Inquilab Logo

عازمین کیلئے دوسری قسط جمع کرانے کی آج آخری تاریخ

Updated: March 27, 2024, 10:19 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

محرم کیلئے مختص ۵۰۰؍ سیٹوں میں سے مہاراشٹر کو ۸۵؍سیٹیں ملیں۔ ان خواتین کواپنے کاغذات اوررقم ۵؍اپریل تک جمع کرانا ہوگا

A view of submission of documents to the State Haj Committee.
ریاستی حج کمیٹی میں کاغذات جمع کرانےکا ایک منظر۔ ( فائل فوٹو: انقلاب )

قرعہ اندازی میں منتخب عازمین اورویٹنگ لسٹ کنفرم ہونے والے تمام عازمین کو دوسری قسط کےطور پر ایک لاکھ ۷۰؍ ہزار روپے جمع کرانے کیلئے توسیع شدہ تاریخ کا آج  بروز جمعرات ۲۸؍ مارچ آخری دن ہے ۔ اسی کے ساتھ ایسی خواتین جو محرم کے زمرے میں شامل تھیں، یعنی ان کے شوہروں یا اہل خانہ نے درخواست دی تھی اور اسے قبول کرلیا گیا تھا لیکن پاسپورٹ نہ ہونے سے ایسی خواتین درخواست نہیں دے سکی تھیں، ان کیلئے ملکی سطح پر ۵۰۰؍سیٹیں رکھی گئی تھیں۔محرم کے کیس میں شامل خواتین کے لئے بھی قرعہ اندازی کی گئی اوراس میں مہاراشٹر کو۸۵؍ سیٹیں ملی ہیں۔
  محرم کے کیس میں شامل ان تمام خواتین کو پورے کاغذات اور میڈیکل سرٹیفکیٹ کے ساتھ ۲؍لاکھ ۵۱؍ ہزار ۸۰۰؍ روپے۵؍ اپریل تک اسٹیٹ حج کمیٹی میں جمع کرانا ہوگا۔رقم حج کمیٹی آف انڈیا کے اکاؤنٹ میں جمع کرانی ہوگی اوراس کی رسید ریاستی حج کمیٹی کے دفتر میں پیش کرنی ہوگا۔دوسری قسط جمع کرانے کی تاریخ  میں مزیدتوسیع کی جائے گی یا نہیں، اس کا فیصلہ آج (جمعرات) ہوگا ۔ اگر تاریخ میں مزید توسیع کی جاتی ہے توعازمین کومطلع کیا جائے گا۔
  اس بارے میں ریاستی حج کمیٹی کے ایگزیکٹیوآفیسر(سی او) امتیازقاضی  نے انقلاب کو بتایاکہ ’’دوسری قسط جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کی گئی تھی وہ بھی آج ختم ہوجائے گی۔ اس لئے عازمین سے درخواست کی گئی ہےکہ وہ مزیدانتظار کئے بغیر دوسری قسط جمع کرادیں ،بقیہ رقم ریال وغیرہ کی قیمت طے ہونے کے بعد جب حج  کا مکمل  خرچ بتایا جائے گا تب جمع کرانی ہوگی۔‘‘
 انہوںنے یہ بھی بتایاکہ ’’ محرم کے کیس میں شامل خواتین کےلئے حج کمیٹی آف انڈیا کی جانب سے ۵؍اپریل تک کاغذات اوررقم جمع کرانےکی سہولت دی گئی ہے۔ خواتین اس کا خیال رکھیں اورمقررہ تاریخ کے اندر دستاویزات اوررقم جمع کرادیں تاکہ آگے کی کارروائی شروع ہوسکے۔‘‘امتیازقاضی کے مطابق ’’مہاراشٹر میں اب تک ۲۴۰۰؍ سےزائد ویٹنگ لسٹ کنفرم ہوچکی ہے اور عازمین کواس سے مطلع بھی کیا گیاہے۔ امید ہے کہ۴؍ہزارتک ویٹنگ لسٹ کنفرم ہو جائے گی ۔جیسے جیسے ویٹنگ لسٹ کنفرم ہورہی ہے ،عازمین کومطلع کیاجارہا ہے کہ تاکہ وہ بلاتاخیر حج کے لئے تیاری کرسکیں ۔ ‘‘

hajj Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK