نوی ممبئی میں ہندوستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ویمنز ون ڈے ورلڈ کپ ۲۰۲۵ء کے فائنل سے قبل ٹکٹوں کی فروخت میں افراتفری ہے۔ شائقین اسٹیڈیم کے باہر لمبی قطاروں میں گھنٹوں سے انتظار کر رہے ہیں جبکہ آن لائن پلیٹ فارمز پر ٹکٹ منٹوں میں ختم ہو گئے۔
EPAPER
Updated: November 01, 2025, 10:02 PM IST | Mumbai
نوی ممبئی میں ہندوستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ویمنز ون ڈے ورلڈ کپ ۲۰۲۵ء کے فائنل سے قبل ٹکٹوں کی فروخت میں افراتفری ہے۔ شائقین اسٹیڈیم کے باہر لمبی قطاروں میں گھنٹوں سے انتظار کر رہے ہیں جبکہ آن لائن پلیٹ فارمز پر ٹکٹ منٹوں میں ختم ہو گئے۔
نوی ممبئی میں ہندوستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ویمنز ون ڈے ورلڈ کپ ۲۰۲۵ء کے فائنل میچ میں صرف چند گھنٹے باقی ہیں، مگر ٹکٹ حاصل کرنے کیلئے شائقین کرکٹ کی بےچینی بڑھتی جا رہی ہے۔ سنیچر کو ڈی وائی پاٹل اسٹیڈیم کے باہر ٹکٹ کاؤنٹر کے سامنے لمبی قطاریں لگ گئیں، جہاں کئی افراد ۳۶؍ گھنٹے سے زائد انتظار کر رہے تھے۔ تاہم، انتظامیہ کی جانب سے اب تک آف لائن ٹکٹوں کی فروخت کے آغاز سے متعلق کوئی باضابطہ وضاحت سامنے نہیں آئی۔ آن لائن فروخت کے معاملے میں، ٹکٹوں کا ایک بڑا حصہ پہلے ہی فروخت ہو چکا تھا، حتیٰ کہ اس وقت فائنل میں ہندوستان نے جگہ بنائی تھی۔ بک مائی شو پر دیر سے فروخت شروع ہونے پر شائقین میں مایوسی دیکھی گئی، لیکن جیسے ہی فروخت کا عمل شروع ہوا، تمام ٹکٹ چند منٹوں میں بک ہو گئے اور ویب سائٹ پر ’’سیل آؤٹ‘‘ کا پیغام نمایاں ہو گیا۔
یہ بھی پڑھئے: ایک مہینے کی بے چینی کے بعد یہ ایک خواب کی مانند محسوس ہوا: روڈریگیز
ویمنز ون ڈے ورلڈ کپ کا فائنل اتوار ۲؍ نومبر ۲۰۲۵ء کی دوپہر ۳؍ بجے شروع ہوگا۔ وایاگوگو (Viagogo) جیسی ری سیل ویب سائٹس پر کچھ ٹکٹ اب بھی دستیاب ہیں، مگر قیمتیں حد سے زیادہ بڑھی ہوئی ہیں۔ عام ٹکٹ جن کی قیمت ۱۵۰؍ روپے سے شروع ہوتی ہے، اب ۶۵۰۰؍ روپے سے ۳۶ء۱؍ لاکھ روپے تک میں فروخت ہو رہے ہیں۔ دوسری جانب، ہندوستانی خواتین کرکٹ ٹیم تاریخ رقم کرنے کے قریب ہے کیونکہ وہ اتوار کو جنوبی افریقہ کے خلاف فائنل میں میدان میں اترنے جا رہی ہے۔ اگر ٹیم فتح حاصل کرتی ہے تو بی سی سی آئی نے عندیہ دیا ہے کہ انہیں مردوں کی ٹیم کی طرح بھرپور انعام سے نوازا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق، بی سی سی آئی کے اعلیٰ حکام ’’برابری کی اجرت‘‘ کے اصول پر عمل کرتے ہوئے خواتین ٹیم کو وہی رقم دینے پر غور کر رہے ہیں جو گزشتہ سال امریکہ میں مردوں کی ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ جیتنے کے بعد روہت شرما کی قیادت میں ٹیم انڈیا کو دی گئی تھی۔ اس وقت کھلاڑیوں اور معاون عملے کو مجموعی طور پر ۱۲۵؍ کروڑ روپے کا انعام دیا گیا تھا، جب انہوں نے فائنل میں جنوبی افریقہ کو شکست دی تھی۔
یہ بھی پڑھئے: ہندوستان اور جنوبی افریقہ کی خواتین ٹیم اپنا پہلا ورلڈ کپ خطاب جیتنے کے لئے پرجوش
بی سی سی آئی کے ایک عہدیدار نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ ’’بی سی سی آئی مردوں اور خواتین کھلاڑیوں کیلئے یکساں تنخواہ کی پالیسی پر کاربند ہے۔ اگر ہماری خواتین کھلاڑی ورلڈ کپ جیتتی ہیں تو انہیں انعام کے معاملے میں کسی طور پیچھے نہیں رکھا جائے گا۔‘‘ یاد رہے کہ ۲۰۱۷ء میں جب ہندوستانی خواتین ٹیم لارڈز میں انگلینڈ کے خلاف ورلڈ کپ فائنل ۹؍ رنز سے ہار گئی تھی، تو بی سی سی آئی نے ہر کھلاڑی کو ۵۰؍ لاکھ روپے کا انعام دیا تھا۔ اس وقت کے ہیڈ کوچ تشار اروٹھے اور دیگر معاون عملے کو بھی خاص انعام سے نوازا گیا تھا۔اب آٹھ سال بعد، اگر ہرمن پریت کور کی قیادت میں ٹیم انڈیا فتح حاصل کر لیتی ہے تو ماہرین کے مطابق ہر کھلاڑی کو ۱۰؍ گنا زیادہ انعام ، یعنی کم از کم ۵؍ کروڑ روپے تک ، مل سکتا ہے۔