Inquilab Logo

آج وزیراعظم کا یوپی دورہ، بنارس اور گورکھپور جائینگے

Updated: July 07, 2023, 10:10 AM IST | new Delhi

یہیں سے یوپی، بہار اور جھارکھنڈ میں۲۰۲۴ء کی انتخابی مہم کا بگل پھونکیں گے ، دونوں شہروں کیلئے ۱۲؍ ہزار کروڑ روپے کے مختلف منصوبوںکی سوغات

Big posters and cutouts of Prime Minister Modi are being put up in Banaras. (Photo: PTI)
بنارس میں وزیر اعظم مودی کے بڑے بڑے پوسٹرس اور کٹ آئوٹ لگائے جارہے ہیں۔(تصویر: پی ٹی آئی )

 وزیر اعظم مودی آج یعنی  ۷؍ جولائی کو یوپی کے دورے پر جائیں گے جہاں وہ اپنے انتخابی حلقے بنارس اور وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے انتخابی حلقے گورکھپور کا دورہ کریں گے ۔ اس دوران وہ گورکھپور میں   گیتا پریس کی اختتامی تقریب میں شرکت کریں گے ۔ اس کے علاوہ ریلوے اسٹیشن کی تزئین کاری اور  وندے بھارت ٹرین کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کریں گے جبکہ بنارس کے واجد پور میں وزیراعظم  شہریوں سے خطاب کریں گے۔ انہی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے ایس پی جی  نے جمعرات کو بنارس کے واجد پور کا دورہ کیا اور مقامی انتظامیہ کے ساتھ ساتھ ریاستی انتظامیہ کو متعدد ہدایات جاری کیں۔  وزیر اعظم کا یہ دورہ اس لئے بھی انتہائی اہم ہے کیوں کہ کہا جارہا ہے کہ وہ یہیں سے پورے یوپی ، بہار ، جھارکھنڈاور اطراف کے علاقوں میں ۲۰۲۴ء کی انتخابی مہم کا بگل پھونکیں گے ۔ چونکہ یوپی میں بنارس اور گورکھپور کی اپنی اہمیت ہے اس لئے دونوں شہروں کے مختلف پروجیکٹوں کا افتتاح اور ان کے سنگ بنیاد میں شامل ہوکر وہ یوپی کے عوام کو واضح پیغام دینے کی کوشش بھی کریں گے ۔ 
 بتایا جارہا ہے کہ وزیر اعظم بنارس اور گورکھپور میں ۱۲؍ ہزار ایک سو کروڑ  روپے کی مختلف اسکیموںکا افتتاح کریں گے ۔ان میں ایسٹرن فریٹ کوریڈو ر کا افتتاح بھی شامل ہو گا۔ یہ فریٹ کوریڈور ریلوے کی آمدنی بڑھانے کے ساتھ ساتھ ملک میںمال ڈھلائی کو ریکارڈ وقت میں مکمل کرانے میں بھی مدد کرے گا۔اس کے علاوہ وارانسی سے جونپور کے درمیان فور لین  ہائی وے کا بھی وہ افتتاح کریں گے ۔ ریلوے کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ وزیر اعظم گورکھپور میں ۲؍ وندے بھارت ٹرینوں کو ہری جھنڈی بھی دکھائیں گے ۔ ان میں سے ایک ٹرین گورکھپور۔لکھنؤ وندے بھارت ہو گی  جبکہ دوسری جودھپور ۔احمد آباد وندے بھارت ہو گی۔ اس ٹرین کو وہ آن لائن ہری جھنڈی دکھائیں گے ۔ 
 واضح رہے کہ وزیر اعظم مودی صبح کے وقت چھتیس گڑھ کی راجدھانی  رائے پور میں ہوں گے جہاں  سے وہ سیدھے گورکھپور پہنچیں گے۔  یہاں پر مختلف کاموں کے افتتاح کے بعد وہ اپنے انتخابی حلقے بنارس جائیں گے ۔ بنارس کے واجد پور میں ان کی عام سبھا  رکھی گئی ہے جس میں وہ ممکنہ طور پر وہ ۲۰۲۴ءکے لوک سبھا الیکشن کی انتخابی مہم کی شروعات کریں گے ۔ ایس پی جی نے وزیر اعظم کے پروگرام کی سبھی جگہوںکا باریکی سے معائنہ کیا۔جمعرات کو تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے اترپردیش کے نائب وزیر اعلیٰ کیشو پرساد موریہ بھی بنارس پہنچے تھے ۔ ان کے ساتھ بڑی تعداد میں بی جے پی کے عہدیداران بھی موجود تھے۔  وزیر اعظم کے آنے سے پہلے جمعرات کو فوج کے ہیلی کاپٹر نے موقع کا معائنہ کیا۔ ہیلی کاپٹر میں بیٹھے افسران بی ایل ڈبلیو گیسٹ ہائوس بھی پہنچے کیوں کہ  وہاں پر مودی شب میں آرام کریں گے۔بارش کے موسم کے سبب ضلع انتظامیہ نے جرمن ہینگر لگوایا ہے جس سے اگر بارش ہو تو اس میں موجود تقریباً ۵۰ ؍ہزار لوگوں کودشواری پیش نہ آئے۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK