Inquilab Logo

یوپی: عصمت دری معاملے میں بی جے پی ایم ایل اے کو کورٹ نے مجرم قرار دیا

Updated: December 16, 2023, 8:49 AM IST | Agency | Sonbhadra

۲۰۰۹ء کے معاملے میں رام دلار گونڈ کو ایم پی ایل اے کورٹ نے ۲۵؍ سال قید کی سزا سنائی اور۱۰؍لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کیا۔

Ram Dilar Gond leaving the court. Photo: PTI
عدالت سے نکلتے ہوئے رام دلار گونڈ۔ تصویر:پی ٹی آئی

اتر پردیش میں ضلع سون بھدرکے دودھی (ریزرو) سے بھارتیہ جنتا پارٹی کے ایم ایل اے رام دلار گونڈ کو نابالغ لڑکی کی عصمت دری کے ۹؍ سال پرانے کیس میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ جج، فرسٹ (ایم پی/ایم ایل اے) جسٹس احسان اللہ خان نے جمعہ کے روز ۲۵؍ سال قید بامشقت اور متاثرہ کی بازآبادکاری کے واسطے۱۰؍ لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی۔
عدالت کے حکم کے مطابق جرمانے کی پوری رقم عدالت میں جمع ہونے کے بعد متاثرہ کو دی جائے گی۔ عدالت کے فیصلے کے بعد بی جے پی کے ملزم رکن اسمبلی کی قانون ساز اسمبلی کی رکنیت بھی خطرے میں پڑ گئی ہے۔عدالت کی جانب سے جمعہ کے روز سزا سنانے سے قبل ایم ایل اے رام دولار گونڈ کے وکیل نے سزا پر بحث کے دوران رحم کی درخواست کرتے ہوئے کم سے کم سزا دینے کی درخواست کی تھی اور ساتھ ہی عدالت کو یقین دلایا کہ ملزم کی طرف سے متاثرہ کے خاندان کا مکمل خیال رکھا جائے گا۔
 اسپیشل پبلک پراسکیوٹر(پوکسو)  ستیہ پرکاش ترپاٹھی نے کہا کہ۱۲؍ دسمبر کو سماعت کے دوران عدالت نے رام دلار کو قصوروار قرار دیا تھا اور اسی دن سزا کے تعین کےلئے ۱۵؍دسمبر کی تاریخ مقرر کی تھی۔ یہ معاملہ۴؍ نومبر۲۰۱۴ء کا ہے جب  گونڈ ایم ایل اے نہیں تھے اور ان کی بیوی گاؤں کی پردھان تھی، اسی وقت متاثرہ کے بھائی نے میئر پور تھانے میں ایف آئی آر درج کرائی تھی جس میں اس نے رام دلار گونڈ پر الزام لگایا تھا کہ ان کے ذریعہ گزشتہ ایک سال سے اپنی نابالغ بہن کو دھمکی دے کر عصمت دری کی جارہی ہے، جس کے بعد پولیس نے تعزیرات ہند کی دفعہ۳۷۶،۵۰۶؍ اور 5L/6 پوکسو ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا اور تفتیش کے بعد عدالت میں چارج شیٹ داخل کی۔ کیس میں عدالت نے۸؍ دسمبر کو فریقین کے وکلاء کے دلائل سنے اور۱۲؍ دسمبر کو ملزم کو مجرم قرار دیا۔ فیصلے کے بعد گونڈ کی اسمبلی رکنیت منسوخ ہونا یقینی سمجھا جارہاہے۔تاہم ان کے وکیل نے اس فیصلے کو ہائی کورٹ میں چیلنج کرنے کی بات کہی ہے۔وہیںمتاثرہ کے بھائی نے سزا سنائے جانے پر خوشی کا اظہار کیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK