Inquilab Logo Happiest Places to Work

عہدہ حاصل کرنے کیلئےنہ کانگریس میں شمولیت اختیارکی تھی اورنہ شیوسینا میں شامل ہوئی ہوں

Updated: December 02, 2020, 10:07 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

اداکارہ ارمیلاماتونڈکر نے پریس کانفرنس میں کہا: میں نے سیاست کو خیرباد نہیں کہا تھا

Urmila Matondkar - Pic : Sayed Sameer Abidi
ارمیلاماتونڈکر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے۔ (تصویر: سیّدسمیرعابدی

شیو سینامیں شمولیت کے بعد پریس کانفرنس میں اداکارہ ارمیلا ماتونڈکر نے کہا کہ کانگریس سے استعفیٰ دینے کے بعد مَیں نے سیاست کو خیر باد نہیں کہا تھا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’’ میں نے عہدہ  حاصل کرنے کیلئے نہ کانگریس میں شمولیت اختیار کی تھی اور نہ شیو  سینا میں شامل ہوئی ہوں ۔ مجھے عوام اور خصوصا ً خواتین کیلئے کام کرنا ہے ، اسی لئے مَیں نے شیو سینک کے طور پر پارٹی جوائن کی ہے اور ایک شیو سینک کے طور پر کام کروں گی۔ شیو سینا مہیلا اگھاڑی کافی سرگرم ہے اور مجھے خوشی ہے کہ مَیں اس  کا حصہ بنی ہوئی۔ممبئی میں خواتین محفوظ ہے اس کیلئے مجھے ممبئی پر فخر ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہاکہ’’وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے مجھے فون کر کے کہا تھاکہ مہاراشٹر ودھان پریشد کے سماجی اور تہذیبی رتبے میں اضافہ ہو، اس کیلئے آپ ( ارمیلا) جیسے لوگوں کی ضرورت ہے۔‘‘
 ارمیلا  کے مطابق’’کورونا کی وبا کے دوران  مہاراشٹر حکومت نے بلا تفریق مذہب سبھی شہریوں کو بہترین خدمات مہیا کرائی ہے ۔ یہ بہت ضروری ہے کہ ہر شہری کے ساتھ مساوی برتاؤ کیا جانا چاہئے۔‘‘ انہوںنے یہ بھی کہا کہ ’’ میں جنم اور کرم سے ہندو ہوں اور یوگا کی سرٹیفائڈ ٹیچر ہوں۔   مجھے نہیں لگتا ہے کہ کسی کو مجھے یہ سکھانے کی ضرورت ہے کہ مَیں ہندتوا پر کتنا یقین رکھتی ہوں۔  یہ یقین کا معاملہ ہے اور مَیں نہیں سمجھتی کہ اس بارے میں بات کرنے کی ضرورت ہے۔‘‘
 کنگنا کے تعلق سے پوچھنے پر ارمیلانے کہا کہ ’’ اس بارے میں مَیں نے پہلے بھی کچھ نہیں کہا تھا اور اب بھی کچھ نہیں بولوں گی۔‘‘یوگی آدتیہ ناتھ کی ممبئی آمد پر ارمیلا نے کہاکہ ’’ مہاراشٹر کی روایات  رہی ہےکہ وہ مہمانوں کا استقبال کرتی ہے اسی لئے مَیں بھی ان کااستقبال کرتی ہوں۔‘‘
 ارمیلا  کے بقول’’ بی جے پی کی جانب سے مجھ  پر ہونے والی تنقید کا مَیں خیر مقدم کرتی ہوں ۔ مجھے ٹرول کیاجارہا ہے لیکن مَیں مراٹھی ہوں اور پیچھے ہٹنے والی نہیں۔‘‘
  واضح رہے کہ ارمیلاماتونڈکر نے ۲۰۱۹ء میں ممبئی نارتھ سے لوک سبھا کا چناؤ کانگریس کی ٹکٹ پر لڑا تھا لیکن انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ پارٹی اکائی کی مایوس کن کارکردگی کے سبب انہوں نے گزشتہ برس ستمبر میں کانگریس سے علاحدگی اختیار کر لی تھی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK