Inquilab Logo Happiest Places to Work

اسرائیل اور لبنان ۴۵؍ روزہ جنگ بندی میں توسیع پرمتفق: امریکہ

Updated: May 16, 2026, 9:02 PM IST | Washington

امریکہ کے مطابق اسرائیل اور لبنان ۴۵؍ روزہ جنگ بندی میں توسیع پرمتفق ہوگئے ہیں، یہ توسیع واشنگٹن میں دو روزہ مذاکرات کے بعد عمل میں آئی ہے جس کا مقصد جنگ بندی کو برقرار رکھنا اور مذاکرات کو آگے بڑھانا تھا۔

Photo: X
تصویر: ایکس

امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ اسرائیل اور لبنان نے۴۵؍ روزہ جنگ بندی میں توسیع پر اتفاق کرلیا ہے جس کا اعلان امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے۱۶؍ اپریل کو کیا تھا۔محکمہ خارجہ کے ترجمان ٹومی پگوٹ نے جمعہ کو کہا کہ’’ ۱۶؍ اپریل کو ہونے والی جنگ بندی کو مزید۴۵؍ دنوں کیلئے بڑھا دیا گیا ہے تاکہ جاری مذاکرات میں مزید پیشرفت ممکن ہو سکے۔‘‘بعد ازاں محکمہ خارجہ نے جمعرات اور جمعہ کو واشنگٹن میں ہونے والے اسرائیل-لبنان مذاکرات کو ’’انتہائی نتیجہ خیز‘‘ قرار دیا۔

یہ بھی پڑھئے: لبنان: جنگ بندی کے باوجود گزشتہ ۷؍دن میں کم از کم۵۹؍بچے ہلاک

واضح رہے کہ امریکہ-ایران تنازع کے دوران  لڑی جانے والی اسرائیل کی لبنان میں جنگ۱۶؍ اپریل کو صدر ٹرمپ کے جنگ بندی کے اعلان کے بعد بھی جاری ہے، تاہم اس کے بعد سے لڑائی بڑے پیمانے پر جنوبی لبنان تک محدود رہی ہے۔پگوٹ نے کہا کہ محکمہ خارجہ سیاسی مذاکرات کا سلسلہ ۲؍ تا ۳؍ جون کو دوبارہ شروع کرے گا۔جبکہ انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ۲۹؍ مئی کو پینٹاگون میں دونوں ممالک کی فوجی نمائندوں پر مشتمل ایک علیحدہ ’’سیکیورٹی ٹریک‘‘ کا آغاز کیا جائے گا۔ساتھ ہی پگوٹ نے کہا، ہمیں امید ہے کہ یہ مذاکرات دونوں ممالک کے درمیان دیرپا امن، ایک دوسرے کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی مکمل شناخت، اور ان کی مشترکہ سرحد پر حقیقی سلامتی کے قیام کو فروغ دیں گے۔‘‘یہ اعلان محکمہ خارجہ میں امریکہ کی ثالثی میں ہونے والے مذاکرات کے تیسرے دور کے بعد کیا گیا۔

یہ بھی پڑھئے: غزہ اور مغربی کنارے میں اسرائیلی جارحیت نکبہ کا تسلسل ہے: فلسطینی اہلکار

دریں اثناءمحکمہ خارجہ کے ترجمان نے انادولو ایجنسی کو بتایا کہ’’ یہ مذاکرات انتہائی مثبت تھے، حتیٰ کہ توقعات سے بھی بڑھ کر۔‘‘محکمہ خارجہ کے ایک اہلکار کے مطابق، مذاکرات میں امریکہ کی نمائندگی محکمہ خارجہ کے مشیر مائیکل نیدھم ، امریکی سفیر برائے اسرائیل مائیک ہکابی، اور امریکی سفیر برائے لبنان مشیل عیسیٰ نے کی۔اہلکار نے بتایا کہ لبنان کی نمائندگی سفیر ندا حماد معوض اور لبنانی صدارتی ایلچی سائمن کرم نے کی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK