• Mon, 29 September, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

شہرومضافات میں پھرموسلادھاربارش، سڑکیں زیرآب

Updated: September 29, 2025, 4:23 PM IST | Shahab Ansari | Mumbai

پروازیں بھی متاثر۔ شدید بارش کے باوجود اندھیری سب وے محض۲۰؍ منٹ بند ہونے پر بی ایم سی کافخر کا اظہار ۔درجہ حرارت میں کمی سے شہریوں کو راحت۔

Children playing in water collected on the road. Photos: Ashish Raje, PTI
بچے سڑک پر جمع پانی میں کھیلتے ہوئے۔ تصاویر: آشیش راجے ، پی ٹی آئی

شہرو مضافات میں سنیچر کی رات سے موسلا دھار بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا ۔ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق   شدید بارش ہوئی البتہ معمول کے برخلاف سانتا کروز کے مقابلے جنوبی ممبئی میں زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی۔ اس دوران درجہ حرارت میں بھی کافی کمی ریکارڈ کی گئی جس سے شہریوں کو گرمی سے کچھ راحت ملی۔
 محکمہ موسمیات اور برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی) کے ذریعہ فراہم کئے گئے اعداد و شمار کے مطابق اتوار کو صبح ساڑھے ۸؍ بجے تک گزشتہ ۲۴؍ گھنٹوں کے دوران قلابہ میں ۱۲۱؍ ملی میٹر، سانتا کروز میں ۸۴؍ ایم ایم اور تھانے میں ۷۷؍ ایم ایم بارش ریکارڈ کی گئی۔ اتوار کو دن میں بھی شدید بارش کا سلسلہ جاری تھا جس کی وجہ سے صبح ساڑھے ۸؍ بجے سے شام ساڑھے ۵؍ بجے کے درمیان بی ایم سی کے ذریعہ نصب شدہ پیمائش کے آلات پر قلابہ میں ۱۰۳ء۲۰؍ ایم ایم، دنڈوشی ۴۰ء۱۰۲، چنچولی ۸۲ء۱۰۰، بوریولی ۲۰ء۹۷، بائیکلہ ۲۴ء۹۵، مالونی ۲۰ء۹۵، ماگا تھانے ۲۰ء۹۴، پوائی ۸۰ء۸۳، ایف (شمال) وارڈ ۴ء۸۲، ایل بی ایس مارگ ۸۰ء۲۰؍ اورٹی وارڈ میں ۲۰ء۷۸؍ ایم ایم بارش ریکارڈ کی گئی۔ اس وقفہ کے دوران محکمہ موسمیات کے مطابق سانتا کروز میں ۷ء۵۴؍ ایم ایم اور تھانے میں ۶ء۶۱؍ ایم ایم بارش ریکارڈ کی گئی۔
 شدید بارش کے دوران درخت یا شاخیں اور مکان گرنے جیسا کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔بارش کی وجہ سے شہر و مضافات میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت میں کمی درج کی گئی جس سے شہریوں نے کچھ راحت محسوس کی۔ اتوار کو قلابہ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت ۴ء۲۵، سانتا کروز میں ۵ء۲۵؍ اور تھانے میں ۴ء۲۶؍ ڈگری سیلسیئس ریکارڈ کیا گیا۔
 شہر و مضافات میں جاری شدید بارش کے دوران بی ایم سی نے سوشل میڈیا پر مضحکہ خیز پیغام ڈال کر اندھیری سب وے بند ہونے کا تو اعتراف کیا لیکن اس کے محض ۲۲؍ منٹ بند ہونے پر فخر کا اظہار بھی کیا۔ صبح تقریباً ۹؍ بجے اندھیری سب وے بند ہونے کی اطلاع دی تھی۔ البتہ بعد میں سوشل میڈیا پر پیغام ڈالا کے شدید بارش کی وجہ سے بی ایم سی کے اہلکاروں نے بہتر انتظامات کئے جس کی وجہ سے اکثر و بیشتر مقامات پر پانی نہیں بھرا اور گاڑیوں کی آمدورفت سہولت سے جاری رہی۔ فخریہ انداز میں یہ بھی کہا گیا کہ شدید برسات کے باوجود اندھیری سب وے محض ۲۲؍ منٹ کیلئے بند کرنا پڑا تھا۔
  اس پیغام میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا تھا کہ پانی کی نکاسی کا فوری طور پر انتظام کیا گیا تھا جس کی وجہ سے ہندماتا، سائن گاندھی مارکیٹ، چونا بھٹی، ملاڈ دہیسر اور مانخورد انڈر پاس جیسے نشیبی علاقوں میں پانی نہیں بھرا۔ حالانکہ اتوار کو چھٹی کی وجہ سے بڑی تعداد میں لوگ گھروں سے نکلے ہی نہیں تھےجس کی وجہ سےانہیں کوئی پریشانی نہیں ہوئی۔
 مختلف مقامات پر راستوں پر پانی بھرنے اور ہوائی جہاز کی اڑانیں متاثر ہونے کے پیش نظر ہوائی سفر کی خدمات فراہم کرنے  والی مختلف کمپنیوں نے مسافروں کو پیغام دیا تھا کہ وہ گھر سے نکلنے سے پہلے اپنی پروازوں کے اوقات دیکھ لیں کہ ان میں کوئی تبدیلی تو نہیں کی گئی ہے اور ایئر پورٹ پہنچنے کے لئے سفر جلد شروع کریں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK