Inquilab Logo Happiest Places to Work

آئین مخالف وقف قانون : آج پرسنل لاء بورڈ کا’ بتی گل‘ احتجاج

Updated: April 29, 2025, 11:18 PM IST | Mumbai

مختلف ملی تنظیموں اوراراکین اسمبلی کی جانب سے بھی یاددہانی کراتے ہوئے شامل ہونے کی اپیل کی گئی

: The All India Muslim Personal Law Board has announced a `Batti Gul` protest on April 30 against the unconstitutional Waqf Amendment Act.
: آئین مخالف وقف ترمیمی قانون کےخلاف آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کی جانب سے آج ۳۰؍ اپریل کو’بتی گل ‘احتجاج کا اعلان کیا گیا ہے۔

 آئین مخالف وقف ترمیمی قانون کےخلاف آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کی جانب سے آج ۳۰؍ اپریل کو’بتی گل ‘احتجاج کا اعلان کیا گیا ہے۔ یہ احتجاج شب میں۹؍تا سوا ۹؍بجے تک کیا جائے گا۔ اس دوران اپنے غم وغصہ کااظہار کرنے کے لئے گھر، دفتر اور دکانوں وغیرہ کی لائٹیں بند رکھ کر حکومت کو یہ پیغام دیاجائے کہ وقف ترمیمی قانون  جو مسلمانوں پرتھوپا گیا ہے ،وہ ناقابل قبول ہے ، اسے واپس لیا جائے۔ اسی طرح لائٹ بند کرنے کے ذریعے یہ پیغام بھی دینا ہے کہ مسلمانوں کو اس قانون کے ذریعے اندھیرے میںدھکیلنے کی کوشش کی جارہی ہے، اسے کسی حال میں قبول نہیں کیا جاسکتا۔ 
 اس تعلق سے جہاں پرسنل لاء بورڈ کی جانب سے پرُزور اپیل کی گئی ہے، سوشل میڈیا کے ذریعے پیغام دیا گیا ہے وہیںتما م ملی تنظیموں او رمسلم اراکین اسمبلی کی جانب سے بھی اس احتجاج کا  حصہ بننے کی عامۃالمسلین سے اپیل کی گئی ہے اور کہا گیا ہےکہ وہ اس کا اہتمام کریں۔
 آل انڈیا مسلم پرسنل بورڈ کے جنرل سیکریٹری مولانا فضل الرحیم مجددی نے اس تعلق سے کی جانے والی بورڈ کی اپیل میںیہ بھی واضح کیا ہے کہ بتّی بجھانا بزدلی نہیںبلکہ اس بات کا عزم ہے کہ ہم آگے بڑھیں اورجد وجہد کو جاری رکھیں گے۔بورڈ کی جانب سے دیگر طریقوں سے بھی مسلسل آواز بلند کی جارہی ہے ا ورکی جاتی رہے گی۔ اس لئے کہ یہ قانون آئین کے خلاف ہے اور ہمارے مذہبی معاملے میں کھلی مداخلت ہے ،یہ ناقابل قبول ہے۔ 
  رضا اکیڈمی اورجمعیت علمائے اسلام کی جانب سے بھی اس مہم میں حصہ لینے کی اپیل کی گئی ہے۔
  اس تعلق سے ’خانقاہ شارح بخاری (گوونڈی) میں منگل کو علماء اور ائمہ مساجد کی ایک میٹنگ کی گئی۔اس میں علمائے کرام نے ’بتی گل ‘احتجاج کو کامیاب بنانے کی حکمت عملی پر غور کیا۔ اس موقع پرملک بھر کی تمام مساجد، مدارس، خانقاہوں اور جامعات کے سربراہان سے اپیل کی گئی کہ وہ اس متنازع ایکٹ کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں اور اس مہم کو کامیاب بنانے کی ہر ممکن کوشش کریں تاکہ جمہوری طریقے سے بلند کی جانے والی صدائے احتجاج حکومت کے ایوان تک پہنچے اور وہ اپنے فیصلے پر نظرثانی کرتے ہوئے غیرآئینی قانون واپس لینے پر مجبور ہو۔اس تعلق سے الگ الگ گروپ کی جانب سے منفرد انداز میں پیغامات عام کئے گئے ہیں۔ کچھ پیغامات میںاندھیرا دکھایا گیا ہے توکچھ میںبلب میںروشنی غائب ہے ،کو نمایاں کیا گیا ہے تو کچھ دیگر پیغامات میں متوجہ کرتے ہوئے لکھا گیا ہے کہ’یاد ہے ’آج بتی گل ‘احتجاج ہے، یاد رکھئے گا اور اس میںضرور شامل ہوئیے گا تاکہ آپ کی آوازحکومت تک پہنچے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK