• Wed, 17 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

نوٹوں کے بنڈل کیساتھ رکن اسمبلی کا ویڈیو وائرل لیکن حکومت کی جانب سے کوئی تحقیقات نہیں؟

Updated: December 16, 2025, 10:59 PM IST | Mumbai

امبا داس دانوے نے شیوسینا (شندے) کے مہندر دلوی کا ویڈیو شیئر کیا تھا اور حکومت سے سوال کیا تھا، اس پر الزام تراشیاں خوب ہوئیں لیکن حکومت نے نہ اس پر کوئی جواب دیا نہیں کسی تحقیقات کا حکم دیا

Mahendra Dalvi`s video went viral but neither Mahayoti offered any explanation nor did the government take any notice.
مہندر دلوی کا ویڈیو وائرل ہوا لیکن نہ مہایوتی نے کوئی صفائی پیش کی نہ حکومت نے کوئی نوٹس لیا

شیوسینا (ادھو) کے سینئر لیڈر امباداس دانوے نے گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کیا جس میں ایکناتھ شندے کی شیوسینا کے رکن اسمبلی مہندر دلوی جیسا دکھائی دینے والا کوئی شخص اپنے سامنے نوٹوں کے بنڈل رکھ کر بیٹھا ہوا دکھائی دے رہا ہے۔ امباداس دانوے نے کوئی دعویٰ نہیں کیا نہ ہی کسی پر کوئی الزام لگایا۔ انہوں نے صرف یہ سوال کیا ’’وزیر اعلیٰ فرنویس اور نائب وزیرا علیٰ ایکناتھ شندے بتائیں کہ یہ کون رکن اسمبلی ہے اور نوٹوں کے بنڈل کے ساتھ وہ کیا کر رہا ہے۔‘‘ 
 ٹھیک اس وقت جب ناگپور میں مہاراشٹر اسمبلی کا سرمائی اجلاس جاری تھا یہ ویڈیو وائرل ہو گیا۔ امبا داس دانوے نے اس ویڈیو کو مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ اور بی جے پی کے آفیشیل بیچ کو بھی ٹیگ کیا۔ وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس اور نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کی جانب سے تو کوئی جواب نہیں آیا لیکن اس ویڈیو کی وجہ سے کوکن کی سیاست میں تہلکہ مچ گیا۔ جیسا کہ اوپر کہا گیا کہ رام داس دانوے نے کہیں بھی کسی کا نام نہیں لیا تھا انہوں نے صرف یہ پوچھا تھا کہ یہ رکن اسمبلی کون ہے؟ مگر مہندر دلوی نے خود ہی بوکھلاہٹ میں میڈیا کے سامنے کہہ دیا کہ یہ میرا ویڈیو نہیں ہے۔ امبا داس دانوے کے پاس کوئی کام نہیں ہے نہ ہی کوئی عہدہ ہے اس لئے اب وہ یہ سب کر رہے ہیں۔ بلیک میلنگ ان کا پیشہ ہے۔ سوال یہ ہے کہ جب یہ ویڈیو مہندر دلوی کا نہیں ہے تو پھر انہیں میڈیا کے سامنے آکر اس پر صفائی دینے کی کیا ضرورت تھی ؟ اتنا ہی نہیں امباداس دانوے کے تعلق سے یہ کہنے کی کیا ضرورت تھی کہ بلیک میلنگ ان کا پیشہ ہے؟ کیا یہ ویڈیو دکھا کر امبا داس دانوے نے مہندر دلوی سے کسی رقم یا کسی اور چیز کا مطالبہ کیا تھا؟ 
 مہندر دلوی تو خیر اس ویڈیو میں دکھائی دے رہے ہیں اس لئے ان کی بوکھلاہٹ سمجھ میں آتی ہے ان کے ساتھ مہندر تھوروے تو ان سے ۲؍ قدم آگے نکل گئے۔ انہوں نے اس ویڈیو کو مہندر دلوی کا بدنام کرنے کی سازش کرتے ہوئے اپنے ہی اتحادی سنیل تٹکرےپر الزام لگایا کہ انہوں نے یہ ویڈیو امبا داس دانوے کو فراہم کیا ہوگا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ہم نے اپنے گھر ہی میں دشمن پال رکھے ہیں۔ مہاراشٹر میں این سی پی ہمارا گھر کا دشمن ہے جبکہ رائے گڑھ میں سنیل تٹکرے۔ یاد رہے کہ مہندر تھوروے اور مہندر دلوی دونوں ہی کا تعلق شیوسینا (شندے) سے ہے ۔ یہ دونوں آئے دن کوکن کی ریلیوں میں سنیل تٹکرے کو نشانہ بناتے رہتے ہیں۔ ان کے پیچھے وزیر بھرت گوگائولے کا ہاتھ ہے جو رائے گڑھ کا نگراں وزیر نہ بنائے جانے سے سنیل تٹکرے سے ناراض ہیں کیونکہ یہ عہدہ تٹکرے کی بیٹی ادیتی تٹکرے کو دیا گیا ہے۔ 
 بنیادی سوال یہ ہے کہ ایک طرف مہندر تھوروے کہہ رہے کہ یہ جعلی ویڈیو ہے جسے امبا داس دانوے نے مہندر دلوی کو بدنام کرنے کیلئے شیئر کیا ہے۔ دوسری طرف وہ یہ کہہ رہے ہیں کہ سنیل تٹکرے نے یہ ویڈیو امبا داس دانوے کو دیا ہوگا۔ اگر یہ ویڈیو جعلی ہے تو پھر کیا ضروری ہے کہ سنیل تٹکرے یہ ویڈیو بنا کر امبا داس دانوے کو دیں؟ دانوے خود بھی تو جعلی ویڈیو بنا کر شیئر کر سکتے ہیں؟ اور اگر سنیل تٹکرے نے ہی اسے فراہم کیا ہے تو پھر یہ کیوں نہ مان لیا جائے کہ مہندر دلوی خود نوٹوں کے ساتھ بیٹھے ہوئے تھے؟ یاد رہے کہ سنیل تٹکرے نے ویڈیو سامنے آنے کے بعد کوئی تبصرہ نہیں کیا۔ ان سے جب پوچھا گیا کہ کیا مہندر تھوروے کے الزام کے مطابق انہوں نے یہ ویڈیو امبا داس دانوے کو دیا تھا؟ تو انہوں نے جواب دیا ’’ میرا اس ویڈیو سے کوئی لینا دینا نہیں ہے ، بلاوجہ میرا نام اس معاملے میں گھسیٹا جا رہا ہے۔‘‘ این سی پی کے کسی اور لیڈر نے بھی اس ویڈیو کے تعلق سے کوئی تبصرہ نہیں کیا۔ صرف مہندر دلوی اور مہندر تھوروے ہی میڈیا کے سامنے صفائی دینے لگے۔ شیوسینا (شندے) کے سینئرلیڈر اور ریاستی وزیر سنجے شرساٹ نے اسے جعلی ویڈیو بتایا اور ایک عوامی نمائندے کو بدنام کرنے کی سازش قرار دیا۔ اگر یہ ویڈیو جعلی ہے تو بجائے سنیل تٹکرے پر الزام لگانے کے مہندر دلوی اور مہندر تھوروے نے ویڈیو کی لیباریٹری جانچ کروانے کا مطالبہ کیوں نہیں کیا؟ مان لیا جائے کہ تٹکرے نے یہ ویڈیو بنا کر امبا داس دانوے کو دیا تھا تب بھی یہ سوال باقی رہتا ہے کہ مہندر دلوی نوٹوں کے بنڈل کے ساتھ کیا کر رہے تھے؟ اور اتنے پیسوں کا وہ کیا کرنے والے تھے؟ اگر ویڈیو میں دکھائی دینے والا شخص ( جو کہ واضح دکھائی دے رہا ہے) مہندر دلوی نہیں ہے تو پھر کون ہے؟  یہ کس موقع کا ویڈیو ہے؟ 
 حیرانی کی بات یہ ہے کہ اتنی بڑی بات پر حکومت کی جانب سے کوئی رد عمل ہی سامنے نہیں آیا۔ حالانکہ اپوزیشن کے کئی لیڈران نے اس تعلق سے جانچ کا مطالبہ کیا ۔مہندر دلوی نہ بھی ہوئے تب بھی ویڈیو میں نوٹوں کےبنڈل تو دکھائی دے رہے ہیں ۔ یہ معلوم کرنا تولازمی ہے کہ وہ شخص کون ہے اور روپے کس مقصد سے لائے گئے تھے؟ یاد رہے کہ گزشتہ کچھ عرصے میں کئی بار لیڈران کے ویڈیو سامنے آئے جس میں وہ خطیر رقم کے ساتھ دکھائی دے رہے ہیں۔ اتفاق سے یہ سارے لیڈران مہا یوتی ہی کے تھے۔ لیکن نہ معاملے کی جانچ ہوئی نہ ہی کوئی رپورٹ پیش ہوئی۔ صرف لفظی جواب دے کر اپوزیشن کو خاموش کر دیا گیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK