میکرون نے ’’نئی نوآبادیاتی ذہنیت ‘‘ کے خلاف متنبہ کیا،ٹیرف کی دھمکی پر یورپی یونین کو سخت جوابی کارروائی کا مشورہ دیا، امریکی صدرٹس سے مس ہونے کو تیار نہیں، اعلان کیا کہ ’’اب واپسی کا کوئی راستہ نہیں‘‘، داؤس میں گرین لینڈ کے تعلق سے اجلاس
EPAPER
Updated: January 21, 2026, 12:10 AM IST | Washington
میکرون نے ’’نئی نوآبادیاتی ذہنیت ‘‘ کے خلاف متنبہ کیا،ٹیرف کی دھمکی پر یورپی یونین کو سخت جوابی کارروائی کا مشورہ دیا، امریکی صدرٹس سے مس ہونے کو تیار نہیں، اعلان کیا کہ ’’اب واپسی کا کوئی راستہ نہیں‘‘، داؤس میں گرین لینڈ کے تعلق سے اجلاس
گرین لینڈ پر قبضہ کے تعلق سے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی دھمکیوں اور ہٹ دھرمی کی وجہ سے دنیا بھر میں ہلچل مچ گئی ہے۔ اس کی وجہ سے امریکہ نیٹو کے اپنے ہی اتحادیوں کے مدمقابل آگیا ہے۔ گرین لینڈ کی حمایت پر یورپی ممالک کو ٹرمپ کی ٹیرف کی دھمکی نے معاملات مزید بگاڑ دیئے ہیں۔ نیٹو اتحاد کے اہم ملک فرانس نے اس دھمکی پر یورپی یونین کو سخت جوابی کارروائی کا مشورہ دیا ہے جبکہ ٹرمپ انتظامیہ کے طرز عمل کو ’’نئی نوآبادیاتی ذہنیت‘‘ قرار دیتے ہوئے متنبہ کیا ہے ۔یورپی یونین نےبھی واضح کیا ہے کہ ’’کسی بھی ملک کو یہ حق نہیں کہ وہ کسی ملک کی زمین پر قبضہ کرلے۔
منگل کو فرانس کے وزیر خارجہ نے بھی پارلیمنٹ میں ٹرمپ کی دھمکیوں کے جواب میں یورپی یونین اور امریکہ کے درمیان تجارتی معاہدہ کو معطل کردینے کی وکالت کی۔ اُدھر ڈنمارک کے وزیراعظم میٹے فریڈرکسن نے داؤس میں ورلڈ اکنامک فورم میں کہا ہے کہ ڈنمارک گرین لینڈ سے دستبردار نہیں ہوگا۔ اس بیچ امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے یورپی ممالک کو ’’خاموشی اختیار ‘‘کرنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’میں سب سے کہہ رہا ہوں کہ خاموش رہیں، گہری سانس لیں، جوابی کارروائی نہ کریں۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ’’صدر ڈونالڈ ٹرمپ کل یہاں ہوںگے، وہ یہاں اپنی بات کو واضح کریں گے۔‘‘ یاد رہے کہ ٹرمپ نے کہا ہے کہ انہوں نے سوئٹزرلینڈ کے شہر داوس میں ’’مختلف فریقوں‘‘ کے ساتھ ایک ایسے اجلاس میں شرکت پر اتفاق کیا ہے جس میں وہ گرین لینڈ کا کنٹرول حاصل کرنے کے اپنے ارادے پر تبادلہ خیال کریں گے۔ انہوں نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’’ٹروتھ سوشل‘‘ پر ایک پوسٹ میں مزید کہا: ’’جیسا کہ میں نے سب پر واضح کر دیا ہے، گرین لینڈ قومی اور عالمی سلامتی کیلئے ناگزیر ہے۔ اب واپسی کا کوئی راستہ نہیں، اس بات پر سب کا اتفاق ہے!‘‘
اس بیچ امریکی اور کنیڈین دفاعی ادارے نارتھ امریکن ایرو اسپیس ڈیفنس کمانڈ (نوراڈ) نے سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ امریکی جنگی طیارے جلد گرین لینڈ میں قائم امریکی فوجی اڈے پر پہنچیں گے۔