۲۰؍فیصد کوٹہ ملنے کے بعد اب مزیدکے لئےکوشش مگر امید کم ۔۲؍ہزارکی جگہ ۳۴۰؍ تا ۴۰۰؍عازمینِ حج کا گروپ
EPAPER
Updated: May 09, 2025, 11:32 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai
۲۰؍فیصد کوٹہ ملنے کے بعد اب مزیدکے لئےکوشش مگر امید کم ۔۲؍ہزارکی جگہ ۳۴۰؍ تا ۴۰۰؍عازمینِ حج کا گروپ
پرائیویٹ ٹور آپریٹرز کے معاملے میںکی جانے والی مسلسل جد وجہد رنگ لائی اور ۱۰؍ ہزار کوٹہ (۲۰؍ فیصد) مل گیا۔اِن ۱۰؍ ہزارعازمین کے ویزے لگ رہے ہیں اوران کی روانگی بھی شروع ہوچکی ہے۔ ٹور آپریٹرز کی جانب سے مزید کوشش کی جارہی ہے کہ کچھ اور کوٹہ مل جائے توراحت کی سانس لے سکیں لیکن مزیدکوٹہ ملے گا یا نہیں، فوری طور پر کچھ نہیں کہا جاسکتا۔ اس طرح اب بھی ۴۲؍ہزار ۵۰۷؍ سیٹوں کا مسئلہ برقرار ہے ۔جس طرح کے حالات ہیںاس میںمزید کوٹہ ملنا تقریباً ناممکن نظر آرہا ہے۔
تخفیف شدہ کوٹے میںسے محض ۱۰؍ہزار کوٹہ ملنے کا نتیجہ یہ ہوا کہ کمبائنڈ حج گروپ آرگنائزرس گروپ (سی ایچ جی او ایس ) جنہیں ۲؍ہزارعازمین کا گروپ ذمہ دار بنایا گیا تھا، وہ اس دفعہ ۳۴۰؍ سے۴۰۰؍ عازمین کے گروپ ذمہ دار ہوں گے۔ حالات یہ ہیںکہ وہ ٹور آپریٹر ز جنہیں ۵۰؍ کا کوٹہ ملتا تھا، ان کی بکنگ کو دیکھتے ہوئے انہیں ۱۰؍ سیٹیں ملی ہیں اور جنہیں ۱۰۰؍ سیٹیں دی جاتی تھیں ان کو۱۲تا ۱۵؍ اور۱۸؍ سیٹوں پر اکتفا کرناپڑا ہے کچھ تو ایسے بھی ٹور آپریٹرز ہیں جنہیں۳؍ ۵؍ اور ۷؍ سیٹیں ملی ہیں۔ اگر مزید کوٹہ مل گیا تو انہیں راحت ہوگی ورنہ مسائل برقرار رہیں گے اور آئندہ سال جانے کے علاوہ کوئی چارہ نہیںہوگا ۔
عازمین کوٹور والے سمجھا رہے ہی
ٹورآپریٹرز کودرپیش ان مسائل کے سبب وزارت برائے اقلیتی امور کی جانب سے پی ٹی اوز کے لئے۲۲؍اپریل کوجاری کردہ خط میں تمام باتوں کاتفصیل سےاحاطہ کیا گیا تھا ۔اس خط میں ٹور آپریٹرز کویہ یقین دہانی بھی کرائی گئی تھی کہ امسال اگرکوٹہ ملا تو ٹھیک ہے ورنہ جن ٹور آپریٹرز نے امسال رجسٹریشن کرایا ہے ان کو ۲۰۲۶ء میں ترجیحی بنیادوں پر کوٹہ دیاجائے گا۔اتنا ہی نہیںاس دفعہ کی گئی ضابطو ںکی خانہ پُری آئندہ سال کے لئے کافی ہوگی۔ اس کےعلاوہ جو ٹورآپریٹرز چاہیں گے وہ قونصل جنرل کے توسط سے اپنی رقم واپس لے سکیں گے ورنہ آئندہ سال کے لئے وہ رقم جمع رکھ سکیں گے۔
حکومت ِہند کی اس یقین دہانی کی بنیاد پرٹور آپریٹرزاب اُن عازمین کوجو رقم جمع کراچکے تھے مگر حج پرنہ جاسکے، ان کو سمجھارہے ہیں کہ وہ آئندہ سال حج پر جانے کے لئے ذہن بنائیں۔‘‘
ٹور آپریٹرز کا یہ بھی کہنا ہےکہ ’’عازمین کی جانب سے بھی تعاون کیا جارہاہے اوروہ حالات کی نزاکت کومحسوس کرتے ہوئے آئندہ سال کے لئے تیاری کررہے ہیں۔ ‘‘ ٹوروالوں کایہ بھی کہنا ہےکہ ’’ اس دفعہ پیدا شدہ حالات کے سبب سعودی حکومت کی جانب سے بھی یہ یقین دلایا گیا ہےکہ حج ۲۰۲۶ء کے لئے حج ۲۰۲۵ء ختم ہونے کے بعد سے ہی کام شروع کردیاجائےگا تاکہ اس طرح کے حالات سے بچا جاسکے۔‘‘