• Mon, 29 September, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ٹرمپ کا ایک بار پھرغزہ جنگ بندی کا دعویٰ

Updated: September 28, 2025, 10:55 AM IST | Washington

ا مریکہ کے صدرکے مطابق وہ غزہ جنگ کے خاتمے اور یرغمالوں کی رہائی کے لئے ایک معاہدے کے قریب پہنچ گئے ہیں۔

US President Donald Trump at the White House. Photo: PTI.
وہائٹ ہا ؤس میں امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ۔ تصویر؛ پی ٹی آئی۔

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے غزہ جنگ بندی اور یرغمالوں کی رہائی کا معاہدہ جلد ہونے کا ایک بار پھر دعویٰ کیا ہے ۔ واضح رہےکہ امریکی صدر کئی مر تبہ غزہ جنگ رکوانے کا دعویٰ کر چکے ہیں لیکن اب تک اس میں انہیں  کامیابی نہیں  ملی ہے۔  
امریکی صدر نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ غزہ جنگ کے خاتمے اور یرغمالوں کی رہائی کے لئے ایک معاہدے کے قریب پہنچ گئے ہیں۔ امریکی صدر کا یہ بیان پیر کو اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو سے ہونے والی ممکنہ ملاقات سے قبل سامنے آیا۔ 
صدر ٹرمپ نے کا کہنا تھا کہ ان کے پاس غزہ سے متعلق ایک ڈیل ہے اور یہ ڈیل یرغمالوں کو واپس لائے گی اور جنگ کا خاتمہ بھی کرے گی لیکن امریکی صدر نے اس ڈیل سے متعلق مزید تفصیل فراہم نہیں کی۔ 
ڈونالڈ ٹرمپ نے بتایا کہ انہوں نے مشرق وسطیٰ کے تمام اہم لیڈروں سے غزہ سے متعلق مثبت بات چیت کی ہے۔ 
وہائٹ ہاؤس کےایک سینئرعہدیدار نے برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کو بتایا کہ صدر ٹرمپ کی پیر کو نیتن یاہو سے ملاقات ہوسکتی ہےاور دونوں لیڈر ایک معاہدے کے فریم ورک پر بات چیت کریں گے۔ 
یاد رہے کہ چند روز قبل امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی نیویارک میں اسلامی ملکوں کے سربراہان سے ملاقات ہوئی تھی، تقریباً۵۰؍ منٹ جاری رہنے والی اس ملاقات میں غزہ سمیت مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ 
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے گزشتہ روز واضح کیا تھا کہ اب بہت ہو چکا ہے، یہ سلسلہ اب رکنا چاہئے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ اسرائیل کو مغربی کنارے کے انضمام کی اجازت نہیں دیں گے اور اس معاملے پر اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو سے بھی بات چیت ہوئی ہے۔ 
اسی دوران فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے غزہ جنگ بندی کیلئے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی تجویز کردہ ڈیل پر اتفاق کر لیا۔ 
اسرائیلی اخبار ہاریٹز نے اپنی رپورٹ میں ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ حماس نے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی تجویز کردہ غزہ ڈیل قبول کر لی جس کے تحت تمام اسرائیلی یرغمالوں کو رہا کیا جائے گا۔ 
ہاریٹز کے مطابق اس تجویز میں زندہ اور مردہ اسرائیلی یرغمالوں کے بدلے سیکڑوں فلسطینی قیدیوں کی رہائی کے ساتھ ساتھ غزہ پٹی سے اسرائیلی افواج کا انخلا ءبھی شامل ہے۔ 
اس سلسلے میں  خبر لکھے جانے تک غزہ ڈیل سے متعلق حماس کی جانب سے کوئی بیان جاری نہیں  کیا گیا ہے۔ اس معاہدے پر فلسطینی حکومت کی جانب سے بھی کوئی بیان سامنے نہیں آیاہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK