Inquilab Logo

امریکہ :ہواباز ی کی صنعت کی بحالی کی طر ف پرواز

Updated: June 04, 2020, 2:19 PM IST | Agency | Washington

گزشتہ ہفتے کے اختتام تک ساڑھے ۹؍ لاکھ مسافروںنے ہوائی سفر کیا، اس سال۱۴؍ اپریل کے مقابلے ہوائی سفر میں یہ۳۰۳؍ فیصد اضافہ ہے، فضائی کمپنیوں کو آئندہ کئی مہینوں تک کم کرائے کے رجحان کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے

US Airport - Pic : INN
امریکہ ایئر پورٹ ۔ تصویر : آئی این این

کورونا بحران کے نتیجے میں دو ماہ سے زیادہ دنوں تک مسلسل گراوٹ کے رجحان کے بعد، امریکی ہوائی صنعت پھر سے بلندی کی جانب رخ کرتی دکھائی دے رہی ہے۔امریکی ٹرانسپورٹیشن حکام کے مطابق، گزشتہ ہفتوں میں ہوائی سفر میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔۳۱؍ مئی کو تقریباً ۳؍ لاکھ۵۳؍ہزار مسافروں نے کمرشیل جہازوں پر سفر کیا۔ اس سال۱۴؍ اپریل کے مقابلے میں ہوائی سفر میں یہ۳۰۳؍ فیصد اضافہ ہے۔
 ٹرانسپورٹیشن سیکوریٹی ایڈمنسٹریشن (ٹی ایس اے)کے مطابق، گزشتہ ہفتے کے اختتام پر تقریباً ساڑھے ۹؍ لاکھ مسافروں نے ہوائی سفر کیا۔ یہ تعداد مئی کے آغاز کے اعدادوشمار سے تقریباً دو گنا زیادہ ہے۔ لیکن، پچھلے سال اسی ماہ کے مقابلے میں ہوائی سفر کا یہ حجم محض۱۴؍ فیصد ہے۔امریکی فضائی صنعت ہر سال۱ء۷؍ ٹریلین ڈالر کی اقتصادی سرگرمیوں کے ذریعےایک کروڑ سے زائد ملازمتوں کو سہارا دیتی ہے۔ لیکن، دوسرے شعبوں کی طرح کورونا بحران میں اس صنعت کو بھی بہت نقصان ہوا۔
 ہزاروں کمرشیل جہازوں کو پارک کردیا گیا۔ یہاں تک کہ اپریل میں ایک دن امریکی ٹرانسپورٹیشن حکام کے مطابق، ملک بھر میں ایک لاکھ سے بھی کم مسافروں نے ہوائی سفر کیا۔فوربز جریدے کے مطابق گزشتہ ہفتے فضائی کمپنیوں کے اسٹاک شیئرز میں ۱۱ء۷۵؍فیصد اضافہ ہوا جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ امریکی معیشت کی بحالی تیزی سے عمل میں آسکتی ہے۔
 جریدے کے مطابق، ہوائی سفر کے اس بڑھتے ہوئے رجحان کا تعلق وہائٹ ہاؤس ٹیم کے رکن اور وبائی امراض کے ماہر ڈاکٹر انٹونی فاؤچی کے اس بیان سے ہے جس میں انہوں نے سی این این نیوز چینل کو بتایا کہ کووِڈ-۱۹؍ کی ویکسین اس سال کے آخر تک تیار کرلی جائے گی۔حال ہی میں ساؤتھ ویسٹ ایئرلائنز نے اعلان کیا ہے کہ وہ میکسیکو اور ویسٹ انڈیز کیلئے یکم جولائی سے اپنی پروازیں بحال کر دے گی۔
 ایک رپورٹ کے مطابق، امریکی ہوائی کمپنیاں پُراعتماد نظر آتی ہیں کہ امریکہ کے اندر ہوائی سفر تیزی سے بحال ہو جائے گا۔
  بلومبرگ نیوز سروس کی ایک رپورٹ کے مطابق، امریکہ کی چار بڑی کمپنیوں میں سے صرف امریکن ایئرلائنز نے ابھی تک ٹرمپ انتظامیہ کی طرف سے قائم کیے گئے رعایتی فنڈز سے مستفید ہونے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ دوسری تین فضائی کمپنیاں پُرامید دکھائی دیتی ہیں کہ موسم گرما میں فضائی سفر بڑی حد تک بحال ہو جائے گا۔
 دوسری طرف، ہوائی صنعت سے وابستہ ماہرین یہ بھی کہتے ہیں کہ ہوائی کمپنیوں کو آئندہ کئی مہینوں تک کم کرائے کے رجحان کا سامنا کرنا پڑے گا، کیونکہ سیٹوں کے مقابلے میں مسافر سماجی فاصلوں کی پابندی کے پیش نظر کم ہوں گے۔فضائی سفر کے علاوہ ٹرک چلانے والی کمپنیوں کے اسٹاک ایکسچینج شیئرز میں بھی نمایاں اضافہ نظر آیا ہے۔ اقتصادی ماہرین کے مطابق، یہ رجحان اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ امریکہ تیزی سے اپنی معیشت بحال کر سکتا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK