Inquilab Logo

شیوسینا کے ۲؍اراکین اسمبلی لوٹ آئے ،زبردستی ا نجکشن لگانے کا الزام

Updated: June 23, 2022, 10:16 AM IST | nagpure

ناگپور ایئر پورٹ پہنچنے پرنتن دیشمکھ نے صحافیوں سے کہا ’’ میں اُدھوٹھاکرے کا ’سینک‘ہوں، سورت میں میری جان کو خطرہ تھا،مجھے جبراً انجکشن دیا گیا‘‘،عثمان آباد کے ایم ایل ا ے کیلاش پاٹل بھی واپس آگئے

Nitin Deshmukh talking to reporters at Nagpur Airport.
نتن دیشمکھ ناگپور ایئرپورٹ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ۔

اُدھوٹھاکرے سرکار گرانے کی کوشش میں شیوسینکوں کی بغاوت کے دوران اکولہ ضلع کے بالاپور سے ایم ایل اےنتن  دیشمکھ کے ایکناتھ شندے کے ساتھ غائب ہونے کی خبر تھی۔نتن دیشمکھ کو بلڈ پریشر بڑھنے کا  حوالے دےکر اسپتال میں داخل کیا گیاتھا۔اس دوران دیشمکھ کی بیوی نے اپنے شوہر کے لاپتہ ہونے کی شکایت پولیس تھانے میں درج کرائی تھی ۔ بعد میں سورت روانہ ہونے کی خبر بھی تھی۔۲۲؍ جون بروز بدھ نتن  راؤت ناگپور ائیر پورٹ پر  پہنچے۔ ناگپور پہنچنے کے بعد انہوں نے صحافیوں سے کہا’’ میں اُدھوٹھاکرے کا ’سینک‘ہوں، سورت میں میری جان کو خطرہ تھا۔مجھے جبراً انجکشن دیا گیا۔‘‘صحافیوں  کے اس سوال پر کہ آپ آگئے لیکن باقیوں کا کیا،نتن  دیشمکھ نے کہا’’ دھیرے دھیرے سب ٹھیک ہوجائیگا۔میری طبیعت ٹھیک ہے میں آپ کے سامنے کھڑا ہوں ۔کل سورت میں میں ہوٹل سے نکلا ،میرے پیچھے ۱۰۰؍ سے زائد پولیس والے تھے، مجھے وہاں پولیس  نے دواخانہ میں داخل کیا ،میرا بلڈ پریشر بڑھا نہیں تھا، دواخانے میں ۲۰؍ سے ۲۵؍ لوگوں نے مجھے پکڑ کر انجکشن لگایا۔ہارٹ اٹیک بتا کر مجھے جان سے مارنے کی کوشش کی گئی۔‘‘ انہوں نے مزید انکشاف کیا ’’ ایکناتھ شندے ہمارے منتری تھے لیکن میں اُدھوٹھاکرے کا شیو سینک ہوں ،میں نے اُدھوٹھاکرے جی سے بات کرلی ہے۔‘‘واضح رہے کہ عثمان آباد کے رکن اسمبلی کیلاش پاٹل اوراکولہ ضلع کے بالاپور سے رکن اسمبلی نتن  دیشمکھ باغی اراکین اسمبلی سے الگ ہوکر لوٹ آئے ہیں۔
کانگریس ادھو ٹھاکرے حکومت کی حمایت جاری رکھے گی
 کانگریس کے سینئر لیڈر اور مہاراشٹر کانگریس پارٹی کے مبصر کمل ناتھ نے بدھ کو کہا کہ مہاراشٹر میں پارٹی کے تمام ایم ایل اے متحد ہیں اور مہا وکاس اگھاڑی (ایم وی اے) کی قیادت والی ادھو ٹھاکرے حکومت کو اپنی حمایت جاری رکھیں گے۔ کمل ناتھ شیوسینا لیڈر ایکناتھ شندے کی بغاوت سے پیدا ہونے والے موجودہ سیاسی بحران کے پس منظر میں کانگریس ایم ایل ایز سے بات چیت کرنے کے لیے پارٹی مبصر کے طور پر مہاراشٹر آئے تھے۔انہوں نے کہا کہ پارٹی کے۴۴؍ ایم ایل ایز میں سے۴۱؍ میٹنگ کے دوران موجود تھے۔ تین لوگ راستے میں تھے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی ایم وی اے حکومت کی حمایت جاری رکھے گی۔
  بی جے پی پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ پارٹی پیسے اور طاقت کا غلط استعمال کر رہی ہے جو مستقبل میں ملک کیلئے خطرہ ہے۔ شندے کی بغاوت کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے امید ظاہر کی کہ تمام ایم ایل ایز گھر واپس آجائیں گے۔ میٹنگ کے دوران ایم پی سی سی صدر نانا پٹولے، ریونیو منسٹر بالاصاحب تھورات، ریاست کے سابق وزیر اعلیٰ پرتھوی راج چوان اور دیگر بھی موجود تھے۔
ایکناتھ شندے کے ساتھ موجود باغی اراکین اسمبلی میں ناندیڑ کے بالاجی کلیانکر بھی شامل 
 شیوسینا کے باغی اراکین اسمبلی میں ناندیڑ شمال اسمبلی حلقہ کے ایم ایل اے بالاجی کلیانکر بھی شامل ہوگئے ہیں۔گوہاٹی کی ہوٹل جو تمام باغی اراکین اسمبلی کا ویڈیو جاری کیا گیا تو اس میں وہ صاف طورپر نظر آئے تصویروں میں وہ خود کو چھپانے کی کوشش کرتے ہوئے بھی نظر آرہے تھے ۔اسی طرح تمام۳۴؍ باغی اراکین اسمبلی کے نام اور دستخطوں کی جو فہرست جاری کی گئی ہے،اس فہرست میں بھی ان کا نام اور دستخط شامل ہے ۔ دو دن سے بالاجی کلیان کر کا موبائل فون بھی بند بتارہا تھا ۔ان کے دونوں نمبروں پر رابطہ کرنے کی کوشش کئے جانے پر کسی بھی نمبر پر رابطہ نہیں ہورہا تھا ۔اسی وقت یہ اندازہ لگایا جارہاتھا کہ وہ بھی ایکناتھ شندے کے ساتھ گئے ہوئے ہیں ۔ لیکن۲۲؍ جون کو صبح جب گوہاٹی کی ہوٹل سے باغی اراکین کی جو تصویریں جاری کی گئیں ان میں بالاجی کلیانکر بھی موجود نظر آئے ۔بالاجی کلیانکر کا ناندیڑ کا رابطہ دفتر بھی بند ہے ۔یہاں پولیس کا بندوبست لگایا گیاہے ۔بالاجی کے اس باغیانہ تیور سے شیوسینا کارکنان میں ان کے خلاف شدید ناراضگی دیکھنے کو مل رہی ہے ۔باغی اراکین میں سلوڑ کے عبدالستار بھی پیش پیش نظر آرہے ہیں ۔
کانگریس اور این سی پی کے اراکین میں کوئی پھوٹ نہیں 
  شیوسینا میں بغاوت کے بعد مہا وکاس اگھاڑی حکومت میں شامل کانگریس اور این سی پی کے سینئر لیڈروںنے اپنے اپنے اراکین اسمبلی کی میٹنگ طلب کی اور اس کے بعد یقین دہانی کرائی کہ ان کے اراکین اسمبلی ان ہی کے ساتھ ہے۔ اس سلسلے میں کانگریس کے لیڈر اور وزیر محصول بالا صاحب تھورات نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ’’ہمارے سبھی ۴۴؍ اراکین اسمبلی ہمارے ساتھ ہیں اور ممبئی میں ہیں۔ کانگریس میں کوئی انتشار نہیں اور نہ ہی کسی نے بغاوت کی ہے۔ کانگریس کے سبھی اراکین اسمبلی کی مہا وکاس اگھاڑی کو بھرپور حمایت حاصل ہے۔
 نانا پٹولے نے مزید بتایا ’’وزیر اعلیٰ کورونا سے متاثر پائے جانے کےسبب بدھ کو منعقدہ کابینہ میں میٹنگ میں وہ آن لائن شریک ہوئے تھے۔ البتہ کابینہ میں سیاسی اتھل پتھل کے تعلق سے کوئی تبادلۂ خیال نہیں کیاگیا۔ ‘‘ انہوں نے یقین دلایا کہ مہا وکاس اگھاڑی حکومت اپنی پوری طاقت کےساتھ برقرار رہے گی اور وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے کی معیت میں اپنی میعاد پوری کرے گی۔این سی پی کے سربراہ شرد پوار نے ٹویٹ کر کے بتایا کہ ’’کانگریس کے سینئر لیڈر کمل ناتھ نے یشونت را ؤ چوہان میں مجھ سے ملاقات کی اور صدارتی الیکشن کے تعلق سے تبادلہ خیال کیاگیا۔‘‘ شرد پوار نے بھی وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے کی حمایت میں کھڑے رہنے کا یقین دلایا ہے اور یہ بھی کہا ہے کہ این سی پی کے سبھی اراکین اسمبلی مہا وکاس اگھاڑی کےساتھ ہیں۔
 شیوسینا کی ایم پی بی جے پی سے اتحاد کی متمنی
  شیو سینا کے وزراء اور اراکین اسمبلی کی بغاوت کے بعد شیو سینا  کی رکن پارلیمان نے بھی بی جے پی کے ساتھ مل کر حکومت تشکیل دینے کی پیشکش کی ہے۔ شیو سینا کی رکن پارلیمان  بھاؤنا گاؤلی نے  پارٹی کے سربراہ اور وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے کو خط لکھ کر درخواست کی ہے کہ بی جےپی کے ساتھ مل کر حکومت تشکیل دینا چاہئے۔ اپنے خط میں  بھاؤنا نے کہا ہے کہ شیو سینا کے متعد د اراکین اسمبلی نے جو قدم اٹھایا ہے ہے اس سے مجھے بھی تکلیف ہوئی ہے۔

shiv sena Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK