Inquilab Logo Happiest Places to Work

پرکاش راج اور الیکشن کمیشن مدمقابل، ایس آئی آر پر اداکار کا شدید اعتراض، کئی سوالات قائم کئے

Updated: August 14, 2026, 12:32 PM IST | Agency | New Delhi

اداکار اس معاملے پر مزیدویڈیو بنائیں گے اور پریس کانفرنس بھی کرینگے۔

South Indian actor Prakash Raj. Picture: INN
جنوبی ہندکے اداکار پرکاش راج۔ تصویر: آئی این این

معروف اداکار پرکاش راج نے کرناٹک میں جاری اسپیشل انٹینسیو ریویژن یعنی ایس آئی آر کے دوران ووٹر لسٹ میں اپنے نام کی حیثیت کے معاملے پر الیکشن کمیشن سے شدید سوالات کیے ہیں۔ پرکاش راج کا کہنا ہے کہ پہلے الیکشن حکام کی جانب سے انہیں بتایا گیا کہ ان کے ووٹر ریکارڈ میں غلطی ہوئی ہے اور اسے درست کیا جائے گالیکن بعد میں کمیشن کی جانب سے یہ وضاحت سامنے آئی کہ ان کا نام حذف نہیں کیا گیا بلکہ انہیں سابق پتے سے منتقل شدہ یعنی منتقل قرار دیا گیا ہے۔ پرکاش راج نے جمعرات کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری ایک ویڈیو میں کرناٹک الیکشن کمیشن سے کئی سوالات کئے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ان کے ریکارڈ کو مستقل طور پر منتقل شدہ (shifted) دکھایا گیا تو عملی طور پر انہیں نئے پتے سے ووٹر کے طور پر اندراج کیلئے دوبارہ درخواست دینی ہوگی۔ اداکار کے مطابق ان کی جانب سے معاملہ اٹھائے جانے اور ویڈیو کے بڑے پیمانے پر وائرل ہونے کے بعد الیکشن کمیشن کے اہلکاروں نے ان سے رابطہ کیا۔ 

یہ بھی پڑھئے: پارلیمنٹ کا بارانی اجلاس ُدھل گیا!

پرکاش راج کا دعویٰ ہے کہ اہلکاروں نے انہیں بتایا کہ معاملے میں غلطی ہوئی ہے اور اسے درست کردیا جائے گا۔ انہوں نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ بعد میں میڈیا کو یہ بتایا گیا کہ ان کا نام حذف نہیں ہوا بلکہ انہیں صرف shifted کے طور پر نشان زد کیا گیا ہے۔ پرکاش راج نے کمیشن کے اس مؤقف پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ اگر حکام نے خود پہلے غلطی تسلیم کی تھی تو بعد میں (پتہ منتقل ہونے کی) مختلف وضاحت کیوں دی گئی۔ دوسری جانب بنگلور کے متعلقہ انتخابی حکام نے واضح کیا ہے کہ پرکاش راج کا نام دانستہ طور پر ووٹر لسٹ سے حذف نہیں کیا گیا۔ حکام کے مطابق (ایس آئی آر) کے دوران ان کے پرانے درج شدہ پتے پر تصدیق کی گئی اور معلوم ہوا کہ وہ وہاں اب مقیم نہیں ہیں۔ اسی بنیاد پر ان کے نام کو shifted کے زمرے میں رکھا گیا۔ حکام کے مطابق پرکاش راج نے خود بھی موجودہ پتے پر رہائش اختیار کرنے کی بات تسلیم کی ہے اور نئے پتے پر بطور ووٹر اندراج کیلئے طریقہ کار موجود ہے۔ 

’’معاملہ شفافیت کا ہے ‘‘

پرکاش راج نے الیکشن حکام کی اس وضاحت کو قبول کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ معاملہ صرف ان کے ووٹر ریکارڈ کا نہیں بلکہ ایک عام شہری کے حق رائے دہی اور انتخابی نظام کی شفافیت کا ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر وہ ایک معروف شخصیت نہ ہوتے تو کیا الیکشن حکام ان سے اسی طرح رابطہ کرکے مسئلہ حل کرنے کی کوشش کرتے؟ اداکار نے کہا کہ وہ اس معاملے پر مزید ویڈیوز جاری کریں گے اور جلد  پریس کانفرنس بھی کریں گے۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK