Inquilab Logo

وارانسی ریلوے اسٹیشن سے اُردو سائن بورڈ غائب، اُردو داں حلقے کو تشویش

Updated: January 03, 2021, 1:39 PM IST | Inquilab News Network | Varanasi

اسٹیشن کی مرکزی دیوار کی مرمت کیلئے ہندی اور انگریزی کے ساتھ اردو کا بھی سائن بورڈ اتارا کیا گیا تھا ، ۲؍ زبانوں کے سائن بورڈ لگ گئے ہیں جبکہ اردو کا ابھی تک نہیں لگایاگیا

Varanasi Railway Station - Pic : Inquilab
وارانسی ریلوے اسٹیشن کی نئی عمارت کا اردو سائن بورڈ غائب ہے۔

اتر پردیش کے وارانسی ریلوے اسٹیشن  سے اردو نام اب تک غائب ہے جس  پر اردو طبقہ نے تشویش کا اظہار کیا اور اسے بحال کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ 
  ریلوے محکمہ کے ذریعہ ریاست کے تمام اسٹیشنوں پر ہندی اور انگریزی کے ساتھ اردو زبان میں بھی اسٹیشن کے نام کا سائن بورڈ لگانے کی روایت رہی ہے مگر گزشتہ دنوں وارانسی جنکشن ریلوے اسٹیشن کی مرکزی دیوار کی مرمت کے وقت تینوں سائن بورڈاتارے گئے اور مرمت کے بعد ہندی اور انگریزی کے سائن بورڈ اپنی مقررہ جگہ پر لگا دیئے گئے مگر اردو کا سائن بورڈ اب تک نہیں لگایا گیا ہے۔اس سلسلے میں  گزشتہ دنوںسماجی تنظیم سلطان کلب کے صدر ڈاکٹر احتشام الحق کی قیادت میں شہر کی متعدد تنظیموں کے ذمہ داروں کاایک نمائندہ وفد نے وارانسی ریلوے اسٹیشن کے ڈائریکٹر آنند موہن سے ملا قات کی اور اسٹیشن کی مرکزی عمارت پرجس طرح سے ہندی ، انگریزی میں سائن بورڈ لگاہے اسی طرح سے حسب سابق اردو سائن بورڈ کو دوبارہ لگانے کامیمورنڈم دے کرمطالبہ کیا۔ اسٹیشن ڈائریکٹر نے مشترکہ وفد کی باتوں کو سنجیدگی سے سنا تھا اور اور جلد ہی اس سلسلے میں ضروری اقدام کا بھروسہ بھی دلایا تھا۔  اس میمورنڈم میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ سال ۲۴؍دسمبر ۲۰۱۹ءکواسٹیشن کی مرکزی عمارت پر ہندی اور انگریزی کی ہی طرح اردو سائن بورڈبھی آویزاں کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا اور مقامی ریلوے اتھاریٹی کی جانب سے جلد ہی اردو سائن بورڈ لگانے کا وعدہ بھی کیا گیا تھا مگر ایک سال کا عرصہ گزر جانے کے باوجود وعدہ پورا نہیں کیا گیاجس سے شہرکے اردو حلقوں میں بے چینی پائی جارہی ہے۔   میمورنڈم میں  زور دے کر کہا گیا ہے  کہ جلد از جلداردو سائن بورڈ کو اپنی مقررہ جگہ پر آویزاں کیا جائے تاکہ عام مسافروں کو سہولت بھی ہواور بنارس کی گنگا جمنی تہذیب کی دیرینہ روایت کو باقی رکھا جائے  ۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK