• Sat, 01 November, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ٹرمپ نے سینیٹ میں ’فلی بسٹر‘ ختم کرنے پر زور دیا، ریڈیو فری ایشیاء کی نشریات معطل

Updated: October 31, 2025, 10:03 PM IST | Washington

نائب صدر جے ڈی وینس نے ڈیموکریٹ سینیٹرز سے ریپبلکن حمایت یافتہ فنڈنگ بل کو منظوری کرنے اور حکومت کو دوبارہ کھولنے کا مطالبہ کیا۔

Photo: X
تصویر: ایکس

امریکہ میں یکم اکتوبر سے جاری شٹ ڈاؤن کے درمیان فنڈنگ کے تعطل کو ختم کرنے کیلئے صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ریپبلکنز پر سینیٹ میں ’فلی بسٹر‘ (Filibuster) کو ختم کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے اپنے سوشل میڈیا نیٹ ورک ’ٹروتھ سوشل‘ پر لکھا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ ریپبلکنز اپنا ”ٹرمپ کارڈ“ استعمال کریں اور ”فلی بسٹر سے ابھی چھٹکارا حاصل کریں۔“واضح رہے کہ فلی بسٹر سینیٹرز کو توسیع شدہ بحث کے ذریعے بلوں میں تاخیر یا انہیں روکنے کی اجازت دیتا ہے، جس کیلئے قانون سازی کو آگے بڑھانے کیلئے ۶۰ ووٹ درکار ہوتے ہیں۔ 

ٹرمپ نے ڈیموکریٹس پر ”ملک کو تباہ کرنے“ اور فنڈنگ کو روکنے کا الزام لگایا۔ انہوں نے کہا کہ وہ فضول پروگراموں کیلئے ”اربوں ڈالر“ کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ ان کے مطالبے کے باوجود، کئی ریپبلکنز نے فلی بسٹر کو ختم کرنے کی مخالفت کی اور خبردار کیا کہ جب ڈیموکریٹس دوبارہ اقتدار میں آئیں گے تو یہ انہیں کمزور کر سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: شٹ ڈاؤن کے باعث۴؍ کروڑ امریکیوں کو خوراک کی امداد سے محروم ہونے کا خطرہ

نائب صدر کا ڈیموکریٹس سے ’پاگل پن روکنے‘ کا مطالبہ

نائب صدر جے ڈی وینس نے ڈیموکریٹ سینیٹرز سے ریپبلکن حمایت یافتہ فنڈنگ بل کو منظوری کرنے اور حکومت کو دوبارہ کھولنے کا مطالبہ کیا۔ وائٹ ہاؤس کے باہر خطاب کرتے ہوئے وینس نے کہا کہ ”ہمیں صرف پانچ معقول ڈیموکریٹس کی ضرورت ہے جو امریکی عوام کو ترجیح دیں۔“

انہوں نے ایوان سے پہلے ہی منظور شدہ بل کو روکنے پر ڈیموکریٹس کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ان کی مذاکرات سے انکار کی وجہ سے وفاقی کارکنوں کو تنخواہ نہیں مل رہی ہے۔ وینس نے ایئر ٹریفک کنٹرولرز اور ٹی ایس اے کے عملے سمیت ضروری کارکنوں کی تعریف کی جو کسی تنخواہ کے بغیر اپنی زمہ داریاں انجام دیئے جا رہے ہیں۔ وینس نے کہا کہ ”وہ یہ سب ناقابل یقین دباؤ میں کر رہے ہیں۔“

یہ بھی پڑھئے: امریکی سیاست میں اسلامو فوبیا عروج پر: ظہران ممدانی کی مہم پر نسل پرستانہ حملے

فنڈنگ بحران کے باعث ریڈیو فری ایشیاء کی نشریات معطل

امریکی فنڈ سے چلنے والے نشریاتی ادارے ریڈیو فری ایشیاء (آر ایف اے) نے اعلان کیا کہ شٹ ڈاؤن کے چلتے بجٹ کٹوتیوں کی وجہ سے وہ ۳۱ اکتوبر سے اپنی خدمات معطل کر دے گا۔ آر ایف اے کے صدر اور سی ای او بے فینگ نے کہا کہ تقریباً تین چوتھائی ملازمین بغیر تنخواہ کے چھٹی پر ہیں۔ ایشیاء بھر میں آزاد خبریں فراہم کرنے والے آر ایف اے نے بتایا کہ اس کی ۲۹ سالہ تاریخ میں پہلی مرتبہ اسے اپنی خدمات معطل کرنا پڑی ہے۔ اس سے قبل، وائس آف امریکہ کو بھی اسی طرح کی فنڈنگ میں کمی کے بعد برطرفیوں کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK