Inquilab Logo

تکنیکی خرابی کے باعث ٹویٹر کی ویب سائٹ بند،صارفین پریشان

Updated: October 17, 2020, 3:22 AM IST | Washington

ٹویٹر نے رکاوٹ کی وجہ سرور کا بند ہوجانا بتایا۔ کسی بھی طرح کی ہیکنگ یا سیکوریٹی کے نقص سے انکار۔ جلد ہی تکنیکی خامی دو ر کر لی گئی ۔

For Representation Purpose Only. Photo INN
علامتی تصویر۔ تصویر: آئی این این

نیٹ ورک کی خرابی یا تکنیکی خامی کے سبب موبائل فون صارفین کو پیش آنے والی دقتیں تو عام بات ہے لیکن کسی سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر رکاوٹ کم ہی دیکھنے کو ملتی ہے لیکن دنیا کی سب سے مشہور سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹویٹر کو اسی طرح کی دقتوں کا سامنا کرنا پڑا جس کی وجہ سے اس کے کروڑوں صارفین بھی پریشانی میں مبتلا ہوئے۔اطلاع کے مطابق جمعرات کو تکنیکی خرابی کے باعث ٹویٹر نے کام کرنا بند کر دیا تھا۔ دنیا کے مختلف ملکوں میں ٹویٹر صارفین نے جب جمعرات کو اپنا اکائونٹ کھولا تو ’لاگ ان‘ کیا تو اُنہیں `’ایرر‘(خامی) کا پیغام موصول ہوا۔ اس تعلق سے کمپنی کا کہنا ہے کہ اس کے کئی سرور بند ہو گئے تھے جس کی وجہ کمپنی کی جانب سے ایک سسٹم کو ’اپڈیٹ‘ کرنا بتایا جا رہے ۔کمپنی نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر ایک پیغام میں واضح کیا ہے کہ ٹویٹر کے اس طرح بند پڑ جانے کی وجہ کسی طرح کی ہیکنگ یا سیکوریٹی کی کوئی خلاف ورزی نہیں ہے بلکہ ایسا کمپنی کے سسٹم میں خرابی کے باعث ہواہے۔یاد رہے کہ رواں برس جولائی میں بھی ٹویٹر کو اس وقت ایک بڑی ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا جب اس کے پلیٹ فارم پر موجود کئی نامور شخصیات کے اکاؤنٹ ہیک کر لئے گئے تھے۔امریکہ کے نائب صدارتی امیدوار جو بائیڈن، سابق امریکی صدر بارک اوبامہ اور ٹیسلا کے سی ای او ایلن مسک سمیت کئی نامور شخصیات کے آفیشل اکاؤنٹ سے ہیکروں نے ایک ٹویٹ کے ذریعے صارفین کو کہا تھا کہ جو بھی اُنہیں بٹ کوائن ایڈریس پر رقم بھیجے گا تو وہ اسے دگنی رقم واپس کریں گے۔ اس طرح انہوں نے لاکھوں روپے کی دھوکہ دہی کی تھی۔
 جمعرات کو جب لوگوں کے ٹویٹر اکائونٹ نے کام کرنا بند کر دیا تو کمپنی نے چند گھنٹے بعد صارفین کو پیغام دیا کہ تکنیکی خرابی کے سبب ان کے اکائونٹ بند ہوئے ہیں ۔ اس خرابی کو جلد ختم کر لیا جائے گا۔آخری ٹویٹ آنے تک ٹویٹر اکاؤنٹس کو درپیش خرابی ٹھیک کر لی گئی تھی۔ واضح رہے کہ ٹویٹر اس وقت دنیا بھر میں اس وقت رابطے کا سب سے موثر ذریعہ ہے۔ صرف عوام نہیں بلکہ بڑے بڑے لیڈران اور حکام بھی اب ٹویٹ کے ذریعے ہی اہم اعلانات کرتے ہیں یا پھر کسی معاملے کی تصدیق کرتے ہیں ۔ ایسی صورت میں ذرا سی رکاوٹ پریشانی کا باعث ہوتی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK