گلیکسی اپارٹمنٹس میںمہمانوں کے داخلے کے لئے جانچ کے نئے ضابطے۔
EPAPER
Updated: May 24, 2025, 3:35 PM IST | Agency | Mumbai
گلیکسی اپارٹمنٹس میںمہمانوں کے داخلے کے لئے جانچ کے نئے ضابطے۔
ممبئی پولیس نے بالی ووڈ اداکار سلمان خان کی باندرہ میں واقع رہائش گاہ گلیکسی اپارٹمنٹس پر مہمانوں کے داخلے اور باہر نکلنے کے نظام کو مزید منظم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ حکام کے مطابق، یہ اقدام اس وقت سامنے آیا ہے جب حالیہ دنوں میں لارنس بشنوئی گینگ کی جانب سے اداکار کو دھمکیاں ملنے کے بعد ان کی سیکوریٹی میں اضافہ کیا گیا اور انہیں ’وائی‘ پلس سیکوریٹی فراہم کی گئی ہے۔
اس ہفتے کے آغاز میں پولیس نے ایک مرد اور ایک عورت کو سلمان خان کی عمارت میں الگ الگ گھسنے کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔ اہلکاروں کا کہنا ہے کہ سلمان خان کو ملنے والی مسلسل دھمکیوں اور عمارت میں دراندازی کے واقعات کے پیش نظر پولیس مہمانوں کے داخلے کو ریگولیٹ کرنے اور حفاظتی انتظامات کو مزید مضبوط بنانے پر غور کر رہی ہے۔
چونکہ گلیکسی اپارٹمنٹس ایک نجی رہائشی عمارت ہے، اس لئے ہر آنے والے کی مکمل جانچ کرنا پولیس کے لئے چیلنج ہو سکتا ہے۔ ذرائع کے مطابق، اب نئے آنے والوں کو عمارت میں داخلے کے لئے مکینوں سے اپنی شناخت کی تصدیق کرانا لازمی ہوگا۔ پولیس کے مطابق، جمعرات کو ایک جتیندر سنگھ اور ایشا چھابریا کو الگ الگ واقعات میں گھر میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ سال اپریل میں بشنوئی گینگ کے اراکین نے گلیکسی اپارٹمنٹس کے باہر کئی راؤنڈ فائر کی تھی۔