Updated: November 23, 2026, 8:02 PM IST
| New Delhi
ہندوستان کے پہلے بلٹ ٹرین پروجیکٹ نے ایک اہم سنگ میل کی جانب پیش رفت کی ہے۔ مرکزی وزیر ریلوے اشونی ویشنو نے اعلان کیا ہے کہ ملک کی پہلی ہائی اسپیڈ بلٹ ٹرین کا ٹرائل مئی ۲۰۲۷ء میں گجرات کے سورت-بلیمورا سیکشن پر شروع ہونے کی توقع ہے۔ ممبئی-احمدآباد ہائی اسپیڈ ریل کوریڈور کے تقریباً ۵۰؍ کلومیٹر طویل اس حصے کو ملک میں پہلی بار بلٹ ٹرین کی آزمائش کے لیے استعمال کیا جائے گا۔
اشوینی ویشنو۔ تصویر:آئی این این
ہندوستان کے پہلے بلٹ ٹرین پروجیکٹ نے ایک اہم سنگ میل کی جانب پیش رفت کی ہے۔ مرکزی وزیر ریلوے اشونی ویشنو نے اعلان کیا ہے کہ ملک کی پہلی ہائی اسپیڈ بلٹ ٹرین کا ٹرائل مئی ۲۰۲۷ء میں گجرات کے سورت-بلیمورا سیکشن پر شروع ہونے کی توقع ہے۔ ممبئی-احمدآباد ہائی اسپیڈ ریل کوریڈور کے تقریباً ۵۰؍ کلومیٹر طویل اس حصے کو ملک میں پہلی بار بلٹ ٹرین کی آزمائش کے لیے استعمال کیا جائے گا۔ وزیر ریلوے کے مطابق، اس سیکشن پر بجلی کاری کا کام مکمل ہوچکا ہے، جبکہ سگنلنگ کا کام جنوری ۲۰۲۷ء تک مکمل کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے۔ اس پیش رفت کے ساتھ ہندوستان میں جدید اور تیز رفتار ریل سفر کے ایک نئے دور کی شروعات کی امید بڑھ گئی ہے۔
ابتدائی آزمائش کے دوران ہندوستان میں تیار کی جارہی بی-۲۸ (B-28) بلٹ ٹرین استعمال کی جائے گی، جسے زیادہ سے زیادہ ۲۸۰؍ کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلانے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ اس ٹرین کی تیاری انٹیگرل کوچ فیکٹری (آئی سی ایف) اور بھارت ارتھ موورز لمیٹڈ (بی ای ایم ایل ) کے اشتراک سے کی جارہی ہے۔ وزیر ریلوے کے مطابق، ٹرین کے پہلے باڈی فریم کی تیاری مکمل ہوچکی ہے اور اس پر ساختی جانچ سمیت مختلف تکنیکی آزمائشیں کی جارہی ہیں۔ اشونی ویشنو نے بتایا کہ تیز رفتار ٹرینوں کے لیے صرف طاقتور انجن کافی نہیں ہوتا، بلکہ ٹرین کے ڈیزائن، پٹریوں، بجلی کے نظام، سگنلنگ اور حفاظتی انتظامات کو بھی انتہائی اعلیٰ معیار کے مطابق تیار کرنا پڑتا ہے۔ اسی لیے ٹرائل کے دوران ٹرین کی رفتار، استحکام، دباؤ برداشت کرنے کی صلاحیت اور دیگر تکنیکی پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھئے:مس یونیورس میں اسرائیلی حسینہ کے لباس پر ہنگامہ، نعرے بازی اور شدید مخالفت
سورت-بلیمورا سیکشن پر بجلی کی فراہمی کے لیے اوورہیڈ الیکٹرک ایکوپمنٹ (او ایچ ای) نظام کو ۲۰؍ نومبر ۲۰۲۶ء کو فعال کردیا گیا ہے۔ یہ نظام اپ اور ڈاؤن دونوں لائنوں پر نصب کیا گیا ہے۔ اس کوریڈور میں جدید ۲×۲۵ کے وی اوورہیڈ ٹریکشن سسٹم استعمال کیا جارہا ہے، جس کے تحت پورے ۵۰۸؍ کلومیٹر طویل راستے پر ۱۴؍ ٹریکشن سب اسٹیشن قائم کیے جارہے ہیں۔ بلیمورا میں واقع پہلے ٹریکشن سب اسٹیشن کی تنصیب کا کام بھی مکمل ہوچکا ہے۔وزارت ریلوے کے مطابق، سورت اور بلیمورا کے درمیان تقریباً ۵۰؍ کلومیٹر طویل بلند راستے پر چار دریاؤں کے اوپر پل اور قومی شاہراہ ۵۳ ؍پر ایک اسٹیل پل بھی تعمیر کیا گیا ہے۔ اس حصے میں شور کم کرنے کے لیے تقریباً ۹۴؍ ہزار ساؤنڈ بیریئرز نصب کیے گئے ہیں۔ بجلی کا نظام فعال ہونے کے بعد ریلوے حکام نے مقامی باشندوں، مسافروں اور تعمیراتی کارکنوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ اوورہیڈ بجلی کی تاروں اور تنصیبات سے دور رہیں، کیونکہ ان میں ہائی وولٹیج بجلی موجود ہے۔وزیر ریلوے نے بتایا کہ بی-۲۸؍بلٹ ٹرین نے ’سکوئیز ٹیسٹ‘ بھی کامیابی سے مکمل کیا ہے۔ اس ٹیسٹ میں ٹرین کو معمول کے آپریشن کے دوران متوقع فضائی دباؤ سے دوگنے دباؤ کے حالات میں جانچا گیا، تاکہ یہ یقینی بنایا جاسکے کہ تیز رفتار سفر کے دوران ٹرین کا ڈھانچہ دباؤ کی شدت برداشت کرسکتا ہے۔ہائی اسپیڈ ٹرینوں میں ۲۴۰؍ کلومیٹر فی گھنٹہ سے زیادہ رفتار پر سفر کے دوران ہوا کا دباؤ ایک اہم تکنیکی چیلنج بن جاتا ہے۔ اسی لیے ٹرین اور اس سے متعلق بنیادی ڈھانچے کو اس انداز میں تیار کیا جارہا ہے کہ مسافروں کی حفاظت اور سفر کے استحکام کو یقینی بنایا جاسکے۔
یہ بھی پڑھئے:ڈبلیو ٹی سی منظرنامہ: ویلنگٹن میں ڈرا کے بعد ہندوستان کی امیدوں کو دھچکا
ہندوستان کا پہلا بلٹ ٹرین پروجیکٹ ممبئی اور احمدآباد کے درمیان تعمیر کیا جارہا ہے۔ اس ہائی اسپیڈ ریل کوریڈور کی مجموعی لمبائی تقریباً ۵۰۸؍ کلومیٹر ہے، جو مہاراشٹر، گجرات اور مرکز کے زیر انتظام علاقے دادر و نگر حویلی سے گزرے گا۔ اس راستے پر ممبئی، تھانے، ویرار، بوئیسر، واپی، بلیمورا، سورت، بھروچ، وڈودرا، آنند، احمدآباد اور سابرمتی سمیت اہم اسٹیشن قائم کیے جارہے ہیں۔اس پروجیکٹ کا مقصد ملک کے دو بڑے کاروباری اور صنعتی مراکز ممبئی اور احمدآباد کے درمیان سفر کو تیز، آسان اور جدید بنانا ہے۔ اس کوریڈور کے مکمل ہونے کے بعد دونوں شہروں کے درمیان سفر کا وقت تقریباً دو گھنٹے رہ جانے کی توقع ہے، تاہم اصل دورانیہ ٹرین کی سروس اور اسٹاپس کے مطابق مختلف ہوسکتا ہے۔بلٹ ٹرین پروجیکٹ کا ایک اہم حصہ مہاراشٹر میں تعمیر کی جانے والی تقریباً ۲۱؍ کلومیٹر طویل زیرِ زمین سرنگ ہے، جس میں سے تقریباً ۷؍ کلومیٹر حصہ تھانے کریک کے نیچے سمندر کے اندر سے گزرے گا۔ یہ ہندوستان کی پہلی زیرِ سمندر ریل سرنگ ہوگی۔ اس کے علاوہ ممبئی، تھانے اور دیگر علاقوں میں پلوں، اسٹیشنوں اور ٹرینوں کی دیکھ بھال کے مراکز کی تعمیر بھی جاری ہے۔اشونی ویشنو کے مطابق، مہاراشٹر کے حصے میں تعمیراتی سرگرمیوں نے رفتار پکڑ لی ہے اور زیرِ سمندر سرنگ کی کھدائی کا کام بھی جاری ہے۔ حکومت اس پروجیکٹ کو مختلف مرحلوں میں مکمل کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔