Inquilab Logo

دوسری ویٹنگ لسٹ میں مہاراشٹر کے ۳؍ ہزار۳۶۰؍عازمین کے نام کنفرم

Updated: April 12, 2024, 11:03 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

۱۵؍اپریل تک تمام کاغذات، تصاویر اور۲؍لاکھ ۵۱؍ہزار۸۰۰؍ روپے جمع کرانے کی رسید ریاستی حج کمیٹی کو دینے کی ہدایت ۔ ۴۹۱؍منتخب عازمین کا نام رقم جمع نہ کرانے کےسبب کینسل کردیا گیا۔

The pilgrims included in the second waiting list have been instructed to give the receipt of money and documents etc. to the Hajj Committee. Photo: INN
دوسری ویٹنگ لسٹ میں شامل عازمین کو رقم کی رسیداور دستاویزات وغیرہ حج کمیٹی کو دینے کی ہدایت دی گئی ہے۔ تصویر : آئی این این

حج ۲۰۲۴ءکیلئے مہاراشٹر کے عازمین کی دوسری ویٹنگ لسٹ میں۸۶۱؍سیٹیں مہاراشٹر کو مزید ملی ہیں۔ اس طرح مہاراشٹر کی اب۳؍ہزار ۳۶۰؍ ویٹنگ کنفرم ہوگئی ہے۔دوسری لسٹ میںشامل ۸۶۱؍ عازمین کو اپنے تمام کاغذات، تصاویر اور۲؍ لاکھ ۵۱؍ ہزار ۸۰۰؍ روپے مرکزی حج کمیٹی کے اکاؤنٹ میںجمع کرانے کی رسید ۱۵؍ اپریل تک ریاستی حج کمیٹی میں دینے کو کہا گیا ہے۔
پہلی لسٹ میں۲؍ ہزار ۴۹۹؍ ویٹنگ لسٹ کنفرم ہوئی تھی،  ان میں سے۴۹۱؍ عازمین نے آخری تاریخ گزرنے یعنی ۲۸؍مارچ کے بعد بھی رقم جمع نہیں کرائی تو انہیں فون پر مطلع کرنے کے ساتھ  انتباہ دینے کےبعد ان کا نام کینسل کردیا گیا۔ دوسری لسٹ میںکل ۱۱؍ریاستوں کے عازمین شامل ہیں، آبادی کے لحاظ سے ان کی ویٹنگ لسٹ کنفرم کی گئی ہے۔ امید ہے کہ تیسری لسٹ بھی آئے گی اورویٹنگ لسٹ میں شامل مزیدعازمین کوحج بیت ا للہ کی ادائیگی کا موقع ملے گا۔

یہ بھی پڑھئے: عروس البلاد میں عیدالفطر کا تہوار پُرامن طریقے اور سادگی سے منایا گیا

ریاستی حج کمیٹی کے ایگزیکٹیو آفیسر امتیازقاضی کے مطابق ’’۸۶۱؍سیٹیں مہاراشٹر کومزیدملی ہیں، ان میں منتخب ہونے والے عازمین کو مطلع کیا گیا ہے کہ ان کا نام آگیا ہے، وہ تیاری کریں اورضروری کاغذات ،تصاویر، اوریجنل پاسپورٹ ،بھرےگئے حج فارم کی کاپی وغیرہ اورجمع کرائی گئی رقم کی رسید وغیرہ ۱۵؍اپریل تک ریاستی حج کمیٹی میں جمع کرانی ہے۔ اس کےبعد آگے کا پروسیس شروع ہوگا۔ اسی لئے عازمین سے کہا گیا ہے کہ وہ مقرر کی گئی تاریخ کا خیال رکھیں تاکہ دیگر کاموں میں تاخیر نہ ہو۔‘‘ انہوں نے یہ بھی کہاکہ ’’پہلی لسٹ میںکنفرم ہونےو الے جن ۴۹۱؍عازمین نے آخری تاریخ کے باوجود ضروری کاغذات ا وررقم جمع نہیں کرائی تھی ،مجبوراً ان کا نام کینسل کردیا گیا ۔دوسری لسٹ میںجو کوٹہ تقسیم کیا گیا ہے، اس میں نام کینسل کرانےوالے اور بچا ہوا کوٹہ شامل ہے۔ اسےآباد ی کے لحاظ سے ۱۱؍ریاستوں کے عازمین میں تقسیم کیا گیا ہے اوراسی حساب سے ان کی ویٹنگ لسٹ کنفرم ہوئی ہے۔‘‘
 امتیاز قاضی نے مزید بتایا کہ’’ تیسری لسٹ بھی آنے کی امیدہے اورجو قیاس کیا جارہا تھا کہ ۴؍ ہزار تک ویٹنگ لسٹ کنفرم ہوجائے گی،اس کی امید برقرار ہے۔ جیسے ہی تیسری لسٹ آئے گی ،عازمین کوفوراً مطلع کیا جائے گا۔ اسی لئے عازمین سے کہا گیا ہے کہ ۴؍ہزارنمبرتک ویٹنگ لسٹ والے عازمین اپنا ذہن پہلے سے بنالیں اور تیاری شروع کردیں تاکہ نام آنے کے بعدعین وقت پران کو پریشانی نہ ہو ورنہ تاریخ پراگرعازمین کی جانب سے ضابطوں کی خانہ پُری نہیں کی جاتی ہےیا معقول جواب نہیں دیا جاتا ہے تو دوسرے عازمین کوموقع دیاجاتا ہے کیونکہ مہاراشٹر کے عاز مین کی ویٹنگ لسٹ ساڑھے ۷؍ ہزار سے زائد ہے۔‘‘
واضح ہوکہ اب تک حج خرچ نہیں بتایا گیا ہے جس سےعازمین میںپس وپیش کی کیفیت ہے کہ نامعلوم ان کو مزید کتنی رقم کاانتظام کرنا ہوگا۔ ویسے بھی اب حج پر روانگی  میں۲؍ماہ سے بھی کم وقت باقی ہے،اس لئے حج خرچ بتانے میں حج کمیٹی کوعازمین کو مزید انتظار نہیں کرانا چاہئے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK