Inquilab Logo Happiest Places to Work

بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے والوں کیخلاف ٹریفک پولیس کی کارروائی

Updated: April 19, 2022, 7:30 AM IST | Nadeem asran | Mumbai

گزشتہ ۱۰؍ دنوں میں ۱۵؍ ہزار سے زائد افرادپر جرمانہ جبکہ ۲ ؍ہزار سے زائد بائیکرس کا لائسنس منسوخ کرنے کیلئے آر ٹی او کو مکتوب روانہ کیا

Traffic police cracking down on unhelmeted two-wheeler drivers. (File photo)
بغیر ہیلمٹ ٹو وہیلرگاڑی چلانے والوں کے خلاف ٹریفک پولیس کارروائی کرتے ہوئے۔(فائل فوٹو)

بارہا ہدایت اور متنبہ کرنے کے باوجود بنا ہیلمٹ پہنے بغیر بائیک چلانےوالوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ممبئی ٹریفک پولیس نے گزشتہ ۱۰؍دنوں میں ۱۵؍ ہزار سے زائد افراد پر جرمانہ عائد کیا ہے ۔ یہی نہیں۲؍ ہزار سے زائد لوگوں کے لائسنس منسوخ کرنے کے لئے ریجنل ٹرانسپورٹ آفیسر (آر ٹی او ) کو مکتوب بھی روانہ کیا ہے ۔ اس کے ساتھ ہی ٹریفک پولیس جلد ہی اسکول اور کالج انتظامیہ کو مکتوب روانہ کرکے طلبہ کو بنا ہیلمٹ گاڑی چلانے کے نقصانات اور ہیلمٹ پہن کر گاڑی چلانے کے فوائد سے آگاہ کرے گی ۔
 اس ضمن میں اطلاع فراہم کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر آف پولیس ( ٹریفک ) راج تلک روشن نے بتایا کہ گزشتہ ۱۰؍ دنوں میں ۱۵؍ ہزار ۶۰۹؍ افراد کو بنا ہیلمٹ گاڑی چلانے کی پاداش میں پکڑا گیا اور ان پر ای چالان کے ذریعہ جرمانہ عائد کیا گیا ہے ۔ ساتھ ہی فارم ( اے ) بھرا گیا اور آر ٹی او آفیس روانہ کیا گیا ۔ پُر کئے گئے فارم میں آر ٹی او سے یہ درخواست کی گئی ہے کہ بنا ہیلمٹ کے گاڑی چلانے والے شخص کا لائسنس ۳؍ ماہ کے لئے منسوخ کیا جائے ۔
  انہوںنےیہ بھی بتایا کہ ۲؍ ہزار ۴۴۶؍ افراد جن سے فارم ’اے‘ بھرا گیا ہے ، یہ وہ حلف نامہ ہے جس میں خاطی بائیک ڈرائیور ۳؍ ماہ کیلئے لائسنس منسوخ کی سزا کو قبول کر رہا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ اس کے علاوہ ۳؍ ہزار ۹۵۱؍ بغیر ہیلمٹ بائیک چلانے ایسے افراد  سے بھی فارم بھی بھرایا گیا جنہوںنے نردیکی ٹریفک پولیس چوکی میں جاکر نہ صرف بطور سزا ۲؍ گھنٹہ گزارےبلکہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے سے متعلق بنائی گئی بیداری مہم پر مبنی فلم بھی دیکھی۔ فلم دیکھنے اور آئندہ ایسا نہ کرنے کا وعدہ کرنے والے ایک ہزار ۹۴۷؍ افراد نے فارم’ بی‘ بھر کر حلف لیا ۔ انہوںنے کہا کہ روزانہ ۱۲۰۰؍ افراد کو بنا ہیلمٹ گاڑی چلاتے ہوئے پکڑا گیا ہے ۔جو لوگ کسی کام کے سبب پکڑے جانے کے بعد فلم نہیں دیکھتے ہیں انہیں میسج روانہ کرکے دوبارہ پولیس اسٹیشن حاضر ہو کر فلم دیکھنے کے لئے بلا یا جاتا ہے ۔
 ڈی سی پی ٹریفک کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہم نے موٹر بائیک چلاتے ہوئے طلبہ میں بیداری لانے کے لئے اسکول اور کالج کو مکتوب روانہ کیا ہے ۔ ٹریفک پولیس کا عملہ اسکول اور کالج میں طلبہ کو  ہیلمٹ نہ پہن کر گاڑی چلانے کے نقصانات اور ہیلمٹ پہن کر گاڑی چلانے کے فوائد کے ساتھ ساتھ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے سے متعلق لیکچر کے ذریعہ بیداری پیدا کرنے کی کوشش کرے گا ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK