مدھیہ پردیش، بہار اور مہاراشٹر کے بعد یوپی میں بھی وہی فارمولا اپنانے کی کوشش، اکھلیش یادو نے کہا کہ ہماری حکومت بننے پر یکمشت ۴۰؍ ہزار دیں گے۔
EPAPER
Updated: August 14, 2026, 1:28 PM IST | Hamidullah Siddiqui | Lucknow
مدھیہ پردیش، بہار اور مہاراشٹر کے بعد یوپی میں بھی وہی فارمولا اپنانے کی کوشش، اکھلیش یادو نے کہا کہ ہماری حکومت بننے پر یکمشت ۴۰؍ ہزار دیں گے۔
بہار کی طرز پراتر پردیش میں ۲۰۲۷ء کے اسمبلی انتخابات سے قبل خواتین ووٹروں کو راغب کرنے کے لئے سیاسی جماعتوں کی سرگرمیاں تیز ہوتی دکھائی دے رہی ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یوگی آدتیہ ناتھ حکومت خواتین کو مالی طور پر مضبوط بنانے کے مقصد سے ایک بڑی امدادی اسکیم لانے کی تیاری کر رہی ہے، جس کے تحت اہل خواتین کو مجموعی طور پر ۵۰؍ ہزار روپے تک کی مالی مدد دئے جانے کی تجویز زیر غور ہے۔اگرچہ اس سلسلے میں حکومت کی جانب سے ابھی تک کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا ہے لیکن رپورٹس کے مطابق مجوزہ اسکیم کی پہلی قسط اسمبلی انتخابات سے قبل خواتین کے بینک کھاتوں میں منتقل کی جا سکتی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ پہلی قسط کے طور پر ۲۰؍ ہزار روپئے دئیے جانے کی تیاری ہے، جبکہ باقی رقم نئی حکومت بننے کے بعد ۱۰۔۱۰؍ ہزار روپےکی تین قسطوں میں دی جا ئے گی۔
یہ بھی پڑھئے: اے بی انٹرپرائز،جائیکاآرگینکس اور نارائنی فوڈز کے لائسنس معطل کر دیے گئے
سیاسی حلقوں میں اس مجوزہ اسکیم کو بہار میں خواتین کے لئے چلائی گئی مالی امدادی اسکیموں کے تناظر میں دیکھا جا رہا ہے۔ بہار کے علاوہ مدھیہ پردیش اور مہاراشٹر میں بھی خواتین کے لئے براہ راست مالی امداد سے متعلق اسکیموں کو انتخابی سیاست میں اہم قرار دیا گیا تھا۔ رپورٹس کے مطابق اتر پردیش میں بھی اسی طرح خواتین کے بینک کھاتوں میں براہ راست رقم منتقل کرنے کے ماڈل پر غور کیا جا رہا ہے۔ اس کا دائرہ دیہی اور شہری، دونوں علاقوں کی اہل خواتین تک پھیلانے کی تیاری کی جا رہی ہے۔ تاہم اسکیم کی شرائط، مستحق خواتین کی تعداد، رقم کی ادائیگی کا طریقہ اور دیگر تفصیلات حکومت کے باضابطہ اعلان کے بعد ہی واضح ہوں گی۔
سماج وادی پارٹی کا الزام
سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے مجوزہ مالی امدادی اسکیم کو لے کر بی جے پی حکومت پر شدید حملہ کیا ہے۔ انہوں اسکیم پر سوال اٹھاتے ہوئے اسے ’ایک اور جملہ‘ قرار دیا۔ اکھلیش کا کہنا ہے کہ بی جے پی کے پاس انتخابات جیتنے کے لئے پیسے کے علاوہ کچھ نہیں بچا ہے۔ حکومت خواتین کے حقوق اور مفادات پر خرچ ہونے والی رقم کو تشہیر پر خرچ کر رہی ہے اور اب انتخابات سے قبل مالی امداد کا اعلان کررہی ہے۔
سماج وادی پارٹی کی حکمت عملی
اکھلیش نے اپنی سیاسی حکمت عملی واضح کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ اگر یوپی میں سماجوادی پارٹی کی حکومت بنتی ہے تو خواتین کیلئے ۴۰؍ہزار روپے سے مالی امداد کی شروعات کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس رقم میں ہر سال اضافہ بھی کیا جائے گا اور کوشش کی جائے گی کہ یہ رقم یکمشت ادا کی جائے۔