Updated: November 23, 2026, 6:01 PM IST
| New Delhi
مس یونیورس ۲۰۲۶ء کے مقابلے میں اسرائیل کی نمائندگی کرنے والی حسینہ ڈینیئل یابلونکا (Danielle Yablonka) کو اپنے قومی لباس کی نمائش کے دوران شدید مخالفت کا سامنا کرنا پڑا۔ پورٹو ریکو کے شہر سان خوان میں منعقدہ مقابلے کے دوران جب اسرائیلی حسینہ اسٹیج پر پہنچیں تو حاضرین کے ایک حصے نے ان کے خلاف آوازیں بلند کیں۔
ڈینیئل یابلونکا۔ تصویر:ایکس
مس یونیورس ۲۰۲۶ء کے مقابلے میں اسرائیل کی نمائندگی کرنے والی حسینہ ڈینیئل یابلونکا (Danielle Yablonka) کو اپنے قومی لباس کی نمائش کے دوران شدید مخالفت کا سامنا کرنا پڑا۔ پورٹو ریکو کے شہر سان خوان میں منعقدہ مقابلے کے دوران جب اسرائیلی حسینہ اسٹیج پر پہنچیں تو حاضرین کے ایک حصے نے ان کے خلاف آوازیں بلند کیں اور ہوٹنگ کی۔ ان کے لباس اور اس پر بنائی گئی تصاویر نے سوشل میڈیا پر بھی ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ جہاں اسرائیلی نمائندوں نے اس لباس کو ملک کی ثقافتی وراثت، زرعی ترقی اور امن کے پیغام کی عکاسی قرار دیا، وہیں ناقدین نے اس کے ذریعے فلسطینی ثقافت اور تاریخی ورثے کی نمائندگی پر سوالات اٹھائے۔ مزید یہ کہ لباس پر موجود بعض تصاویر کو مصنوعی ذہانت (اے آئی ) کے ذریعے تیار کیے جانے کے الزامات نے تنازع کو مزید بڑھا دیا ہے۔۲۵؍ سالہ ڈینیئل یابلونکا نے مس یونیورس کے قومی لباس کے مقابلے میں ایک سنہری اور نیلے رنگ کا دیدہ زیب لباس پہنا تھا۔ اس کے ساتھ انہوں نے ایک بڑا تاج اور خوبصورت کیپ (Cape) بھی پہن رکھی تھی، جس پر یروشلم کے قدیم شہر کی تصاویر، زیتون کے درخت اور جعفہ کے سنگترے دکھائے گئے تھے۔اس لباس کو یروشلم میں پیدا ہونے والے اور لاس اینجلس میں مقیم فیشن ڈیزائنر جیکب میر (Jacob Meir) نے تیار کیا تھا۔ اس کا مقصد اسرائیل کی ثقافتی تاریخ، زرعی کامیابیوں اور امن کی خواہش کو دنیا کے سامنے پیش کرنا بتایا گیا۔لباس کی کیپ پر عبرانی، عربی اور انگریزی تین زبانوں میں لفظ ’’امن‘‘ بھی تحریر تھا۔ مقابلے کے دوران میزبان نے لباس کا تعارف کراتے ہوئے اسے ایسی سرزمین کی علامت قرار دیا جہاں تاریخ زندہ ہے، مختلف ثقافتیں ملتی ہیں اور صحرا بھی سرسبز ہوسکتا ہے۔مقابلے کے دوران جب اسرائیل کی نمائندہ کا نام پکارا گیا تو ہال میں موجود حاضرین کے ایک حصے نے زور دار ہوٹنگ کی۔ تاہم کچھ لوگوں نے تالیاں بجا کر ان کا استقبال بھی کیا۔ڈینیئل یابلونکا نے اس ردعمل کے باوجود اپنے اعتماد کو برقرار رکھا اور مسکراتے ہوئے ریمپ پر اپنی واک جاری رکھی۔ انہوں نے اسٹیج پر کیپ کو پھیلا کر اس پر موجود یروشلم کے قدیم شہر اور امن کے پیغام کو نمایاں کیا۔اس واقعے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئیں، جس کے بعد مس یونیورس کے مقابلے میں اسرائیلی نمائندہ کے لباس اور اس کے پیچھے موجود پیغام پر بین الاقوامی سطح پر بحث شروع ہوگئی۔
یہ بھی پڑھئے:رشمیکا مندانا کی فلم ’’میسا‘‘ کی ریلیز ملتوی، فلم سازوں نے تاخیر کی وجہ بتائی
اس لباس پر ہونے والی تنقید کی ایک بڑی وجہ اس میں شامل یروشلم، زیتون کے درختوں اور جعفہ کے سنگتروں کی تصاویر ہیں۔ سوشل میڈیا صارفین کے ایک طبقے نے سوال اٹھایا کہ آیا اس لباس میں فلسطینی سرزمین سے جڑی ثقافتی اور تاریخی علامتوں کو اسرائیلی شناخت کے طور پر پیش کرنے کی کوشش کی گئی ہے؟بعض ناقدین نے جعفہ کے سنگتروں اور زیتون کے درختوں کو فلسطینی ثقافتی ورثے سے جوڑتے ہوئے اعتراض کیا کہ ان علامتوں کو پیش کرنے کے ساتھ فلسطینی تاریخ اور شناخت کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔اس کے علاوہ غزہ میں جاری جنگ اور مغربی کنارے میں تشدد کے پس منظر میں امن کا پیغام پیش کرنے پر بھی سوالات اٹھائے گئے۔ ناقدین کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں اس طرح کا پیغام حقیقت سے مطابقت نہیں رکھتا۔دوسری جانب اسرائیلی وفد نے لباس کے ذریعے اپنے ملک کی تاریخ، زرعی ترقی اور ثقافتی ورثے کو اجاگر کرنے کی کوشش کی تھی۔
یہ بھی پڑھئے:ہندوستان ۱۰؍ وکٹ حاصل نہ کر سکا، پہلا ٹیسٹ ڈرا
اس تنازع میں ایک نیا پہلو اس وقت سامنے آیا جب سوشل میڈیا صارفین نے دعویٰ کیا کہ ڈینیئل یابلونکا کی کیپ پر موجود بعض تصاویر مصنوعی ذہانت کے ذریعے تیار کی گئی ہیں۔کئی صارفین نے لباس کے ڈیزائن اور اس پر موجود تصویری عناصر پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ مس یونیورس جیسے عالمی مقابلے میں روایتی فن اور دستکاری کے بجائے اے آئی سے تیار کردہ تصاویر استعمال کیے جانے کا شبہ ہے۔ایک صارف نے طنزیہ انداز میں تبصرہ کیا کہ مس یونیورس کے مقابلے میں اے آئی سے تیار کردہ لباس ایسا لگتا ہے جیسے کسی نے سائنس کا پروجیکٹ آخری رات میں مکمل کیا ہو۔تاہم اب تک اس بات کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہوسکی ہے کہ کیپ پر موجود تصاویر واقعی مصنوعی ذہانت کے ذریعے تیار کی گئی تھیں یا نہیں۔ نہ ہی اس معاملے پر مس یونیورس انتظامیہ یا اسرائیلی وفد کی جانب سے کوئی واضح سرکاری وضاحت سامنے آئی ہے۔
اسرائیلی وفد نے اپنے سرکاری انسٹاگرام اکاؤنٹ پر لباس کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اس کا تصور ایسی سرزمین سے متاثر ہے جہاں لوگوں نے مشکل حالات کے باوجود ترقی کے راستے تلاش کیے اور بنجر زمینوں کو زرعی علاقوں میں تبدیل کیا۔وفد کے مطابق لباس کا بنیادی مقصد اسرائیل کی تاریخ، ثقافتی ورثے، زرعی کامیابیوں اور جدید ٹیکنالوجی کو اجاگر کرنا تھا۔ اس کے ذریعے یہ پیغام بھی دیا گیا کہ مختلف ثقافتوں کے درمیان امن اور امید کی فضا قائم ہونی چاہیے۔تاہم اس وضاحت کے باوجود سوشل میڈیا پر تنقید کا سلسلہ جاری رہا اور لباس کا معاملہ محض فیشن یا خوبصورتی کے مقابلے تک محدود نہیں رہا بلکہ سیاسی اور تاریخی بحث میں تبدیل ہوگیا۔