Inquilab Logo Happiest Places to Work

یوپی : ۹؍ ویں سے ۱۲؍ویں جماعت تک کیلئے اسکول کھولے گئے

Updated: August 17, 2021, 11:20 AM IST | Agency | Lucknow

؍ ۲۳؍اگست سے چھٹی سے ۸؍ویں جماعت تک اور یکم ستمبر سے پہلی سے ۵؍ویں جماعت تک کے اسکولوں میں تعلیم کاآغاز ہوگا

Prayag Raj: A scene of teaching in a school. Picture:PTI
پریاگ راج : ایک اسکول میں درس وتدریس کا ایک منظر۔ تصویر: پی ٹی آئی

عالمی وباء کووڈ۱۹؍کی دوسری   اور خطرناک لہر  پر قابو پا نے کے بعد پیر سے سیکنڈری  اور ہائر سیکنڈری، تکنیکی اور پیشہ وارانہ تعلیمی اداروں میں۵۰؍ فیصد صلاحیت کے ساتھ تعلیم  شروع ہوگئی ہے جبکہ رکشا بندھن کے بعد ۲۳؍اگست سے چھٹی سے ۸؍ویں جماعت تک اور یکم ستمبر سے پہلی سے ۵؍ویں جماعت تک کے اسکولوں میں تعلیم کاآغاز ہوگا ۔اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ یو گی آدتیہ ناتھ نے بتایا کہ   ریاستی سطح کے ہیلتھ ماہرین کی مشاورتی کمیٹی کی سفارشات کے مطابق  پیر سے  سیکنڈری اور ہائر سیکنڈری، تکنیکی اور پیشہ وارانہ تعلیمی اداروں میں۵۰؍ فیصد  حاضری کے ساتھ درس و تدریس عمل کا آغاز ہو گیا ہے۔ تمام مقامات پر کلاسیز۲؍ شفٹوں میں چلیںگی۔  انہوں نے ہدایت دی کہ کووڈ پروٹوکول کا مکمل خیال رکھا جائے ۔ رکشا بندھن کے بعد۲۳؍اگست سے چھٹی سے آٹھویں تک اور یکم ستمبر سے پہلی سے پانچویں تک کے اسکولوں میں  درس و تدریس کاعمل بحال کرنے  کی تیار کی جائے ۔   اسی دوران وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے پیر کو کووڈ کے لئے تشکیل دی گئی ٹیم ۹؍کی میٹنگ میں کہا کہ مجموعی کوششوں سے کورونا کی دوسری لہر پر  کنٹرول کے ساتھ ساتھ معمولات زندگی تیزی سے معمول پر آرہے ہیں۔پیر کو  ریاست کے ۱۷؍اضلاع علی گڑھ، امیٹھی، بلیا، باندہ، بہرائچ،  بجنور، چترکوٹ، دیوریا، فرخ آباد، فیروز آباد، ہردوئی،ہاتھرس، کاس گنج، کوشامبی، مہوبہ ، سنت کبیر نگر اور شاملی میں کورونا کا کوئی مریض نہیں ملا  ہے۔ یہ اضلاع کورونا سے پاک ہوگئے ہیں۔ اوسطاً روزانہ ڈھائی لاکھ سے زیادہ ٹیسٹ ہورہے ہیں جبکہ پازیٹیویٹی کی شرح۰۱ءفیصد ہے جبکہ ریکوری شرح ۹۸ء۶؍ فیصد  ہے۔ یوگی نے کہا کہ ٹریسنگ، ٹیسٹنگ اور فوری ٹریٹمنٹ کے  اصول سے اچھے نتائج مل رہے ہیں۔ اب تک ۶؍ کروڑ ۹۲؍ لاکھ ۸۴؍ ہزار۷۱۷؍ کووڈ نمونوں کی جانچ  کی  جاچکی ہے۔ گزشتہ۲۴؍ گھنٹے کے دوران ٹیسٹنگ میں ۱۷؍ نئے مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے۔ اس دوران ۳۶؍مریض صحت یاب ہوکر ڈسچارج ہوئے۔ ۲۹۴؍افراد گھر پر زیرعلاج ہیں۔ ریاست میں اب تک۱۶؍ لاکھ ۸۵؍ ہزار ۷۶۱؍ افراد افراد کورونا سے صحت یاب ہوچکے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK