Inquilab Logo

حج کمیٹی کا ۴۱۹؍عازمین کا نا م کینسل کرنے کا انتباہ

Updated: April 04, 2024, 11:17 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

یہ عازمین ویٹنگ لسٹ کنفرم ہونےوالوں میں شامل ہیں جنہوں نے آخری تاریخ گزرنے کے۹؍دن بعد بھی رقم جمع نہیں کرائی ہے۔ محرم کیس میں دستاویزات اور رقم جمع کرانے کی آج آخری تاریخ۔

Pilgrims are waiting for the announcement of the full Hajj expenses. Photo: INN
عازمین مکمل سفرحج کے خرچ کے اعلان کے منتظر ہیں۔ تصویر : آئی این این

مہاراشٹر میں ۲؍ہزار ۴۹۹؍ ویٹنگ لسٹ کنفرم ہوئی ہے مگر آخری تاریخ یعنی ۲۸؍مارچ تک دی گئی مہلت کے باوجود اب تک ۴۱۹؍ عازمین‌نے پیسے جمع نہیں کرائے ہیں اس لئے ان کو انتباہ دیا گیا ہے کہ ان کا نام کینسل کردیا جائے گا۔ دوسرے مکمل حج خرچ ۱۰؍ اپریل تک اعلان کئے جانے کی امید ہے۔‌اب تک عازمین ۲؍ لاکھ ۷۱؍ ہزار روپے جمع کراچکے ہیں۔ اس کے علاوہ محرم کیس میں رقم اور کاغذات جمع کرانے کی جمعہ۵؍اپریل (آج)آخری تاریخ ہے۔
 ریاستی حج کمیٹی کے ایگزیکٹیوآفیسر امتیازقاضی کے مطابق ’’ایسے عازمین کوفون پر مطلع کیا گیاہے کہ آخری تاریخ گزرجانے کےباوجود انہوںنے رقم جمع نہیںکرائی ہے۔اس لئے مزیدتاخیر نہ کریں ، بصورت دیگر ان کا نام کینسل کرکے ویٹنگ لسٹ کے دیگرعازمین کوموقع دیا جائے گا۔ ‘‘انہوںنے یہ بھی بتایا کہ’’عازمین کوپیشگی اطلاع اسی لئے دی جاتی ہے تاکہ وہ وقت پراپناکام پورا کرلیںاورترتیب کے مطابق دوسرا کام آگے بڑھایاجائے ۔ وقت کی پابندی نہ کرنے سےکئی طر ح کےمسائل پیدا ہوتے ہیں اورکام میں رکاوٹ آتی ہے۔‘‘ 

یہ بھی پڑھئے: دھولیہ کا وہ خانوادہ جہاں حفاظ کی چوتھی نسل پروان چڑھ رہی ہے

آج آخری دن 
 محرم کے کیس میں شامل تمام خواتین کو پورے کاغذات اور میڈیکل سرٹیفکیٹ کے ساتھ۲؍لاکھ ۵۱؍ ہزار ۸۰۰؍ روپے آج جمعہ ۵؍ اپریل تک اسٹیٹ حج کمیٹی میں جمع کرانا ہوگا۔رقم حج کمیٹی آف انڈیا کے اکاؤنٹ میںجمع کرانی ہوگی اوراس کی رسید ریاستی حج کمیٹی کے دفتر میںپیش کرنا ہوگا ۔محرم کیلئے مختص کی گئیں ۵۰۰؍ سیٹوں میں سے قرعہ اندازی میں مہاراشٹر کو ۸۵؍سیٹیںملی تھیں۔ ان خواتین کوآج اپنے کاغذات اوررقم  وغیرہ جمع کرانا ہوگا۔دراصل ایسی خواتین جو محرم کے زمرے میں شامل تھیں یعنی ان کے شوہروں یا اہل خانہ نے درخواست دی تھی اور اسے قبول کرلیا گیا تھا لیکن پاسپورٹ نہ ہونے سے ایسی خواتین درخواست نہیں دے سکی تھیں،ان کوموقع دیا گیا تھا۔‘‘
سفرِ حج مکمل خرچ کا اعلان ۱۰؍اپریل تک متوقع 
 ان تفصیلات کے علاوہ عازمین مکمل سفرِ حج خرچ کے اعلان کے منتظرہیں۔ اب تک یہ نہیں بتایاگیا ہےکہ کتنا خرچ لیاجائے گا۔ گزشتہ سال کے بقدر ہی خرچ دینا ہوگایا اضافہ کیاجائے گا۔ ویسے بھی حج خرچ کے اعلان نہ کئے جانے کے باوجود حج کمیٹی آف انڈیا منتخب عازمین سے دو قسطیں جمع کراچکی ہے ۔ عازمین خواہاں ہیں کہ خرچ کا اعلان جلدازجلدکیا جائے تاکہ ان کاذہن آزاد ہوجائے اوروہ اسی حساب سے مزید رقم جمع کرانے کیلئے انتظام کریں۔اس تعلق سے ریاستی حج کمیٹی کا کہنا ہے کہ سننے میں آیا کہ ۱۰؍اپریل تک اعلان متوقع ہے جبکہ مرکزی حج کمیٹی میں انقلاب کے پوچھنے پربتایاگیا کہ ابھی ایڈیشنل سی ای اولیاقت علی آفاقی عمارتوں کے انتخاب ا وردیگرکاموں کیلئے سعودی عرب میں ہیں۔ امید ہےکہ عنقریب حج خر چ کا اعلان کیا جائے گا۔‘‘ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK