Inquilab Logo

یوکرین میں امریکی سفارتی سرگرمیاں بحال

Updated: May 20, 2022, 8:14 AM IST | Washington

فی الحال یوکرین کے دارالحکومت کیف میں واشنگٹن کا محدو د سفارتی عملہ ہی موجودہے جبکہ قونصلر سرگرمیاں ابھی تک ٹھپ ہیں ۔ امریکی وزیر خارجہ کے مطابق یوکرین لوٹنے والے سفارت کاروں کے تحفظ کیلئےخصوصی اقدامات کئے گئے ہیں

The US Secretary of State tweeted this picture after the resumption of diplomatic activities in Kyiv.
کیف میں سفارتی سرگرمیاں بحال ہونے کےبعد امریکی وزیر خارجہ نے یہ تصویر ٹویٹ کی۔

 جمعرات سے   یوکرین میں امریکہ کی سفارتی سرگرمیاں بحال ہوگئی ہیں ، حالانکہ ابھی محدو د عملہ ہی کیف آیا ہےاور قونصلر سرگرمیاں بحال نہیں کی گئی ہیں۔ 
 امریکہ نے یوکرین کے دارالحکومت کیف میں تین ماہ کے بعد بدھ  سےاپنا سفارت خانہ دوبارہ کھول دیا ۔امریکہ نے روس کے  ذریعہ۲۴؍ فروری کو یوکرین پر حملے سے ہفتہ عشرہ قبل اپنا سفارت خانہ بند کردیا تھا۔
   امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلنکن نے سفارت خانہ دوبارہ کھولنے کا اعلان کرتے ہوئے   ٹویٹ کیا ِ، ’’آج ہم باضابطہ طور پر کیف میں سفارتی سرگرمیاں دوبارہ شروع کررہے ہیں۔‘‘
 انہوں نے ایک بیان میں یہ بھی کہا ، ’’یوکرینی عوام نے ہماری  سیکوریٹی امداد کے ذریعہ روس کے بلاجواز حملے کے جواب میں اپنے وطن کا دفاع کیا ہے اور اس کے نتیجے میں ستارے اور پٹیاں (امریکی پرچم)ایک بار پھر سفارتخانے کے اوپر لہرا رہی ہیں۔‘‘ 
 انہوں نے بتایا کہ امریکہ نے یوکرین کے دارالحکومت میں  لوٹنے والے سفارت کاروں کے تحفظ کیلئے ’اضافی اقدامات‘ کئے ہیں۔بلنکن  نےاس بات کا اعتراف کیا کہ جنگ ابھی ختم نہیں ہوئی۔ ان کے مطابق امریکہ یوکرین کے عوام اورحکومت کے ساتھ کھڑا ہے اور  اپنےعزم کا اعادہ کررہا ہے۔ہم ان کے ساتھ  پوری طاقت کے ساتھ کھڑے ہیں اوران کی حمایت جاری رکھے ہوئے ہیں کیونکہ وہ کریملن کی وحشیانہ جارحانہ جنگ کے مقابلے میں اپنے ملک کا دفاع کررہے ہیں۔
 کیف میں  بدھ سے سفارت خانے پرامریکی پرچم لہرادیا گیا ہے۔اس سے کچھ دیر قبل سفارت خانے کے ترجمان ڈینیل لینگن کیمپ نے صحافیوں بتایا کہ ہم باضابطہ طور پرمشن کی سرگرمیاں دوبارہ شروع کررہے ہیں۔انہوں نے کہا تھا کہ سفارتی عملہ کی تھوڑی تعداد ابتدائی طور پرفرائض منصبی انجام دینے کیلئے آئے گی۔لینگن کیمپ نے واضح کیا کہ سفارت خانے میں قونصلر سرگرمیاں فوری طور پر دوبارہ شروع نہیں ہوں گی اورمحکمہ خارجہ کی جانب سے یوکرین  کے  سفر سے متعلق کوئی  ہدایت بھی جاری نہیں کی گئی ہے۔
 واضح رہے کہ کیف میں امریکی سفارت خانہ روس کے  حملے سے ۱۰؍ روز قبل۱۴؍ فروری کو بند کر دیا گیا تھا۔ امریکہ کے سفارتی عملہ نے جنگ چھڑنے کے بعد پہلے دو ماہ پولینڈ میں گزارے لیکن سفارت خانہ کی سربراہ کرسٹینا کوین۲؍ مئی کو مغربی شہر لفیف سے ہوتے ہوئے یوکرین  لوٹ آئی تھیں۔
 گزشتہ ایک ماہ کے دوران میں فرانس، جرمنی اور برطانیہ اور   مغربی ممالک نے کیف میں اپنے سفارت خانے دوبارہ کھول دیئے ہیں کیونکہ روسی فوج یوکرین کے شمال سے  نکل کر ملک کے مشرقی حصے پر توجہ مرکوز کررہی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK