Inquilab Logo Happiest Places to Work

عید قرباں اورلاؤڈاسپیکر کے مسئلے پر علماء کے وفد کی پولیس کمشنرسے ملاقات

Updated: May 23, 2025, 8:48 PM IST | Mumbai

کہا:کچھ شرپسند شہر کےامن وامان میںخلل ڈالنا چاہتے ہیں،ٹرسٹیوں کو ہر اساں کرنے کا بھی ذکر کیا،کمشنر کی مثبت یقین دہانی

A delegation of scholars meeting Police Commissioner Devin Bharti. Photo: INN
علماء کا وفد پولیس کمشنر دیوین بھارتی سے ملاقات کرتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این

عید قرباں اور لاؤڈاسپیکر کے مسئلے پر علماء کے وفد نےپولیس کمشنرسے ملاقات کی اور کہا کہ کچھ شرپسند شہر کےامن وامان میں خلل ڈالنا چاہتے ہیں، ان پرسخت ایکشن لیا جائے تاکہ امن وامان میں خلل واقع نہ ہو۔ سنّی جمعیۃ العلماء کے زیراہتمام مولانا سید معین الدین اشرف عرف معین میاں کے ہمراہ ایک وفد نے جمعرات کی سہ پہر پولیس کمشنر دیوین بھارتی سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ 
 معین میاں نے پولیس کمشنر کو بتایا کہ مساجد کے ٹرسٹیان اورائمہ کرام پولیس کےرویے سے کافی پریشان ہیں۔ آئے دن پولیس کی جانب سے ٹرسٹیان کو پولیس اسٹیشن بلایا جاتا ہے اور طرح طرح کے سوالات کرکے انہیں ہراساں کیا جاتا ہے۔ مساجد کا پرمیشن، کاغذات اورتعمیرات کا اجازت نامہ مانگا جاتا ہے۔ اسی طرح اماموں سے بھی الگ الگ سوالات کئے جاتے ہیں ۔ ‘‘انہوں نےیہ بھی کہا کہ ’’عید قرباں قریب ہے۔ یہ مسلمانوں کا اہم تہوار ہے۔ اس فریضے کی ادائیگی میں شرپسندوں کی طرف سے کسی قسم کی رخنہ اندازی نہ ہو اور نہ ہی قربانی کے جانور پکڑے جائیں۔ اسی لئے ہم آپ پیشگی اطلاع دے رہے ہیں اور حالات سے آگاہ کرارہے ہیں۔ ‘‘ رضا اکیڈمی کے سربراہ محمد سعید نوری نے بھی ان مسائل کی جانب کمشنر کی توجہ مبذول کرائی۔ ‘‘

یہ بھی پڑھئے: دیونار مذبح میں جانوروں کی قربانی کے انتظامات اورحفاظتی امور کا جائزہ

پولیس کمشنر نے تمام باتیں بغور سننے کے بعد یقین دہانی کرائی کہ’’ آپ لوگ مطمئن رہیں، پولیس اچھی طرح نگرانی کرے گی۔ ممبئی میں امن وامان برقرار رکھنا ہماری ذمےداری ہے اور اس سے کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ اسی طرح عید قرباں کےتعلق سے بھی پولیس گڑبڑ کرنےوالوں پرنگاہ رکھےگی۔ ‘‘ 
 پولیس کمشنر سےملاقات کےلئے جانے والے وفد میں مولانا خلیل الرحمٰن نوری، قاری محمدالیاس اشرفی، مولانا اعجاز احمد کشمیری، اسلم لاکھا، قاری مشتاق احمد تیغی، قاری نیاز احمد قادری، مولانا کمال اشرف اشرفی، قاری محمدعمران اشرفی، مولانا ظفرالدین رضوی اورناظم خان وغیرہ شامل تھے۔ 

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK