن جائے۔ ۱۹۲۶ء میں گاؤدی کی ایک حادثے میں وفات کے وقت صرف ایک ٹاور مکمل ہوا تھا، مگر ان کے شاگردوں اور بعد کے معماروں نے ان کے خواب کو آگے بڑھایا۔ آج یہ منصوبہ سگرادا فیمیلیا فاؤنڈیشن کی نگرانی میں جاری ہے، جو سیاحوں کی آمدنی اور نجی عطیات سے اسے فنڈ کرتی ہے۔

چیلنجز اور تاخیر
سگرادا فیمیلیا کی تعمیر ایک صدی سے زائد طویل اور چیلنجز سے بھرپور سفر رہا ہے۔ ہسپانوی خانہ جنگی کے دوران گاؤدی کے کئی اصل ماڈلز اور خاکے تباہ ہو گئے، جنہیں بعد میں موجودہ معماروں نے محدود معلومات سے ازسرِنو تخلیق کیا۔ مزید برآں، کووِڈ ۱۹؍ وبا نے بھی تعمیر ی کام متاثر کیا، کیونکہ سیاحتی آمدنی میں کمی سے فنڈنگ رک گئی تھی۔ تاہم، پچھلی دہائی میں تعمیراتی رفتار میں تیزی آئی ہے کیونکہ دنیا بھر سے آنے والے لاکھوں سیاح اس فن پارے کو دیکھنے کیلئے بارسلونا کا رخ کرتے ہیں۔ ۲۰۲۴ء میں ۹ء۴؍ ملین سیاحوں نے سگرادا فیمیلیا کا دورہ کیا، جس کی آمدنی نے اس تاریخی منصوبے کو مالی سہارا فراہم کیا۔

یہ بھی پڑھئے: مغل دور کے فنکار بساون کی پینٹنگ کرسٹیز لندن میں ریکارڈ قیمت میں نیلام

مکمل ہونے کی تاریخ اور مستقبل کا مرحلہ
سگرادا فیمیلیا کے جنرل ڈائریکٹر زیویئر مارٹنیز کے مطابق، مرکزی ٹاور ۲۰۲۶ء میں مکمل ہو جائے گا جو کہ گاؤدی کی وفات کے ۱۰۰؍ سال کی یادگار بھی ہوگی۔ اس کے بعد منصوبے کے آخری مرحلے میں آرائشی اگواڑے، مجسمے، اور یادگاری سیڑھیوں پر کام اگلی دہائی تک جاری رہے گا۔ سگرادا فیمیلیا صرف ایک چرچ نہیں بلکہ فن، ایمان، اور انسانی صبر کی لازوال علامت ہے۔ ۱۸۸۲ء میں رکھا گیا پہلا سنگ بنیاد آج ۲۱؍ ویں صدی میں انسان کی تخلیقی طاقت اور روحانی وابستگی کی گواہی دیتا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK